Blog
Books
Search Hadith

مشروبات کا بیان

بَاب الْأَشْرِبَة

23 Hadiths Found
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ پینے کے دوران تین سانس لیا کرتے تھے ۔ بخاری ، مسلم ۔ اور امام مسلم ؒ نے ایک روایت میں یہ اضافہ نقل کیا ہے : آپ ﷺ فرماتے تھے :’’ یہ (تین سانس لینا) زیادہ پیاس بجھاتا ہے ، صحت افزا ہے اور زیادہ باعث ہضم ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4263
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مشکیزے کے منہ سے پینے سے منع فرمایا ہے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4264
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مشکیزوں کے منہ موڑ کر ان سے پانی پینے سے منع فرمایا ہے ۔ اور ایک روایت میں اضافہ نقل کیا ہے : مشکیزوں کا منہ موڑنا یہ ہے کہ اس کا دہانہ اُلٹا کر پھر ان سے پیا جائے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4265
انس ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے منع فرمایا کہ آدمی کھڑا ہو کر پیئے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4266
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے کوئی شخص کھڑا ہو کر نہ پیئے ، تم میں سے جو شخص بھول جائے تو وہ قے کر دے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4267
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے ڈول میں آبِ زم زم نبی ﷺ کی خدمت میں پیش کیا تو آپ ﷺ نے کھڑے ہو کر نوش فرمایا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4268
علی ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے نمازِ ظہر ادا کی پھر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے وہ کوفہ کے چبوترے پر بیٹھ گئے حتی کہ نماز عصر کا وقت ہو گیا ، پھر پانی لایا گیا تو انہوں نے پانی پیا ، اپنا چہرا اور ہاتھ دھوئے ، اور راوی نے ذکر کیا ، آپ نے اپنا سر اور دونوں پاؤں دھوئے ، پھر کھڑے ہوئے اور بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر پیا ، پھر فرمایا : لوگ کھڑے ہو کر پینا ناپسند کرتے ہیں ، جبکہ نبی ﷺ نے اسی طرح کیا جیسے میں نے کیا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 4269
جابر ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایک انصاری صحابی کے پاس تشریف لے گئے اور آپ کے ساتھ آپ کے ایک ساتھی بھی تھے ، آپ نے سلام کیا تو اس آدمی نے سلام کا جواب دیا جبکہ آدمی باغ کو پانی لگا رہا تھا ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اگر تیرے پاس رات کا باسی پانی مشکیزے میں ہے تو ٹھیک ورنہ ہم تالاب سے منہ لگا کر پی لیتے ہیں ۔‘‘ اس آدمی نے عرض کیا ، میرے پاس رات کا باسی پانی ہے ، وہ سائبان کی طرف گیا ، پیالے میں پانی ڈالا پھر اس پر گھر میں پلی ہوئی بکری کا دودھ دھویا (اور اسے آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کیا) تو نبی ﷺ نے نوش فرمایا ، وہ آدمی دوبارہ لایا تو اس آدمی نے پیا ، جو کہ آپ کے ساتھ تھا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 4270
ام سلمہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص چاندی کے برتن میں پیتا ہے تو وہ اپنے پیٹ میں جہنم کی آگ انڈیلتا ہے ۔‘‘ بخاری مسلم ۔ متفق علیہ ۔ اور مسلم کی روایت میں ہے :’’ بے شک جو شخص چاندی اور سونے کے برتن میں کھاتا اور پیتا ہے ۔‘‘

Haidth Number: 4271
حذیفہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ باریک اور موٹا ریشمی کپڑا مت زیب تن کرو اور سونے چاندی کے برتن میں پیو اور نہ ان کی پلیٹوں میں کھاؤ ، کیونکہ وہ ان (کافروں) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہارے لیے آخرت میں ہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4272
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ کے لیے گھر میں پلی ہوئی بکری کا دودھ دھویا گیا اور پھر اس کے ساتھ انس ؓ کے گھر کے کنویں کا پانی ملایا گیا ، رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں وہ پیالہ پیش کیا گیا تو آپ نے اسے نوش فرمایا ، آپ کے بائیں طرف ابوبکر ؓ تھے اور آپ کے دائیں طرف ایک اعرابی تھا ، عمر ؓ نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! ابوبکر کو دیں ، لیکن آپ نے اس اعرابی کو عطا فرمایا جو کہ آپ ﷺ کے دائیں طرف تھا ، پھر فرمایا :’’ دایاں تو دایاں ہی ہے ۔‘‘ ایک روایت میں ہے :’’ دائیں طرف والوں کو ، دائیں طرف والوں کو ، سنو ! دائیں طرف والوں کو مقدم رکھو ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4273
سہل بن سعد ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ کی خدمت میں ایک پیالہ پیش کیا گیا تو آپ نے اس سے نوش فرمایا ، آپ کے دائیں طرف ایک چھوٹا سا لڑکا تھا جبکہ عمر رسیدہ لوگ آپ کے بائیں طرف تھے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ لڑکے ! کیا تم اجازت دیتے ہو کہ میں یہ پیالہ عمر رسیدہ اشخاص کو دے دوں ؟‘‘ اس نے کہا : اللہ کے رسول ! میں آپ کی بچی ہوئی چیز اپنے علاوہ کسی کو دینا پسند نہیں کرتا ، آپ ﷺ نے وہ اسے ہی عطا فرمایا ۔ متفق علیہ ۔ ہم ابوقتادہ ؓ سے مروی حدیث ان شاء اللہ تعالیٰ باب المعجزات میں ذکر کریں گے ۔

Haidth Number: 4274
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم رسول اللہ ﷺ کے عہد میں چلتے پھرتے اور کھڑے ہو کر بھی کھا پی لیا کرتے تھے ۔ ترمذی ، ابن ماجہ ، دارمی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے ۔ صحیح ، رواہ الترمذی و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 4275
عمرو بن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا ، میں نے دیکھا رسول اللہ ﷺ کھڑے ہو کر بھی اور بیٹھ کر بھی پی لیا کرتے تھے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4276
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے برتن میں سانس لینے یا اس میں پھونک مارنے سے منع فرمایا ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 4277
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اونٹ کی طرح ایک ہی گھونٹ میں نہ پیو بلکہ دو اور تین گھونٹوں میں پیو اور جب تم پیو تو اللہ کا نام لو اور جب تم برتن منہ سے ہٹاؤ تو الحمد للہ کہو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4278
ابوسعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے مشروب میں پھونک مارنے سے منع فرمایا تو ایک آدمی نے عرض کیا ، برتن میں گرا ہوا تنکا دیکھوں تو پھر (کیا کروں) ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے پھینک دو ۔‘‘ اس نے عرض کیا ، میں ایک سانس سے سیراب نہیں ہوتا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنے منہ سے پیالہ ہٹا ، پھر سانس لے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی و الدارمی ۔

Haidth Number: 4279
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے پیالے کے ٹوٹے ہوئے حصے سے پینے سے اور مشروب میں پھونک مارنے سے منع فرمایا ہے ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4280
کبشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ میرے پاس تشریف لائے تو آپ نے لٹکے ہوئے مشکیزے سے کھڑے ہو کر پانی پیا ، میں نے اس (مشکیزے) کے منہ کی طرف توجہ رکھی اور میں نے اس (مشکیزے کے منہ) کو کاٹ لیا ۔ ترمذی ، ابن ماجہ ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن غریب صحیح ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 4281
امام زہری نے عروہ کی سند سے عائشہ ؓ سے روایت کیا ہے ، انہوں نے کہا : رسول اللہ ﷺ کو ٹھنڈا شیریں مشروب زیادہ پسند تھا ۔ ترمذی اور انہوں نے کہا : صحیح وہ ہے جو زہری کی سند سے نبی ﷺ سے مرسل روایت کیا گیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4282
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی کھانا کھائے تو وہ یوں دعا کرے :’’ اے اللہ ! اس میں برکت عطا فرما ، اور ہمیں اس سے بہتر کھلا ۔‘‘ اور جب دودھ پیئے تو یوں دعا کرے :’’ اے اللہ اس میں برکت عطا فرما اور ہمیں اس سے زیادہ عطا فرما ۔‘‘ کیونکہ دودھ کے سوا کوئی ایسی چیز نہیں جو کھانے سے کفایت کرے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4283
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، نبی ﷺ کے لیے سقیا سے آبِ شیریں لایا جاتا تھا ، مشہور ہے کہ وہ مدینہ سے دو روز کی مسافت پر ایک چشمہ ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4284
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص سونے یا چاندی کے برتن میں ، یا کسی ایسے برتن میں ، جس میں اس (سونے یا چاندی) میں سے کچھ ہو تو وہ شخص اپنے پیٹ میں جہنم کی آگ ہی انڈیلتا ہے ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ الدارقطنی ۔

Haidth Number: 4285