ऐ अहले-किताब! तुम्हारे पास हमारा रसूल आ चुका है वह तुमको साफ़-साफ़ बता रहा है रसूलों के एक वक़्फ़े के बाद; ताकि तुम यह न कहो कि हमारे पास कोई ख़ुश-ख़बरी देने वाला और डराने वाला नहीं आया, पस अब तुम्हारे पास ख़ुश-ख़बरी देने वाला और डराने वाला आ गया है, और अल्लाह हर चीज़ पर क़ादिर है।
اے اہلِ کتاب! یقینارسولوں کے ایک وقفے کے بعدتمہارے پاس ہمارارسول آگیاہے جو تمہارے لیے کھول کربیان کرتاہے کہ تم یہ نہ کہو کہ ہمارے پاس نہ کوئی خوش خبری دینے والاآیااورنہ کوئی ڈرانے والا ،تویقیناتمہارے پاس خوش خبری دینے والااورڈرانے والا آگیا ہے اور اﷲ تعالیٰ ہرچیزپرپوری طرح قدرت رکھنے والا ہے۔
اے اہلِ کتاب! تمہارے پاس ہمارا رسول ، رسولوں کے ایک وقفے کے بعد ، تمہارے لئے دین کو واضح کرتا ہوا آگیا ہے مبادا تم کہو کہ ہمارے پاس کوئی بشارت دینے والا اور ہوشیار کرنے والا تو آیا ہی نہیں ۔ دیکھ لو! ایک بشیر ونذیر تمہارے پاس آگیا ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے ۔
اے اہلِ کتاب ، ہمارا رسول جو کھول کر ( ہمارے احکام ) بیان کرتا ہے ۔ ایسے وقت تمہارے پاس آیا کہ جب کچھ عرصہ سے رسولوں کی آمد کا سلسلہ بند تھا ، تاکہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ ہمارے پاس کوئی خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا نہیں آیا ، تو لو تمہارے پاس بشارت دینے والا اور ڈرانے والا آگیا ہے اور اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے ۔
اے اہل کتاب ! ہمارا یہ رسول ایسے وقت تمہارے پاس آیا ہے اور دین کی واضح تعلیم تمہیں دے رہا ہے جبکہ رسولوں کی آمد کا سلسلہ ایک مدّت سے بند تھا ، تاکہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ ہمارے پاس کوئی بشارت دینے والا اور ڈرانے والا نہیں آیا ۔ سو دیکھو ! اب وہ بشارت دینے اور ڈرانے والا آگیا ۔ ۔ ۔ ۔ اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے ۔ 41 ؏۳
اے اہل کتاب ہمارے رسول جو تمہیں صف صف بتاتے ہیں بلاشبہ ایسے وقت آپہنچے کہ رسولوں کی آمد کا سلسلہ بند تھا کہ کہیں تم یہ نہ کہنے لگو کہ ہمارے پاس کوئی خوشخبری سنانے والا اور ڈرانے والا نہیں آیا پس تحقیق تمہارے پاس خوشخبری سنانے والا اورڈرانے والا آگیا ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز پر ( پوری ) قدرت رکھتے ہیں ۔
اے اہل کتاب ! تمہارے پاس ہمارے پیغمبر ایسے وقت دین کی وضاحت کرنے آئے ہیں جب پیغمبروں کی آمد رکی ہوئی تھی ، تاکہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ ہمارے پاس نہ کوئی ( جنت کی ) خوشخبری دینے والا آیا ، نہ کوئی ( جہنم سے ) ڈرانے والا ۔ لو اب تمہارے پاس خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا آگیا ہے ۔ اور اللہ ہر بات پر پوری پوری قدرت رکھتا ہے ۔
اے اہل کتاب! تمہارے پاس ہمارارسول اس وقت آ یا اور احکام بیان کررہا ہے جب رسولوں کی آمدختم ہوچکی تھی تاکہ تم یہ نہ کہوکہ ہمارے پاس خوشخبری سنانے والااور ڈرانے والاآیاہی نہ تھا ، اب تمہارے پاس خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والاآچکا ہے اور اللہ ہرچیزپرقادرہے
اے کتاب والو! بیشک تمہارے پاس ہمارے یہ رسول ( ف٦٤ ) تشریف لائے کہ تم پر ہمارے احکام ظاہر فرماتے ہیں بعد اس کے کہ رسولوں کا آنا مدتوں بند رہا تھا ( ف٦۵ ) کہ کبھی کہو کہ ہمارے پاس کوئی خوشی اور ڈر سنانے والا نہ آیا تو یہ خوشی اور ڈر سنانے والے تمہارے پاس تشریف لائے ہیں ، اور اللہ کو سب قدرت ہے ،
اے اہلِ کتاب! بیشک تمہارے پاس ہمارے ( یہ آخر الزمان ) رسول ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) پیغمبروں کی آمد ( کے سلسلے ) کے منقطع ہونے ( کے موقع ) پر تشریف لائے ہیں ، جو تمہارے لئے ( ہمارے احکام ) خوب واضح کرتے ہیں ، ( اس لئے ) کہ تم ( عذر کرتے ہوئے یہ ) کہہ دوگے کہ ہمارے پاس نہ ( تو ) کوئی خوشخبری سنانے والا آیا ہے اور نہ ڈر سنانے والا ۔ ( اب تمہارا یہ عذر بھی ختم ہو چکا ہے کیونکہ ) بلاشبہ تمہارے پاس ( آخری ) خوشخبری سنانے اور ڈر سنانے والا ( بھی ) آگیا ہے ، اور اﷲ ہر چیز پر بڑا قادر ہے