Blog
Books
Search Hadith

نذروں کا بیان

بَاب فِي النذور

60 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ اور ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ نذر نہ مانو کیونکہ نذر تقدیر کے معاملہ میں کوئی فائدہ نہیں دیتی ، البتہ اس کے ذریعے بخیل سے (اس کا مال) نکالا جاتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3426
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اللہ کی اطاعت کی نذر مانتا ہے تو وہ اسے پورا کرے ، اور جو شخص اس کی نافرمانی کی نذر مانتا ہے تو وہ اسے پورا نہ کرے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3427
عمران بن حصین ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ نافرمانی کی نذر پوری نہیں کرنی چاہیے اور نہ اس چیز کی جو انسان کے بس میں نہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔ اور ایک روایت میں ہے :’’ اللہ کی نافرمانی میں کوئی نذر نہیں ۔‘‘

Haidth Number: 3428
عقبہ بن عامر ؓ ، رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ نذر کا کفارہ قسم کے کفارے کی طرح ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3429
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، اس دوران کے رسول اللہ ﷺ خطبہ ارشاد فرما رہے تھے ایک آدمی کھڑا دکھائی دیا ، آپ ﷺ نے اس کے متعلق دریافت کیا تو صحابہ ؓ نے عرض کیا : ابواسرائیل ہے اس نے نذر مانی ہے کہ وہ کھڑا رہے گا ، بیٹھے گا نہیں ، وہ سایہ میں بیٹھے گا نہ کلام کرے گا اور وہ روزہ رکھے گا ۔ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اسے حکم دو کہ وہ کلام کرے ، سایہ میں بیٹھے اور اپنا روزہ پورا کرے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3430
انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ایک عمر رسیدہ شخص کو دیکھا کہ اسے اپنے دو بیٹوں کے سہارے چلایا جا رہا تھا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کو کیا ہوا ؟‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس نے پیدل چل کر بیت اللہ جانے کی نذر مانی ہے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ تعالیٰ اس سے بے نیاز ہے کہ یہ اپنی جان کو مشقت میں ڈالے ۔‘‘ اور آپ نے اسے سوار ہونے کا حکم فرمایا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3431
اور مسلم کی روایت میں ہے ، ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ بزرگوار ! سوار ہو جاؤ کیونکہ اللہ تم سے اور تمہاری نذر سے بے نیاز ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3432
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ سعد بن عبادہ ؓ نے نبی ﷺ سے اس نذر کے متعلق ، جو ان کی والدہ کے ذمہ تھی لیکن وہ اسے پورا کرنے سے پہلے وفات پا گئیں ، مسئلہ دریافت کیا تو آپ ﷺ نے انہیں ان (کی والدہ) کی طرف سے اسے ادا کرنے کا فتوی دیا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3433
کعب بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میری توبہ کا یہ تقاضا ہے کہ میں اپنا سارا مال اللہ اور اس کے رسول کے لیے صدقہ کر دوں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنا کچھ مال رکھ لو وہ تمہارے لیے بہتر ہے ۔‘‘ میں نے عرض کیا : میں اپنا خیبر والا حصہ روک لیتا ہوں ۔‘‘ بخاری ، مسلم ، اور یہ ایک لمبی حدیث کا کچھ حصہ ہے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3434
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ معصیت میں کوئی نذر نہیں ، اور اس کا کفارہ قسم کے کفارہ کی طرح ہے ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و الترمذی و النسائی ۔

Haidth Number: 3435
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے کسی چیز کا نام لیے بغیر نذر مانی تو اس کا کفارہ قسم کے کفارہ کی طرح ہے ، جس نے معصیت کی نذر مانی تو اس کا کفارہ قسم کے کفارے کی طرح ہے ، جس نے کسی ایسی چیز کی نذر مانی جس کی وہ طاقت نہیں رکھتا تو اس کا کفارہ قسم کے کفارے کی طرح ہے ۔ اور جس نے کوئی ایسی نذر مانی جس کی وہ طاقت رکھتا ہے تو وہ اسے پورا کرے ۔‘‘ ابوداؤد ، ابن ماجہ ۔ اور بعض نے اسے ابن عباس ؓ پر موقوف قرار دیا ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 3436
ثابت بن ضحاک ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ کے دور میں بوانہ کے مقام پر اونٹ ذبح کرنے کی نذر مانی تو وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے آپ ﷺ کو (اس کے متعلق) بتایا ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا وہاں دور جاہلیت کا کوئی بت تھا جس کی پوجا کی جاتی ہو ؟‘‘ انہوں نے عرض کیا : نہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا وہاں ان کی عیدوں میں سے کوئی عید تھی ؟‘‘ انہوں نے عرض کیا ، نہیں ، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنی نذر پوری کرو کیونکہ اللہ کی معصیت میں نذر پوری کرنا ضروری نہیں اور نہ اس میں جس کا انسان مالک نہیں ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3437
عمر وبن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ ایک عورت نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! میں نے نذر مانی ہے کہ میں آپ کی موجودگی میں دف بجاؤں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنی نذر پوری کرو ۔‘‘ اور رزین نے یہ اضافہ نقل کیا ، اس (عورت) نے عرض کیا : میں نے فلاں فلاں جگہ جہاں اہل جاہلیت ذبح کرتے تھے ، ذبح کرنے کی نذر مانی ہے تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا اس جگہ جاہلیت کا کوئی بت تھا جس کی پوجا کی جاتی تھی ؟‘‘ اس نے عرض کیا ، نہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا اس جگہ ان کی کوئی عید تھی ؟‘‘ اس نے عرض کیا ، نہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنی نذر پوری کرو ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و رزین ۔

Haidth Number: 3438
ابولبابہ ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ سے عرض کیا ، میری توبہ (کے اتمام میں) سے ہے کہ میں اپنی آبائی جگہ سے ہجرت کر جاؤں جہاں میں نے گناہ کیا تھا اور میں اپنا سارا مال صدقہ کر دوں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تمہاری طرف سے ایک تہائی کافی ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ رزین ۔

Haidth Number: 3439
جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے کہ فتح مکہ کے روز ایک آدمی کھڑا ہوا اور اس نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! میں نے اللہ عزوجل کے لیے نذر مانی تھی کہ اگر اللہ آپ ﷺ کو مکہ میں فتح عطا فرمائے تو میں بیت المقدس میں دو رکعتیں پڑھوں گا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہیں (بیت اللہ میں) پڑھ لو ۔‘‘ اس نے پھر یہی بات دہرائی تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہیں پڑھ لو ۔‘‘ اس نے پھر یہی بات دہرائی تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تب تیری مرضی ہے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد و الدارمی ۔

Haidth Number: 3440
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ عقبہ بن عامر ؓ کی بہن نے پیدل حج کرنے کی نذر مانی جبکہ وہ اس کی طاقت نہیں رکھتی تھی تو نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ تیری بہن کے پیدل چلنے سے بے نیاز ہے ، وہ سوار ہو اور قربانی کرے ۔‘‘ اور ابوداؤد کی ایک روایت میں ہے : نبی ﷺ نے اس کو حکم فرمایا کہ وہ سواری کرے اور قربانی کرے ۔ اور انہی کی ایک روایت میں ہے : نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ تیری بہن کو مشقت و تھکاوٹ میں ڈال کر کیا کرے گا ، وہ سواری کرے ، حج کرے اور اپنی قسم کا کفارہ ادا کرے ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و الدارمی ۔

Haidth Number: 3441
عبداللہ بن مالک سے روایت ہے کہ عقبہ بن عامر ؓ نے اپنی بہن کے متعلق نبی ﷺ سے مسئلہ دریافت کیا کہ اس نے ننگے پاؤں ننگے سر حج کرنے کی نذر مانی ہے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے حکم دو کہ وہ سر پر کپڑا لے ، سواری کرے اور تین روزے رکھے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و الترمذی و النسائی و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 3442
سعید بن مسیّب ؒ سے روایت ہے کہ انصار کے دو بھائیوں کے درمیان میراث تھی ۔ ان میں سے ایک نے اپنے ساتھی سے تقسیم کا مطالبہ کیا تو اس نے کہا : اگر تم نے دوبارہ مجھ سے تقسیم کا مطالبہ کیا تو میرا سارا مال کعبہ کے اخراجات کے لیے وقف ہے ۔ تو عمر ؓ نے اسے فرمایا : کعبہ کو تیرے مال کی ضرورت نہیں ، اپنی قسم کا کفارہ ادا کر اور اپنے بھائی سے کلام کر ، کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے :’’ رب کی معصیت ، قطع رحمی اور اس چیز کے بارے میں جس کا تو مالک نہیں تجھ پر نہ تو کوئی نذر ہے اور نہ قسم ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3443
عمران بن حصین ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ نذر کی دو قسمیں ہیں ، جو شخص اطاعت میں نذر مانے تو نذر اللہ کے لیے ہے اور اسے پورا کرنا ہے ، اور جس نے معصیت میں نذر مانی تو وہ شیطان کے لیے ہے وہ پوری نہیں کرنی چاہیے ، اور وہ اس کا کفارہ قسم کے کفارہ کی مثل ادا کرے ۔‘‘ صحیح ، رواہ النسائی ۔

Haidth Number: 3444
محمد بن منتشر بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے نذر مانی کہ اگر اللہ نے اسے اس کے دشمن سے نجات دی تو وہ اپنے آپ کو ذبح کرے گا ، ابن عباس ؓ سے اس بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے اسے فرمایا : مسروق سے پوچھو ، اس نے ان سے پوچھا تو انہوں نے فرمایا : اپنے آپ کو ذبح نہ کرو ، کیونکہ اگر تم مومن ہو تو تم نے ایک مومن کی جان کو قتل کیا ، اور اگر تم کافر ہو تو تم نے آگ میں جانے کی جلدی کی ، ایک مینڈھا خریدو اور اسے مساکین کے لیے ذبح کرو ، کیونکہ اسحاق ؑ تم سے بہتر تھے اور ان کے فدیہ میں ایک مینڈھا دیا گیا ، جب ابن عباس ؓ کو بتایا گیا تو انہوں نے فرمایا : میں بھی تمہیں اسی طرح کا فتوی دینے کا ارادہ رکھتا تھا ۔ لم اجدہ ، رواہ رزین ۔

Haidth Number: 3445
عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو مسلمان شخص یہ گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور میں اللہ کا رسول ہوں تو اس کا خون (یعنی قتل کرنا) فقط تین صورتوں کی وجہ سے حلال ہے ، جان کے بدلے جان (قاتل کو قتل کرنا) شادی شدہ زانی اور دین سے مرتد ہو کر جماعت چھوڑنے والا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3446
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مومن اپنے دین میں بڑھتا رہتا ہے جب تک کہ کسی حرام خون کا ارتکاب نہ کرے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3447
عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ روز قیامت لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خونوں کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3448
مقدام بن اسود ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! مجھے بتائیں اگر میرا کسی کافر شخص سے مقابلہ ہو جائے اور ہم دونوں ایک دوسرے پر حملہ آور ہو جائیں اور وہ تلوار کے ذریعے مجھ پر وار کرے اور میرے ایک ہاتھ کو کاٹ ڈالے ، پھر وہ مجھ سے بچنے کے لیے ایک درخت کے پیچھے چھپ جائے اور کہے میں اللہ کے حکم کے سامنے سر تسلیم خم کرتا ہوں ، اور ایک روایت میں ہے : جب میں نے اسے قتل کرنے کا ارادہ کیا تو اس نے کہا :’’ لا الہ الا اللہ ‘‘ تو کیا اس کے کلمہ پڑھنے کے بعد میں اسے قتل کر دوں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے قتل نہ کرو ۔‘‘ اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! اس نے میرا ایک ہاتھ کاٹ ڈالا ، (اس کا کیا بنے گا ؟) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے قتل نہ کرو اگر تم نے اسے قتل کیا تو وہ تیرے مقام و مرتبہ پر آ جائے گا جو کہ قتل کرنے سے پہلے تیرا تھا ، اور تم اس کے مقام و مرتبہ پر ہو جاؤ گے جو کلمہ پڑھنے سے پہلے اس کا تھا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3449
اسامہ بن زید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ہمیں جہینہ قبیلے کی طرف روانہ فرمایا ، میں ان کے ایک آدمی کے مقابل آیا تو میں نے اس پر نیزے کا وار کرنا چاہا تو اس نے کلمہ پڑھ لیا ، لیکن میں نے اس پر وار کر کے اسے قتل کر دیا ، میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو میں نے آپ ﷺ کو بتایا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تم نے اسے قتل کر دیا حالانکہ اس نے گواہی دے دی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ۔‘‘ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! اس نے تو محض جان بچانے کے لیے کلمہ پڑھا تھا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے کیا اس کا دل چیر کر دیکھ لیا تھا ؟‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3450
اور جندب بن عبداللہ بجلی ؓ سے مروی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب وہ قیامت کے روز ’’ لا الہ الا اللہ ‘‘ کے ساتھ آئے گا تو تم اس کا سامنا کس طرح کرو گے ؟ آپ ﷺ نے یہ بات کئی بار فرمائی ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3451
عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے کسی معاھد (ذمی) کو قتل کیا تو وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں پائے گا حالانکہ اس کی خوشبو چالیس سال کی مسافت سے محسوس کی جائے گی ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3452
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص نے اپنے آپ کو پہاڑ سے گرا کر مار لیا تو وہ جہنم میں گرتا رہے گا اور اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہے گا ۔ اور جس نے زہر کے ذریعے خودکشی کی تو اس کا زہر اس کے ہاتھ میں ہو گا جسے وہ جہنم کی آگ میں پیتا رہے گا ۔ اور اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہے گا ، اور جس نے لوہے (کے کسی آلے) کے ذریعے خودکشی کی تو اس کا ہتھیار اس کے ہاتھ میں ہو گا اور وہ جہنم کی آگ میں اسے اپنے پیٹ میں گھونپتا رہے گا اور وہ اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہے گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3453
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے اپنا گلا گھونٹ کر خودکشی کی تو وہ جہنم میں بھی گلا گھونٹے گا اور جو نیزہ مار کر خودکشی کرے گا تو وہ جہنم میں بھی اپنے آپ کو نیزہ مارتا رہے گا ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3454
جندب بن عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے پہلے لوگوں میں ایک آدمی تھا جو زخمی ہو گیا تو اس نے بے صبری کا مظاہرہ کیا ، اس نے چھری پکڑی اور اپنا (زخمی) ہاتھ کاٹ ڈالا ، اس کا خون بہتا رہا حتی کہ وہ فوت ہو گیا ، اللہ تعالیٰ نے فرمایا :’’ میرے بندے نے خود کو قتل کرنے میں مجھ سے جلدی کی اس لیے میں نے اس پر جنت حرام کر دی ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3455