Blog
Books
Search Hadith

سترہ کا بیان

بَاب الستْرَة

18 Hadiths Found
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ صبح کے وقت عید گاہ کی طرف جاتے ایک چھوٹا نیزہ آپ کے آگے آگے اٹھا کر لے جایا جاتا اور اسے عید گاہ میں آپ کے سامنے گاڑ دیا جاتا ، پھر آپ اس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھتے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 772
ابوجحیفہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو مکہ میں دیکھا ، جبکہ آپ وادی بطحاء میں چمڑے کے ایک سرخ خیمے میں تھے ، اور میں نے بلال ؓ کو دیکھا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے وضو کا پانی لیے کھڑے ہیں ، اور میں نے لوگوں کو دیکھا کہ وہ وضو کے اس پانی کو حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں ، چنانچہ جسے تو اس میں سے کچھ مل جاتا ہے اسے اپنے جسم پر مل لیتا ہے ، اور جسے اس میں سے کچھ نہ ملتا تو وہ اپنے ساتھی کے ہاتھ کی نمی حاصل کر لیتا ، پھر میں نے بلال ؓ کو دیکھا کہ انہوں نے چھوٹا نیزہ لے کر گاڑ دیا ، پھر رسول اللہ ﷺ سرخ جوڑا زیب تن کیے ہوئے تیزی سے تشریف لائے ، آپ نے چھوٹے نیزے کی طرف رخ کر کے لوگوں کو دو رکعتیں پڑھائیں اور میں نے لوگوں اور چوپاؤں کو آپ کے آگے سے گزرتے ہوئے دیکھا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 773
نافع ، ابن عمر ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ اپنی سواری بٹھا دیا کرتے اور پھر اس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھا کرتے تھے ۔ بخاری ، مسلم ۔ متفق علیہ ۔ اور امام بخاری نے یہ اضافہ نقل کیا ہے : روای بیان کرتے ہیں ، میں نے کہا ، جب اونٹ چرنے کے لیے جاتے تھے (تو پھر کیا کرتے تھے ؟) انہوں نے کہا : وہ پالان و کجاوہ پکڑتے اور اسے سامنے رکھ کر اس کے آخری حصہ کی طرف رخ کر کے نماز پڑھ لیا کرتے تھے ۔

Haidth Number: 774
طلحہ بن عبید اللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص پالان کی پچھلی لکڑی کے برابر کوئی چیز اپنے آگے رکھ لے تو وہ نماز پڑھے اور جو اس سے پرے گزرے اس کی کوئی پرواہ نہ کرے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 775
ابوجہیم بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر نمازی کے آگے سے گزرنے والے شخص کو پتہ چل جائے کہ اسے کتنا گناہ یا نقصان ہو گا تو اس کے لیے ، اس کے آگے سے گزرنے سے چالیس تک کھڑے رہنا ، بہتر ہوتا ۔‘‘ ابونضر نے فرمایا : میں نہیں جانتا کہ آپ ﷺ نے چالیس دن یا ماہ یا چالیس سال فرمائے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 776
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص کسی ایسی چیز کی طرف رخ کر کے نماز پڑھے جو اسے لوگوں سے چھپا رہی ہو (یعنی کسی چیز کو سترہ بنا کر نماز پڑھے) اور پھر بھی کوئی شخص اس کے آگے سے گزرنا چاہے تو وہ اسے روکے ، لیکن اگر وہ باز نہ آئے تو پھر وہ اس سے لڑے کیونکہ وہ شیطان ہے ۔‘‘ یہ بخاری کے الفاظ ہیں ۔ اور مسلم کے الفاظ بھی اسی معنی میں ہیں ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 777
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ عورت ، گدھا اور کتا (نمازی کے آگے سے گزر کر) نماز توڑ دیتے ہیں ، جبکہ پالان کی آخری لکڑی کی مثل کوئی چیز اس سے بچاتی ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 778
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، نبی ﷺ نماز تہجد پڑھا کرتے تھے جبکہ میں ، آپ کے اور قبلہ کے درمیان اس طرح لیٹی ہوتی تھی جس طرح (امام کے آگے) جنازہ رکھا ہوتا ہے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 779
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں ایک دن گدھی پر سوار ہو کر آیا ، میں ان دنوں قریب البلوغ تھا ، جبکہ رسول اللہ اس وقت کسی دیوار کی اوٹ لیے بغیر منیٰ میں نماز پڑھا رہے تھے ، پس میں ایک صف کے آگے سے گزرا ، پھر میں گدھی سے اترا اور اسے چرنے کے لیے چھوڑ دیا ، اور خود صف میں شامل ہو گیا ، اور کسی نے بھی مجھ پر اعتراض نہ کیا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 780
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے تو وہ اپنے سامنے کوئی چیز رکھ لے ، اگر کوئی چیز نہ پائے تو پھر اپنی لاٹھی گاڑ لے ، اور اگر اس کے پاس لاٹھی بھی نہ ہو تو پھر ایک لکیر کھینچ لے ، پھر اس کے آگے سے جو بھی گزر جائے وہ اس کے لیے مضر نہیں ہو گا ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 781
سہل بن ابی حشمہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص سترہ کی طرف رخ کر کے نماز پڑھے تو وہ اس کے قریب ہو جائے ، تاکہ شیطان اس کی نماز قطع نہ کر سکے ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 782
مقداد بن اسود ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو جب بھی کسی لکڑی ، ستون اور درخت کی طرف رخ کر کے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا تو آپ اسے اپنی دائیں یا بائیں ابرو کے سامنے کرتے تھے ، اور آپ اس کے بالکل سامنے کھڑے نہیں ہوتے تھے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 783
فضل بن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم جنگل میں تھے کہ رسول اللہ ﷺ عباس ؓ کی معیت میں ہمارے پاس تشریف لائے آپ نے سترہ کے بغیر صحرا میں نماز ادا کی ، جبکہ ہماری گدھی اور کتیا آپ کے آگے کھیل رہی تھیں ، آپ نے اسے کوئی اہمیت نہ دی ۔ ابوداؤد ، نسائی کی روایت بھی اسی طرح ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 784
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کوئی چیز نماز کو نہیں توڑتی ، پس مقدور بھر اسے روکو ، کیونکہ وہ (گزرنے والا) شیطان ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 785
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، میں رسول اللہ ﷺ کے آگے سو جایا کرتی تھی ، جبکہ میرے پاؤں آپ ﷺ کے سجدہ کی جگہ پر ہوتے تھے ، جب آپ سجدہ کرتے تو آپ مجھے ہاتھ سے دبا دیتے تو میں اپنے پاؤں سمیٹ لیتی اور جب آپ ﷺ کھڑے ہو جاتے تو میں انہیں پھیلا دیتی ، انہوں نے بتایا : ان دنوں گھروں میں چراغ نہیں ہوا کرتے تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 786
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر تم میں کسی کو ، نماز میں مشغول اپنے بھائی کے آگے سے گزرنے کا گناہ معلوم ہو تو اس کے لیے سو برس کھڑے رہنا ایک قدم اٹھانے سے بہتر ہوتا ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 787
کعب احبار ؒ بیان کرتے ہیں ، اگر نمازی کے آگے سے گزرنے والے کو پتہ چل جاتا کہ اسے اس پر کتنا گناہ ملے گا تو وہ سمجھتا کہ اسے دھنسا دیا جائے تو یہ اس کے لیے ، اس کے آگے سے گزرنے سے بہتر ہوتا ۔ اور ایک روایت میں ہے : اس پر آسان ہوتا ۔ صحیح ، رواہ مالک ۔

Haidth Number: 788
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص سترہ کے بغیر نماز پڑھے تو گدھا ، خنزیر ، یہودی ، مجوسی اور عورت گزر کر اس کی نماز توڑ دیتے ہیں ، اور اگر وہ پتھر پھینکنے کے فاصلے کے برابر اس کے آگے سے گزر جائیں تو پھر اس کی نماز ہو جائے گی ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 789