Blog
Books
Search Hadith

جنازے کے ساتھ جانے اور نماز جنازہ پڑھنے کا بیان

47 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جنازہ جلدی لے جایا کرو ، اگر تو وہ صالح ہے تو پھر تم اسے بھلائی کی طرف لے جارہے ہو ، اور اگر وہ اس کے علاوہ ہے تو پھر وہ ایک شر ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتار رہے ہو ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1646
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب جنازے کو رکھا جاتا ہے اور لوگ اسے کندھوں پر اٹھا لیتے ہیں تو اگر وہ نیک ہو تو کہتا ہے : مجھے آگے پہنچاؤ اور اگر وہ صالح نہ ہو تو وہ اپنے گھر والوں سے کہتا ہے : تباہی ہو ، تم مجھے کہاں لے جا رہے ہو ۔ انسان کے علاوہ ہر چیز اس کی آواز سنتی ہے ، اور اگر انسان سن لے تو وہ بے ہوش ہو جائے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1647
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم جنازہ دیکھو تو کھڑے ہو جاؤ ، اور جو شخص اس کے ساتھ جائے تو وہ اس وقت تک نہ بیٹھے حتیٰ کہ اسے رکھ دیا جائے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1648
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک جنازہ گزرا تو رسول اللہ ﷺ کھڑے ہو گئے اور ہم بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہو گئے ، پھر ہم نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! یہ تو ایک یہودی عورت کا جنازہ ہے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا : موت گھبراہٹ والی چیز ہے ، جب تم جنازہ دیکھو تو کھڑے ہو جاؤ ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1649
علی ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نے رسول اللہ ﷺ کو جنازہ دیکھ کر کھڑے ہوتے دیکھا تو ہم بھی کھڑے ہو گئے اور ہم نے آپ کو بیٹھتے دیکھا تو ہم بھی بیٹھ گئے ۔ اور امام مالک اور ابوداؤد کی روایت میں ہے : آپ جنازہ دیکھ کر کھڑے ہو گئے پھر اس کے بعد آپ بیٹھ گئے ۔ رواہ مسلم و مالک و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 1650
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص ایمان و ثواب کی نیت سے کسی مسلمان کے جنازے میں شریک ہوتا ہے ، اس کے ساتھ رہتا ہے حتیٰ کہ اس کی نماز جنازہ پڑھی جاتی ہے اور اس کے دفنانے سے فارغ ہو جاتا ہے تو وہ دو قراط اجر کے ساتھ واپس آتا ہے ، ہر قراط احد پہاڑ کی مثل ہے ، اور جو شخص نماز جنازہ پڑھتا ہے اور اس کے دفن ہونے سے پہلے واپس آ جاتا ہے تو وہ ایک قراط اجر کے ساتھ واپس آتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1651
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے نجاشی کے فوت ہونے کی ، جس روز وہ فوت ہوئے ، خبر سنائی اور آپ صحابہ کرام ؓ کو لے کر عید گاہ تشریف لے گئے ، آپ نے ان کی صفیں بنائیں اور چار تکبیریں کہیں ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1652
عبدالرحمن بن ابی لیلہ بیان کرتے ہیں ، زید بن ارقم ؓ نماز جنازہ میں چار تکبیریں کہا کرتے تھے ، جبکہ ایک جنازے پر انہوں نے پانچ تکبیریں کہیں تو ہم نے ان سے سوال کیا ۔ انہوں نے فرمایا : رسول اللہ ﷺ ایسے بھی کہا کرتے تھے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1653
طلحہ بن عبداللہ بن عوف بیان کرتے ہیں ، میں نے ابن عباس ؓ کے پیچھے نماز جنازہ پڑھی تو انہوں نے (بلند آواز سے) سورۃ الفاتحہ پڑھی ۔ بعد ازاں فرمایا : تاکہ تم جان لو کہ یہ سنت ہے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1654
عوف بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے نماز جنازہ پڑھی تو میں نے آپ کی دعا یاد کر لی ، آپ کہہ رہے تھے :’’ اے اللہ ! اسے معاف فرما ، اس کی بہترین مہمان نوازی فرما ، اس کی قبر فراخ فرما ، اس کے گناہ پانی ، اولوں اور برف سے دھو ڈال ، اسے گناہوں سے اس طرح صاف کر دے جیسے تو نے سفید کپڑے کو میل سے صاف کیا ہے ، اسے اس کے (دنیا والے) گھر سے بہتر گھر (دنیا کے) اہل سے بہتر اہل (خادم وغیرہ) اور (دنیا کی) زوجہ سے بہتر زوجہ عطا فرما ، اسے جنت میں داخل فرما اور عذاب قبر نیز عذاب جہنم سے محفوظ رکھ ۔‘‘ اور ایک روایت میں ہے :’’ اسے فتنہ قبر اور عذاب جہنم سے محفوظ فرما ۔‘‘ راوی بیان کرتے ہیں : (آپ نے اس قدر دعائیں کیں) کہ میں نے تمنا کی کہ کاش ! یہ میت میری ہوتی ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1655
ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے روایت ہے کہ جب سعد بن ابی وقاص ؓ نے وفات پائی تو عائشہ ؓ نے فرمایا : انہیں مسجد میں لے آؤ تاکہ میں بھی ان کی نماز جنازہ پڑھ سکوں ، لیکن ان کی یہ بات قبول نہ کی گئی ، تو انہوں نے فرمایا : اللہ کی قسم ! رسول اللہ ﷺ نے بیضاء کے دو بیٹوں ، سہیل اور اس کے بھائی کی نماز جنازہ مسجد میں پڑھی تھی ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1656
سمرہ بن جندب ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے ، حالت نفاس میں فوت ہو جانے والی عورت کی ، نماز جنازہ پڑھی ، تو آپ اس کے وسط میں کھڑے ہوئے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1657
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک قبر کے پاس سے گزرے جہاں گزشتہ رات کسی کو دفن کیا گیا تھا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے کب دفن کیا گیا ْ‘‘ صحابہ نے عرض کیا ، گزشتہ رات ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے مجھے کیوں نہ مطلع کیا ؟‘‘ انہوں نے عرض کیا : ہم نے رات کی تاریکی میں اسے دفن کیا تھا ، اس لیے ہم نے آپ کو بیدار کرنا مناسب نہ سمجھا ، پس آپ کھڑے ہوئے تو ہم نے آپ کے پیچھے صفیں باندھیں ، پھر آپ نے اس کی نماز جنازہ پڑھی ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1658
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک سیاہ فام خاتون ، جو کہ مسجد کی صفائی کیا کرتی تھیں یا کوئی نوجوان تھا ، رسول اللہ ﷺ نے اسے نہ دیکھا تو آپ نے اس کے بارے میں سوال کیا ، صحابہ نے عرض کیا ، وہ تو وفات پا چکا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے مجھے کیوں نہ مطلع کیا ؟‘‘ راوی بیان کرتے ہیں ، گویا انہوں نے اس کے معاملے کو کم تر سمجھا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مجھے اس کی قبر بتاؤ ۔‘‘ انہوں نے بتا دیا تو آپ نے وہاں نماز جنازہ پڑھی ، پھر آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہ قبریں اپنے اصحاب پر اندھیروں سے بھری پڑی ہیں ، اور بے شک اللہ میرے نماز جنازہ پڑھنے کے ذریعے انہیں منور فرما دیتا ہے ۔‘‘ بخاری ، مسلم اور الفاظ صحیح مسلم کے ہیں ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1659
ابن عباس ؓ کے آزاد کردہ غلام کریب ، ابن عباس ؓ سے روایت کرتے ہیں قدید یا عسفان کے مقام پر ان کا بیٹا فوت ہو گیا ۔ انہوں نے فرمایا : کریب ! دیکھو ، اس کے (جنازے) کے لیے کتنے لوگ جمع ہو چکے ہیں ؟ راوی بیان کرتے ہیں ، میں باہر آیا تو دیکھا کہ لوگ جمع ہو چکے تھے ، میں نے آپ کو بتایا تو انہوں نے پوچھا : وہ چالیس ہیں ؟ انہوں نے کہا : جی ہاں ، پھر ابن عباس ؓ نے فرمایا : اسے لے چلو ، کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو مسلمان فوت ہو جائے اور پھر چالیس موحّد (جو اللہ کا شریک نہیں ٹھہراتے) اس کی نماز جنازہ پڑھ لیں تو اللہ اس شخص کے بارے میں ان کی شفاعت قبول فرماتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1660
عائشہ ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتی ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس میت پر سو مسلمان جنازہ پڑھیں اور وہ تمام اس کے حق میں سفارش کریں تو اس کے حق میں ان کی سفارش قبول کی جاتی ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1661
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، وہ ایک جنازے کے پاس سے گزرے تو انہوں نے اس کی اچھائی بیان کی ، جس پر نبی ﷺ نے فرمایا :’’ واجب ہو گئی ۔‘‘ پھر وہ دوسرے جنازے کے پاس سے گزرے تو انہوں نے اس کی برائی بیان کی تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ واجب ہو گئی ۔‘‘ عمر ؓ نے عرض کیا : کیا واجب ہو گئی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے اس کی اچھائی بیان کی تو اس کے لیے جنت واجب ہو گئی اور جس کی تم نے برائی بیان کی تو اس کے لیے جہنم واجب ہو گئی ، تم زمین پر اللہ کے گواہ ہو ۔‘‘ بخاری ، مسلم اور ایک روایت میں ہے ’’ مومن زمین پر اللہ کے گواہ ہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1662
عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس مسلمان کے بارے میں چار آدمی گواہی دے دیں کہ وہ اچھا ہے تو اللہ اسے جنت میں داخل فرمائے گا ۔‘‘ ہم نے عرض کیا : اور تین آدمی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تین آدمی ۔‘‘ ہم نے عرض کیا : دو آدمی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ دو آدمی ۔‘‘ پھر ہم نے ایک کے بارے میں آپ سے نہیں پوچھا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1663
Haidth Number: 1664
جابر ؓ سے روایت ہے ، رسول اللہ ﷺ شہدائے احد کے دو دو آدمیوں کو ایک کپڑے میں اکٹھا کرتے اور فرماتے ’’ ان میں سے قرآن کا علم کس کو زیادہ تھا ؟‘‘ جب ان میں سے کسی ایک کی طرف اشارہ کر دیا جاتا تو آپ ﷺ اسے پہلے لحد میں اتارتے ، اور فرماتے :’’ میں روز قیامت ان لوگوں کی گواہی دوں گا ۔‘‘ آپ نے انہیں اسی خون آلودہ حالت میں دفن کرنے کا حکم فرمایا ، آپ نے ان کی نماز جنازہ پڑھی نہ انہیں غسل دیا گیا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1665
جابر بن سمرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، جب نبی ﷺ ابن دحداح کی نماز جنازہ سے فارغ ہوئے تو زین کے بغیر ایک گھوڑا آپ کی خدمت میں پیش کیا گیا جس پر آپ سوار ہو گئے جبکہ ہم آپ کے اردگرد پیدل چلتے رہے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1666
مغیرہ بن شعبہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ سوار شخص جنازے کے پیچھے جبکہ پیدل چلنے والا اس کے پیچھے ، اس کے آگے ، اس کے دائیں اور اس کے بائیں اس کے قریب قریب چلے گا ، اور نامکمل پیدا ہونے والے بچے کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی اور اس کے والدین کے لیے مغفرت و رحمت کی دعا کی جائے گی ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و احمد و الترمذی ۔ احمد ، ترمذی ، نسائی اور ابن ماجہ کی روایت میں ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ سوار جنازے کے پیچھے جبکہ پیادہ جس طرف چاہے چل سکتا ہے ، اور بچے کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی ۔‘‘ مصابیح میں مغیرہ بن زیاد سے مروی ہے ۔

Haidth Number: 1667
زہری ، سالم سے اور وہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا : میں نے رسول اللہ ﷺ ، ابوبکر ؓ اور عمر ؓ کو جنازے کے آگے چلتے ہوئے دیکھا ۔ احمد ، ابوداؤد ، ترمذی ، نسائی ، ابن ماجہ ، امام ترمذی نے فرمایا : اور محدثین اسے مرسل سمجھتے ہیں ۔ صحیح ۔

Haidth Number: 1668
عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جنازے کے پیچھے چلنا چاہیے ، اس کے آگے نہیں چلنا چاہیے اور جو شخص اس کے آگے چلتا ہے تو وہ (شرعی لحاظ سے) اس کے ساتھ نہیں ۔‘‘ ترمذی ، ابوداؤد ، ابن ماجہ ، امام ترمذی نے فرمایا : ابوماجد راوی مجہول ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1669
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص جنازے کے ساتھ چلے اور تین مرتبہ اسے اٹھائے تو اس نے اپنے ذمے اس کے حق کو ادا کر دیا ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ۔

Haidth Number: 1670
شرح السنہ میں مروی ہے کہ نبی ﷺ نے سعد بن معاذ ؓ کے جنازے کو دو پایوں کے درمیان سے اٹھایا ۔ لا اصل لہ ۔

Haidth Number: 1671
ثوبان ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نبی ﷺ کی معیت میں ایک جنازہ میں شریک ہوئے ۔ آپ ﷺ نے کچھ لوگوں کو سواریوں پر دیکھا تو فرمایا :’’ کیا تمہیں حیا نہیں آتا کہ اللہ کے فرشتے تو پیدل ہیں اور تم سواریوں پر ہو ۔‘‘ ترمذی ، ابن ماجہ ، اور ابوداؤد نے بھی اسی طرح روایت کیا ہے ، اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ ثوبان ؓ سے موقوف روایت کی گئی ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1672
Haidth Number: 1673
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم جنازہ پڑھو تو میت کے لیے خلوص کے ساتھ دعا کرو ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 1674
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ نماز جنازہ پڑھتے تو یہ دعا فرماتے :’’ اے اللہ ! ہمارے زندوں ، ہمارے مردوں ، ہمارے موجود اور ہمارے غیر موجود ، ہمارے چھوٹوں اور ہمارے بڑوں ہمارے مردوں اور ہماری عورتوں کی مغفرت فرما ، اے اللہ ! تو ہم میں سے جسے زندہ رکھے تو اسے اسلام پر زندہ رکھ اور تو ہم میں سے جسے فوت کرے تو اسے ایمان پر فوت کرنا ، اے اللہ ! ہمیں اس کے اجر سے محروم کرنا نہ اس کے بعد ہمیں فتنے کا شکا کرنا ۔‘‘ حسن ، رواہ احمد و ابوداؤد و الترمذی وابن ماجہ ۔

Haidth Number: 1675