Blog
Books
Search Hadith

مختلف اوقات کی دعاؤں کا بیان

41 Hadiths Found
عمرو بن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں ، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کیا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص کسی عورت سے شادی کرے یا کوئی غلام خریدے تو وہ یوں دعا کرے :’’ اے اللہ ! میں تجھ سے اس کی خیرو بھلائی اور اس چیز کی خیرو بھلائی کا جس پر تو نے اسے پیدا کیا ، سوال کرتا ہوں ، اور میں اس کے شر سے اور اس چیز کے شر سے جس پر تو نے اسے پیدا کیا تیری پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘ اور جب اونٹ خریدے تو اس کی کوہان کی چوٹی پکڑ کر یہی دعا کرے ۔‘‘ اور ایک دوسری روایت میں عورت اور خادم کے بارے میں ہے :’’ پھر اس کی پیشانی کے بال پکڑ کر برکت کی دعا کرے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2446
ابوبکرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مغموم شخص کی دعا ہے :’’ اے اللہ ! میں تیری رحمت کا امیدوار ہوں ، مجھے لمحہ بھر کے لیے بھی میرے نفس کے سپرد نہ کرنا ، میرے تمام حالات درست کر دے ، تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2447
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، کسی شخص نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! غموں اور قرضوں نے مجھے گھیر رکھا ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں ایسا کلام نہ بتاؤں کہ جب تم وہ کلام پڑھو تو اللہ تمہارے غم دور کر دے اور تیری طرف سے تیرا قرض ادا کر دے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : جی ہاں ، کیوں نہیں ! ضرور بتائیں ، آپ ﷺ نے فرمایا : صبح و شام یہ دعا پڑھا کرو :’’ اے اللہ ! میں فکر و غم سے تیری پناہ چاہتا ہوں ، میں عجز و کاہلی سے تیری پناہ چاہتا ہوں ، میں بخل و بزدلی سے تیری پناہ چاہتا ہوں ، میں قرض کے زیادہ ہونے اور لوگوں کے غلبہ سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘ وہ شخص بیان کرتا ہے : میں نے یہ وظیفہ کیا تو اللہ نے میرا غم دور کر دیا اور میرا قرض ادا کر دیا ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2448
علی ؓ سے روایت ہے کہ ایک مکاتب ان کے پاس آیا تو اس نے کہا : میں اپنی آزادی کے لئے طے شدہ رقم ادا کرنے سے عاجز ہوں لہذا آپ ؓ میری مدد فرمائیں ، انہوں نے فرمایا : کیا میں تجھے چند کلمات نہ سکھاؤں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے سکھائے تھے ، اگر تجھ پر کسی بڑے پہاڑ کے برابر قرض ہو گا تو اللہ اسے تجھ سے ادا کر دے گا ، کہو :’’ اے اللہ ! تو اپنی حلال کردہ چیز کے ذریعے اپنی حرام کردہ چیز سے مجھے کافی ہو جا اور اپنے فضل کے ذریعے اپنے علاوہ مجھے سب سے بے نیاز کر دے ۔‘‘ ہم جابر ؓ سے مروی حدیث ((اِذَا سَمِعْتُمْ نُبَاحَ الْکِلَابِ)) باب تغطیۃ الاوانی میں ان شاء اللہ ذکر کریں گے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و البیھقی ۔

Haidth Number: 2449
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب کسی مجلس میں بیٹھتے یا نماز پڑھتے تو آپ چند کلمات پڑھتے ، میں نے ان کلمات کے بارے میں آپ سے پوچھا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر تو اچھی باتیں کی گئیں تو یہ کلمات روز قیامت تک ان پر بطور مہر ہوں گے ، اور اگر کوئی بُری باتیں کی گئیں تو یہ کلمات ان کے لئے کفارہ ہوں گے :’’ اے اللہ ! تو اپنی حمد کے ساتھ پاک ہے ، تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، میں تجھ سے مغفرت طلب کرتا ہوں اور تیرے حضور توبہ کرتا ہوں ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 2450
قتادہ ؒ بیان کرتے ہیں ، انہیں یہ خبر پہنچی ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ چاند دیکھتے تو تین بار فرماتے :’’ خیرو بھلائی کے چاند ! میں اس ذات پر ایمان لایا جس نے مجھے پیدا فرمایا ۔‘‘ پھر فرماتے :’’ ہر قسم کی تعریف اس ذات کے لئے ہے جو فلاں مہینے کو لے گیا اور فلاں مہینہ لے آیا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2451
ابن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص بہت زیادہ غم کا شکار ہو تو وہ یہ دعا کرے :’’ اے اللہ ! میں تیرا بندہ ہوں ، تیرے بندے اور تیری لونڈی کا بیٹا ہوں ، میں تیرے قبضہ و قدرت کے تحت ہوں ، میری پیشانی تیرے ہاتھ میں ہے ، تیرا حکم میرے بارے میں نافذ ہونے والا ہے ، تیرا میرے متعلق فیصلہ عدل پر مبنی ہے ، میں تیرے ہر اس نام سے ، جو تو نے اپنے لئے رکھا ، یا تو نے اسے اپنی کتاب میں نازل کیا ، یا تو نے اپنی مخلوق میں سے کسی کو سکھایا ، یا تو نے اپنے بندوں کو الہام کیا ، یا تو نے اپنے پاس غیب کے خزانے میں اسے مخصوص کر لیا ، تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ تو قرآن کو میرے دل کی بہار ، میرے فکر و غم کا علاج بنا دے ۔‘‘ جو شخص یہ کلمات پڑھتا ہے تو اللہ اس کے غم دور کر دیتا ہے اور حزن و غم کو فرحت و مسرت میں تبدیل کر دیتا ہے ۔ لم اجدہ ، رواہ رزین ۔

Haidth Number: 2452
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، جب ہم اوپر چڑھتے تو اللہ اکبر کہتے اور جب نیچے اترتے تو سبحان اللہ کہتے تھے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2453
انس ؓ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ کو کوئی تکلیف پہنچتی تو آپ یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ اے زندہ قائم رہنے والے ! میں تیری رحمت کے ذریعے مدد طلب کرتا ہوں ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، اور محفوظ نہیں ۔ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 2454
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، غزوہ خندق کے موقع پر ہم نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! کیا کوئی کلمہ ہے جو ہم پڑھیں اب تو کلیجے منہ کو آ رہے ہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہاں : اے اللہ ! ہماری پردے کی چیزوں پر پردہ ڈال دے اور ہمارے خوف کو امن عطا فرما ۔‘‘ اللہ نے آندھی کے ذریعے آپ کے دشمن کا رخ بدل دیا ، اللہ نے آندھی کے ذریعے شکست دی ۔‘‘ حسن ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 2455
بُریدہ ؓ بیان کرتے ہیں ، جب نبی ﷺ بازار تشریف لے جاتے تو یہ دعا پڑھا کرتے تھے :’’ اللہ کے نام کے ساتھ ، اے اللہ ! میں ، اس بازار اور جو اس میں ہے اس کی خیرو بھلائی کا تجھ سے سوال کرتا ہوں اور اس کے اور اس میں موجود شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں ، اے اللہ ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میں اس میں کوئی گھاٹے کا سودا کروں ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی ۔

Haidth Number: 2456