Blog
Books
Search Hadith

رکوع کا بیان

بَاب الرُّكُوع

19 Hadiths Found
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ رکوع و سجود مکمل کیا کرو ، اللہ کی قسم ! میں تمہیں اپنے پیچھے بھی دیکھتا ہوں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 868
براء بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ کا رکوع ، آپ کے سجود ، سجدوں کے درمیان بیٹھنا (جلسہ استراحت) اور جب آپ رکوع سے کھڑے ہوتے (قومہ) تو قیام و تشہد کے علاوہ یہ سب تقریباً برابر تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 869
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ جب ((سمع اللہ لمن حمدہ)) کہتے تو آپ کھڑے رہتے حتیٰ کہ ہم (دل میں) کہتے کہ آپ کو وہم ڈال دیا گیا ہے ، پھر آپ سجدہ کرتے اور آپ دو سجدوں کے درمیان بیٹھتے حتیٰ کہ ہم (دل میں) کہتے کہ آپ کو وہم ڈال دیا گیا ہے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 870
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، نبی ﷺ اپنے رکوع و سجود میں کثرت کے ساتھ یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ اے ہمارے پروردگار ! تو پاک ہے ، ہم تیری تعریف بیان کرتے ہیں ، اے اللہ ! مجھے بخش دے ‘‘، آپ ﷺ قرآن پر عمل کرتے تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 871
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ اپنے رکوع و سجود میں یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ (میرا رکوع و سجود اس ذات کے لیے ہے جو) فرشتوں اور جبریل ؑ کا رب نہایت پاک و مقدس ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 872
عبداللہ بن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مجھے رکوع و سجود میں قرآن پڑھنے سے منع کیا گیا ہے ، رہا رکوع تو اس میں رب کی عظمت بیان کرو ، اور رہے سجود تو ان میں خوب دعا کرو ، پس تمہاری دعا قبولیت کے لائق ہو گی ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 873
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب امام ’’ سمع اللہ لمن حمدہ ‘‘ کہے تو تم کہو :’’ اللھم ربنا لک الحمد ‘‘ کیونکہ جس کا یہ قول فرشتوں کے قول کے موافق ہو گیا تو اس کے سابقہ گناہ بخش دیے جائیں گے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 874
عبداللہ بن ابی اوفی ؓبیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ رکوع سے اپنی کمر اٹھاتے تو آپ یہ دعا پڑھتے :’’ اللہ نے سن لیا جس نے اس کی تعریف کی ، اے اللہ ! ہمارے رب ! ساری تعریف تیرے ہی لیے ہے آسمانوں ، زمین اور ہر اس چیز کے بھراؤ کے برابر جو تو چاہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 875
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ رکوع سے سر اٹھاتے تو آپ یہ دعا پڑھا کرتے تھے :’’ اے اللہ ! ہمارے رب ! ہر قسم کی تعریف تیرے لیے ہے ، آسمانوں اور زمین اور ہر اس چیز کے بھراؤ کے برابر جو تو چاہے اور بندے نے جو تیری تعریف اور شان بیان کی وہ تیرے ہی لائق ہے ، ہم سب تیرے ہی بندے ہیں ، اے اللہ ! جو چیز تو عطا کر دے اسے کوئی روکنے والا نہیں ، جس چیز کو تو روک لے اسے کوئی عطا کرنے والا نہیں ، اور دولت مند کی دولت ، تیرے ہاں کوئی فائدہ نہیں دے سکتی ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 876
رفاعہ بن رافع ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نبی ﷺ کے پیچھے نماز پڑھ رہے تھے ، پس جب آپ ﷺ نے رکوع سے سر اٹھایا تو فرمایا :’’ سمع اللہ لمن حمدہ ۔‘‘ آپ کے پیچھے ایک آدمی نے کہا : ہمارے رب ! تیرے ہی واسطے تعریف ہے ، بہت زیادہ پاکیزہ اور با برکت تعریف ۔ جب آپ ﷺ نماز سے فارغ ہوئے تو فرمایا :’’ ابھی بولنے والا کون تھا ؟‘‘ اس آدمی نے کہا : میں ! آپ ﷺ نے فرمایا :’’ میں نے تیس سے زائد فرشتوں کو دیکھا کہ وہ جلدی کر رہے تھے کہ ان کا ثواب سب سے پہلے کون لکھتا ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 877
ابومسعود انصاری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تک آدمی رکوع و سجود میں اپنی کمر مکمل طور پر برابر نہیں کرتا اس کی نماز درست نہیں ہوتی ۔‘‘ ابوداؤد ، ترمذی ، نسائی ، ابن ماجہ ، دارمی ، اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ صحیح ۔

Haidth Number: 878
عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، جب (فسبح باسم ربک العظیم) نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے اپنے رکوع میں پڑھا کرو ۔‘‘ اور جب (سبح اسم ربک الاعلیٰ) نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے اپنے سجدوں میں پڑھا کرو ۔‘‘ صحیح ، ابوداؤد و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 879
عون بن عبداللہ ؒ ابن مسعود ؓ سے بیان کرتے ہیں ، انہوں نے کہا : رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی ایک رکوع کرتا ہے اور اپنے رکوع میں تین مرتبہ ((سبحان ربی العظیم)) پڑھتا ہے تو اپنا رکوع مکمل کر لیتا ہہے ، اور یہ اس کا کم از کم درجہ ہے ، اور جب وہ سجدہ کرتا ہے اور اپنے سجدوں میں تین مرتبہ ((سبحان ربی الاعلیٰ)) پڑھ لیتا ہے تو وہ اپنا سجدہ مکمل کر لیتا ہے ، اور یہ (تعداد) اس کا کم از کم درجہ ہے ۔ ترمذی ، ابوداؤد ، ابن ماجہ ۔ امام ترمذی ؒ نے فرمایا : اس کی سند متصل نہیں ، کیونکہ عون کی ابن مسعود ؓ سے ملاقات نہیں ہوئی ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 880
حذیفہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی ، آپ اپنے رکوع میں ((سبحان ربی العظیم)) اور سجود میں ((سبحان ربی الاعلیٰ)) پڑھا کرتے تھے ، جب آپ کسی آیت رحمت پر پہنچے تو وقف فرما کر رحمت طلب کرتے اور جب کسی آیت عذاب پر پہنچتے تو وقف فرما کر اللہ کی پناہ طلب کرتے ۔ ترمذی ، ابوداؤد ، دارمی ، اور نسائی و ابن ماجہ نے ((الاعلیٰ)) تک روایت کیا ، اور امام ترمذی ؒ نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ صحیح ۔

Haidth Number: 881
عوف بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ (حالت نماز میں) قیام کیا ، جب آپ ﷺ نے رکوع کیا تو سورۃ البقرہ کی قراءت کے برابر رکوع میں رہے اور یہ دعا کرتے رہے :’’ قہرو غلبے ، بادشاہت و کبریائی اور عظمت والا رب پاک ہے ۔‘‘ صحیح ، رواہ النسائی ۔

Haidth Number: 882
ابن جبی ؒ بیان کرتے ہیں ، میں نے انس بن مالک ؓ کو بیان کرتے ہوئے سنا : میں نے رسول اللہ ﷺ کے بعد کسی ایسے شخص کے پیچھے نماز نہیں پڑھی جس کی نماز ، اس نوجوان یعنی عمر بن عبدالعزیز کے سوا ، رسول اللہ ﷺ کی نماز کے مشابہ ہو ، راوی نے کہا ، انس ؓ نے فرمایا : ہم نے آپ ﷺ کے رکوع و سجود کی تسبیحات کا اندازہ دس دس مرتبہ کا لگایا ۔ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 883
شقیق ؒ بیان کرتے ہیں ، حذیفہ ؓ نے ایک آدمی کو نا مکمل رکوع و سجود کرتے ہوئے دیکھا ، جب وہ نماز پڑھ چکا تو انہوں نے اسے بلایا ، حذیفہ ؓ نے اسے فرمایا : تم نے نماز نہیں پڑھی ، راوی بیان کرتے ہیں ، میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا : اگر تم (اسی طرح) فوت ہو جاتے تو تم اس فطرت و ملت پر فوت نہ ہوتے جس پر اللہ نے محمد ﷺ کو پیدا فرمایا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 884
ابوقتادہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سب سے برا چور وہ ہے جو اپنی نماز کی چوری کرتا ہے ۔‘‘ صحابہ نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! وہ اپنی نماز کی چوری کیسے کرتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ اس کا رکوع و سجود مکمل نہیں کرتا ۔‘‘ حسن ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 885
نعمان بن مرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم شراب نوش ، زانی اور چور کے بارے میں کیا گمان کرتے ہو ؟‘‘ راوی کہتے ہیں ، یہ ان کے بارے حدود نازل ہونے سے پہلے کی بات ہے ، صحابہ نے عرض کیا ، اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ کبیرہ گناہ ہیں اور ان پر سزا ہے ، اور سب سے بڑی چوری وہ ہے جو اپنی نماز کی چوری کرتا ہے ۔‘‘ صحابہ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! وہ اپنی نماز کی کیسے چوری کرتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ اس کا رکوع و سجود مکمل نہیں کرتا ۔‘‘ مالک ، احمد ، جبکہ دارمی نے بھی اسی طرح روایت کیا ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 886