Blog
Books
Search Hadith

کنکریاں مارنے کا بیان

بَاب رمي الْجمار

9 Hadiths Found
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے قربانی کے دن نبی ﷺ کو ، اپنی سواری پر بیٹھے ہوئے کنکریاں مارتے دیکھا ، آپ ﷺ فرما رہے تھے :’’ تم اپنے حج کے طریقے سیکھ لو ، کیونکہ میں نہیں جانتا کہ شاید میں اپنے اس حج کے بعد حج نہ کر سکوں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2618
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو چٹکی میں لے کر چلائی جانے والی کنکری کے برابر کنکریاں مارتے ہوئے دیکھا ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2619
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے قربانی کے دن چاشت کے وقت کنکریاں ماریں ، جبکہ اس کے بعد سورج ڈھل جانے کے بعد ماریں ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2620
عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ وہ جمرہ کبری (بڑے شیطان) کے پاس پہنچے ، بیت اللہ کو اپنی دائیں جانب اور منیٰ کو اپنی بائیں جانب رکھا اور سات کنکریاں ماریں ، وہ ہر کنکری کے ساتھ اللہ اکبر کہتے تھے ، پھر انہوں نے فرمایا : جس ذاتِ اقدس پر سورۂ بقرہ نازل ہوئی تھی ، انہوں نے بھی اسی طرح کنکریاں ماریں تھیں ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2621
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ استنجا کے لیے ڈھیلے استعمال کرنے کی تعداد طاق ہے ، کنکریاں مارنا طاق ہے ، صفا مروہ کے درمیان سعی طاق ہے اور طواف طاق ہے ، جب تم میں سے کوئی استنجا کے لیے ڈھیلے استعمال کرے تو وہ طاق عدد میں ڈھیلے استعمال کرے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2622
قدامہ بن عبداللہ بن عمار ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے نبی ﷺ کو قربانی کے دن اپنی سرخی مائل سفید اونٹنی پر بیٹھ کر کنکریاں مارتے ہوئے دیکھا ، وہاں کسی کو روکا جا رہا تھا نہ ہٹایا جا رہا تھا اور نہ ہی یہ کہا جا رہا تھا کہ ہٹ جاو ٔ ! ہٹ جاؤ ! حسن ، رواہ الشافعی و الترمذی و النسائی و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 2623
عائشہ ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتی ہیں آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کنکریاں مارنا اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کرنا اللہ کا ذکر قائم کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے ۔‘‘ ترمذی ، دارمی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و الدارمی ۔

Haidth Number: 2624
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، ہم نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! کیا ہم (صحابہ کی جماعت) آپ کے سایہ کے لیے منی میں کوئی کمرہ (سائبان) نہ بنا دیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ نہیں ، منیٰ پہلے پہنچ جانے والے کے لیے اونٹ بٹھانے کی جگہ ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 2625
نافع ؒ بیان کرتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر ؓ پہلے دو جمروں کے پاس بہت دیر تک ٹھہرتے ، اللہ کی کبریائی بیان کرتے ، اس کی تسبیح و تحمید بیان کرتے اور اللہ سے دعائیں کرتے ، لیکن وہ جمرہ عقبی (بڑے شیطان) کے پاس کھڑے نہیں ہوتے تھے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ مالک ۔

Haidth Number: 2626