Blog
Books
Search Hadith

یمن اور شام اور اویس قرنی کے ذکر کا باب

بَاب تَسْمِيَة من سمي من أهل الْبَدْر فِي «الْجَامِعِ لِلْبُخَارِيِّ»

17 Hadiths Found
عمر بن خطاب ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ یمن سے اویس نامی شخص تمہارے پاس آئے گا ، وہ یمن میں صرف اپنی والدہ کو چھوڑ آئے گا ، اسے برص تھا ، اس نے اللہ سے دعا کی تو اس نے دینار یا درہم کے برابر جگہ کے علاوہ اس مرض کو ختم کر دیا ، جو شخص اس سے ملاقات کرے تو وہ تمہارے لیے اس سے دعائے مغفرت کی درخواست کرے ۔‘‘ ایک دوسری روایت میں ہے ، فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ تابعین میں سے سب سے بہتر شخص اویس ہے ، اس کی والدہ ہے ، اسے برص کا مرض تھا ، تم اس سے درخواست کرنا کہ وہ تمہارے لیے دعائے مغفرت کرے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 6266
ابوہریرہ ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یمن والے تمہارے پاس آئے ہیں ، وہ رقیق القلب اور نرم دل ہیں ، ایمان یمن والوں کا ہے اور حکمت بھی یمن والوں کی ہے ، فخر و غرور اونٹ والوں میں ہوتا ہے جبکہ سکینت و وقار بکری والوں میں ہوتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 6267
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کفر کا سرچشمہ مشرق میں ہے ، فخر و غرور گھوڑے والوں ، اونٹ والوں اور جاگیر داروں جو اونٹ کے بالوں سے بنے ہوئے خیموں میں رہتے ہیں ان میں ہوتا ہے ، اور سکینت بکری والوں میں ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 6268
ابومسعود انصاری ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس طرف یعنی مشرق کی طرف سے فتنے نمودار ہوں گے ، جفا اور سخت دلی جنگل میں رہنے والے خیمہ نشینوں ربیعہ اور مضر (قبیلوں) سے تعلق رکھنے والے ان لوگوں میں ہو گی جو اونٹوں اور بیلوں کی دموں کے پیچھے چل رہے ہوں گے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 6269
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ دلوں کی سختی اور جفا مشرق والوں میں ہے ، اور ایمان اہل حجاز میں ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 6270
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اے اللہ ! ہمارے شام میں برکت فرما ، اے اللہ ! ہمارے یمن میں برکت فرما ۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! ہمارے نجد میں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اے اللہ ! ہمارے شام میں برکت فرما ، اے اللہ ! ہمارے یمن میں برکت فرما ۔‘‘ انہوں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! ہمارے نجد میں ، میرا خیال ہے کہ آپ ﷺ نے تیسری مرتبہ فرمایا :’’ وہاں زلزلے اور فتنے ہوں گے اور شیطان کا سینگ وہیں سے طلوع ہو گا ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 6271
انس ؓ زید بن ثابت ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے یمن کی طرف دیکھا تو فرمایا :’’ اے اللہ ! ان کے دلوں کو (ہماری طرف) متوجہ فرما ، اور ہمارے صاع اور ہمارے مد میں برکت فرما ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6272
زید بن ثابت ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ شام کے لیے خوشحالی ہے ۔‘‘ ہم نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! یہ کس وجہ سے ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیونکہ رحمن کے فرشتے اس پر اپنے پر پھیلائے ہوئے ہیں ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔

Haidth Number: 6273
عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ حضرموت کی طرف سے یا حضرموت سے آگ نکلے گی وہ لوگوں کو اکٹھا کرے گی ۔‘‘ ہم نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! آپ ہمیں کیا حکم فرماتے ہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم شام کی راہ اختیار کرنا ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6274
عبداللہ بن عمرو بن عاص ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ عنقریب ہجرت کے بعد ہجرت ہو گی ، بہترین لوگ وہ ہوں گے جو ابراہیم ؑ کی جگہ (شام) کی طرف ہجرت کریں گے ۔‘‘ ایک دوسری روایت میں ہے :’’ زمین والوں میں سے سب سے بہتر لوگ وہ ہوں گے جن کے زیادہ تر لوگ ابراہیم ؑ کی جائے ہجرت (شام) کی طرف ہجرت کریں گے ، اور زمین پر بدترین لوگ رہ جائیں گے ، ان کی اراضی انہیں پھینک دیں گی ، اللہ انہیں ناپسند فرمائے گا ، آگ انہیں بندروں اور خنزیروں کے ساتھ اکٹھا کرے گی وہ (آگ) ان کے ساتھ رات بسر کرے گی ، جب وہ رات بسر کریں گے ، اور جب وہ قیلولہ کریں گے تو وہ ان کے ساتھ قیلولہ کرے گی ۔‘‘ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 6275
ابن حوالہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ عنقریب امر (امر اسلام یا امر قتال) اس طرح ہو گا کہ تم لشکروں کا مجموعہ ہو گے ، ایک لشکر شام میں ہو گا ، ایک لشکر یمن میں اور ایک لشکر عراق میں ۔‘‘ ابن حوالہ ؓ نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! اگر میں یہ صورت حال پا لوں تو آپ میرے لیے کسی لشکر کا انتخاب فرما دیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم شام کے لشکر کو لازم پکڑنا ، کیونکہ وہ اللہ کی سرزمین میں ایک پسندیدہ خطہ ہے اور وہ اپنے پسندیدہ بندوں کو اس کی طرف لائے گا ، ہاں اگر تم وہاں نہ جاؤ تو پھر تم یمن کا رخ کرنا اور اپنے حوضوں سے سیراب ہونا کیونکہ اللہ عزوجل نے شام اور اہل شام کی محافظت کی مجھے ضمانت دی ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 6276
شریح بن عبید ؒ بیان کرتے ہیں ، علی ؓ کے پاس اہل شام کا ذکر کیا گیا اور عرض کیا گیا ، امیر المومنین ! ان پر لعنت بھیجیں ، انہوں نے فرمایا : نہیں ، کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ ابدال شام میں ہوں گے ، اور وہ چالیس افراد ہیں جب ایک آدمی فوت ہو جائے گا تو اللہ اس کی جگہ دوسرے آدمی کو لے آئے گا ، ان کی وجہ سے بارش برستی ہے ، ان کے ذریعے دشمنوں سے بدلہ لیا جاتا ہے اور ان کی وجہ سے شام سے عذاب دور کر دیا جاتا ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 6277
صحابہ ؓ میں سے ایک آدمی سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سرزمین شام فتح ہو گی ، اگر تمہیں وہاں کسی جگہ کو پسند کرنے کا اختیار دیا جائے تو پھر دمشق نامی جگہ کو پسند کرنا ، کیونکہ وہ حرب و قتال سے مسلمانوں کی جائے پناہ ہے اور اس کا بڑا شہر ہے ، وہاں ایک جگہ ہے جسے الغوطہ کہا جاتا ہے ۔‘‘ دونوں احادیث کو امام احمد نے روایت کیا ہے ۔ صحیح ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 6278
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ خلافت مدینہ میں ہے جبکہ بادشاہت شام میں ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی دلائل النبوۃ ۔

Haidth Number: 6279
عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں نے اپنے سر کے نیچے سے نورانی ستون نکلتا ہوا دیکھا اور وہ اوپر کو بلند ہوا حتیٰ کہ وہ شام میں جا ٹھہرا ۔‘‘ دونوں روایات کو امام بیہقی نے دلائل النبوۃ میں روایت کیا ہے ۔ سندہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی دلائل النبوۃ ۔

Haidth Number: 6280
ابودرداء ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جنگ و جدل کے دن مسلمانوں کا گروہ دمشق نامی شہر کی جانب الغوطہ کے مقام پر ہو گا ، یہ شام کا سب سے بہترین شہر ہے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 6281
عبد الرحمن بن سلیمان بیان کرتے ہیں ، عجمی بادشاہ ظاہر ہو گا تو وہ دمشق کے علاوہ تمام شہروں پر غالب آ جائے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 6282