Blog
Books
Search Hadith

جس کو پیغامِ نکاح دیا جائے اسے دیکھنے اور پردہ کی چیزوں کا بیان

بَاب النّظر إِلَى المخطوبة وَبَيَان العورات

28 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کیا : میں نے انصار کی ایک عورت سے شادی کرنے کا ارادہ کیا ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے دیکھ لو ، کیونکہ انصار کی آنکھوں میں کچھ (نقص) ہوتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3098
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ عورت ، عورت کے ساتھ جسم نہ ملائے ، پھر وہ اس کے متعلق اپنے خاوند سے بیان کرے گویا کہ وہ اسے دیکھ رہا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3099
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ آدمی ، آدمی کی شرم گاہ کی طرف دیکھے نہ عورت ، عورت کی شرم گاہ کی طرف دیکھے اور نہ ہی مرد ، مرد کے ساتھ ایک کپڑے میں لیٹے اور نہ ہی عورت ، عورت کے ساتھ ایک کپڑے میں لیٹے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3100
جابر ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سن لو ! کوئی آدمی کسی بیوہ عورت کے ہاں رات بسر نہ کرے مگر یہ کہ وہ (اس کا) شوہر ہو یا محرم ہو ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3101
عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ عورتوں کے پاس جانے سے بچو ۔‘‘ کسی آدمی نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! دیور کے بارے میں بتائیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ دیور تو موت ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3102
جابر ؓ سے روایت ہے کہ ام سلمہ ؓ نے پچھنے لگوانے کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے اجازت طلب کی تو آپ ﷺ نے ابوطیبہ کو حکم فرمایا کہ وہ انہیں پچھنے لگائے ، راوی بیان کرتے ہیں ، میرا خیال ہے کہ وہ (ابوطیبہ) ام سلمہ ؓ کے رضاعی بھائی تھے یا نابالغ لڑکے تھے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3103
جریر بن عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے اچانک اٹھ جانے والی نظر کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ دریافت کیا تو آپ ﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں اپنی نظر ہٹا لوں ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3104
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک عورت شیطان کی صورت میں سامنے آتی ہے اور شیطان کی صورت میں مڑتی ہے ، جب کوئی عورت تم میں سے کسی کو بھلی لگے اور وہ اس کے دل میں گھر کر جائے تو وہ آدمی اپنی بیوی کے پاس آئے اور اس سے جماع کرے ، کیونکہ یہ چیز (جماع) اس (گناہ کے خیال) کو دور کر دے گی جو اس کے دل میں ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3105
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی عورت کو پیغامِ نکاح بھیجے تو پھر اگر وہ اس سے داعیہ نکاح (عورت کی شکل و صورت وغیرہ) کو دیکھ سکے تو دیکھ لے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3106
مغیرہ بن شعبہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے ایک عورت کو پیغامِ نکاح بھیجا تو رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا :’’ کیا تم نے اسے دیکھا ہے ؟‘‘ میں نے عرض کیا : نہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے دیکھ لو ، کیونکہ وہ زیادہ مناسب ہے کہ تم دونوں کے درمیان محبت ڈال دی جائے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ احمد و الترمذی و النسائی و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 3107
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے کسی عورت کو دیکھا تو وہ آپ کو اچھی لگی ، آپ سودہ ؓ کے پاس تشریف لائے ، وہ اس وقت خوشبو تیار کر رہی تھیں اور ان کے پاس کچھ عورتیں تھیں ، آپ ﷺ نے انہیں علیحدہ کیا اور اپنی حاجت پوری کی پھر فرمایا :’’ کوئی آدمی کسی عورت کو دیکھے اور وہ اسے خوش لگے تو وہ آدمی اپنی اہلیہ کے پاس آئے کیونکہ اس کے پاس بھی وہی کچھ ہے جو اُس عورت کے پاس ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الدارمی ۔

Haidth Number: 3108
ابن مسعود ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ عورت پردہ ہے ، جب وہ (بے پردہ) نکلتی ہے تو شیطان اسے مزین کر کے دکھاتا ہے ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3109
بُریدہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے علی ؓ سے فرمایا :’’ علی ! (کسی اجنبی عورت کو) لگاتار نہ دیکھ ، کیونکہ تم (غیر ارادی طور پر) پہلی بار دیکھ سکتے ہو جبکہ دوسری مرتبہ دیکھنے کا تمہیں حق حاصل نہیں ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ احمد و الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3110
عمرو بن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی اپنے غلام کی شادی ، اپنی لونڈی سے کر دے تو پھر وہ اس (لونڈی) کے پردہ کی جگہ کو نہ دیکھے ۔‘‘ اور ایک دوسری روایت میں ہے :’’ وہ زیر ناف اور گھٹنوں کے اوپر کے حصے کو نہ دیکھے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3111
جرہد ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تمہیں معلوم نہیں کہ ران پردہ (یعنی ستر) ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3112
علی ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں فرمایا :’’ علی ! تم اپنی ران ظاہر کرو نہ کسی زندہ و مردہ کی ران کو دیکھو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 3113
محمد بن جحش ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ معمر ؓ کے پاس سے گزرے تو ان کی دونوں رانیں ننگی تھیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ معمر ! اپنی رانیں ڈھانپو ، کیونکہ رانیں ستر ہیں ۔‘‘ حسن ، رواہ فی شرح السنہ ۔

Haidth Number: 3114
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ننگے ہونے سے بچو ، کیونکہ تمہارے ساتھ وہ (فرشتے) ہیں جو تمہارے ساتھ ہی رہتے ہیں ، اور وہ صرف اس وقت جُدا ہوتے ہیں جب آدمی بیت الخلا جاتا ہے اور جب اپنی اہلیہ سے تعلق زن و شو قائم کرتا ہے ، تم ان سے حیا کرو اور ان کی تکریم کرو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3115
ام سلمہ ؓ سے روایت ہے کہ وہ اور میمونہ ؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس تھیں کہ اتنے میں ابن ام مکتوم ؓ آئے اور آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم دونوں اس سے پردہ کرو ۔‘‘ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! کیا وہ نابینا نہیں ؟ وہ ہمیں دیکھ نہیں سکتا ، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تم دونوں نابینا ہو ! تم اسے نہیں دیکھ رہی ہو ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3116
بہز بن حکیم اپنے والد سے اور وہ اس کے دادا (معاویہ بن حیوہ) سے روایت کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنی اہلیہ یا اپنی لونڈی کے علاوہ اپنے ستر کی حفاظت کر ۔‘‘ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! مجھے بتائیں کہ جب آدمی تنہائی میں ہو (پھر بھی) ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ اس کا زیادہ حق دار ہے کہ اس سے حیا کی جائے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 3117
عمر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جب کوئی آدمی کسی (اجنبی) عورت کے ساتھ علیحدگی میں ہوتا ہے تو ان دونوں کا تیسرا شیطان ہوتا ہے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3118
جابر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جن (اجنبی) عورتوں کے خاوند موجود نہ ہوں تم ان کے پاس نہ جاؤ ، کیونکہ شیطان تم میں دورانِ خون کی طرح گردش کرتا ہے ۔‘‘ ہم نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! آپ میں بھی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ (ہاں) اور مجھ میں بھی ، لیکن اللہ نے اس کے خلاف میری مدد فرمائی تو وہ مطیع ہو گیا / میں محفوظ رہتا ہوں ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3119
انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایک غلام لے کر فاطمہ ؓ کے پاس تشریف لائے جسے آپ نے انہیں ہبہ کر دیا تھا ، فاطمہ ؓ پر ایک کپڑا تھا ، جب فاطمہ ؓ اس سے اپنا سر ڈھانپتیں تو وہ آپ کے پاؤں تک نہ پہنچتا ، اور جب وہ اس سے اپنے پاؤں ڈھانپتیں تو وہ ان کے سر تک نہ پہنچتا ، جب رسول اللہ ﷺ نے ان کی اس پریشانی اور تکلیف کو دیکھا تو فرمایا :’’ تم پر کوئی حرج نہیں ، ان ، میں سے ایک تمہارے والد ہیں اور دوسرا تمہارا غلام ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3120
ام سلمہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ان کے پاس تشریف فرما تھے جبکہ گھر میں ایک مخنث تھا ، اس نے ام سلمہ ؓ کے بھائی عبداللہ بن ابی امیہ ؓ سے کہا : عبداللہ ! اگر اللہ نے کل تمہیں طائف میں فتح عطا کی تو میں تمہیں غیلان کی ایک لڑکی بتاؤں گا وہ جب سامنے آتی ہے تو اس کے پیٹ پر چار بل پڑتے ہیں اور جب مڑتی ہے تو اس پر آٹھ بل پڑتے ہیں ۔ اس پر نبی ﷺ نے فرمایا :’’ یہ (مخنث) لوگ تمہارے پاس نہ آیا کریں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3121
مسور بن مخرمہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے ایک بھاری پتھر اٹھایا ہوا تھا اور اسی حالت میں مَیں چل رہا تھا کہ میرا کپڑا گر گیا (جس سے ستر کھل گیا) ، میں اسے اٹھا نہ سکا ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے دیکھا تو فرمایا :’’ اپنے اوپر کپڑا لو اور عریاں حالت میں نہ چلو ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3122
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کی شرم گاہ کبھی نہیں دیکھی ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 3123
ابوامامہ ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو مسلمان پہلی مرتبہ کسی عورت کے حسن و جمال پر نظر ڈالتا ہے اور پھر وہ اپنی نظر جھکا لیتا ہے تو اللہ اسے ایک ایسی عبادت کی توفیق عطا فرماتا ہے جس کی وہ حلاوت محسوس کرتا ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 3124
حسن بصری ؒ مرسل روایت کرتے ہیں کہ مجھے روایت پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ ستر دیکھنے والے اور ستر دکھانے والے پر لعنت فرمائے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 3125