وَزَعْتُہٗ عَنْ کَذَا کے معنی کسی آدمی کو کسی سے کام سے روک دینا کے ہیں چنانچہ قرآن پاک میں ہے:۔ (وَ حُشِرَ لِسُلَیۡمٰنَ جُنُوۡدُہٗ مِنَ الۡجِنِّ وَ الۡاِنۡسِ وَ الطَّیۡرِ فَہُمۡ یُوۡزَعُوۡنَ ) (۲۷۔۱۷) اور سلیمان علیہ السلام کے لئے جنوں اور انسانوں کے لشکر جمع کئے گئے اور وہ قسم وار کیے گئے تھے۔تو یُوْزَعُوْنَ میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ وہ عساکرباوجود کثیر التعداد اور متفاوت ہونے کے غیر مرتب اور منتشر نہیں تھے۔جیسا کہ عام طور پر کثیر التعداد افواج کا حال ہوتا ہے بلکہ وہ نظم و ضبط میں تھے کہ کبھی سرکشی اختیار نہیں کرتے تھے اور بعض نے یُوْزَعُوْنَ کے یہ معنی کیے ہیں کہ لشکر کا اگلا حصہ پچھلے کی خاطر رکا رہتا تھا اور آیت:۔ (وَ یَوۡمَ یُحۡشَرُ اَعۡدَآءُ اللّٰہِ اِلَی النَّارِ فَہُمۡ یُوۡزَعُوۡنَ) (۴۱۔۱۹) جس دن خدا کے دشمن دوزخ کی طرف چلائے جائیں گے تو ترتیب وار کرلیئے جائیں گے۔میں یُوْزَعُوْنَ سے انہیں عقوبت کے طور پر روک لینا مراد ہے جیسا کہ دوسری جگہ فرمایا: (وَ لَہُمۡ مَّقَامِعُ مِنۡ حَدِیۡدٍ) (۲۲۔۲۱) اور ان کے مارنے ٹھوکنے کے لئے لوہے کے ہتھوڑے ہونگے۔محاورہ ہے (1) (۱۴۴) (لَابُدَّ لِلسُّلْطَانِ مِنْ وَّزَعَۃٍ) کہ سلطان کے لئے محافظ دستہ یا کارندوں کا ہونا ضروری ہے۔جو لوگوں کو بے قانون ہونے سے روکیں۔بعض نے کہا ہے کہ وُزُوْعْ کے معنی کسی چیز پر فریفتہ ہونے کے ہیں اور محاورہ ہے۔ اَوْزَعَ اﷲُ فُلَانًا:اﷲ تعالیٰ نے فلاں کو شکرگزاری کا الہام کیا۔بعض نے کہا کہ یہ بھی اَوْزَعَ بِالشَّیْئِ سے ماخوذ ہے جس کے معنی کسی چیز کا شیدائی بننے کے ہیں تو اَوْزَعَ اﷲُ فُلَانًا سے مراد یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے اسے اپنی شکرگزاری کا شیدائی بنادیا اور رَجُلٌ وَزُوْعٌ کے معنی کسی چیز پر فریفتہ ہونے والا کے ہیں۔اس بنا پر آیت کریمہ:۔ (رَبِّ اَوۡزِعۡنِیۡۤ اَنۡ اَشۡکُرَ نِعۡمَتَکَ الَّتِیۡۤ اَنۡعَمۡتَ عَلَیَّ) (۲۷۔۱۹) اے پروردگار!مجھے توفیق عنایت کرکہ جو احسان تو نے مجھ پر کئے ہیں ان کا شکرکروں میں بعض نے اَوْزِعْنِیْ کے معنی اَلْھِمْنِیْ کیے ہیں یعنی مجھے شکر گزاری کا الہام کر مگر اس کے اصل معنی یہ ہیں کہ مجھے شکر گزاری کا اس قدر شیفتہ بناکہ میں اپنے نفس کو تیری ناشکری سے روک لوں۔
Words | Surah_No | Verse_No |
اَوْزِعْنِيْٓ | سورة النمل(27) | 19 |
اَوْزِعْنِيْٓ | سورة الأحقاف(46) | 15 |
يُوْزَعُوْنَ | سورة النمل(27) | 17 |
يُوْزَعُوْنَ | سورة النمل(27) | 83 |
يُوْزَعُوْنَ | سورة حم السجدہ(41) | 19 |