چاند اور مہ وسال حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے لوگوں نے چاند کے بارے میں سوال کیا جس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ اس سے قرض وغیرہ کے وعدوں کی میعاد معلوم ہو جاتی ہے ، عورتوں کی عدت کا وقت معلوم ہوتا ہے ، حج کا وقت معلوم ہوتا ہے ، مسلمانوں کے روزے کے افطار کا تعلق بھی اسی سے ہے ، مسند عبدالرزاق میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے چاند کو لوگوں کے وقت معلوم کرنے کے لئے بنایا ہے اسے دیکھ کر روزے رکھو اسے دیکھ کر عید مناؤ اگر ابر وباراں کی وجہ سے چاند نہ دیکھ سکو تو تیس دن پورے گن لیا کرو ، اس روایت کو حضرت امام حاکم نے صحیح کہا ہے یہ حدیث اور سندوں سے بھی مروی ہے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے ایک موقوف روایت میں بھی یہ مضمون وارد ہوا ہے ۔ آگے چل کر ارشاد ہوتا ہے کہ بھلائی گھروں کے پیچھے سے آنے میں نہیں بلکہ بھلائی تقویٰ میں ہے گھروں میں دروازوں سے آؤ ۔ صحیح بخاری شریف میں ہے کہ جاہلیت کے زمانہ یہ دستور تھا کہ احرام میں ہوتے تو گھروں میں پشت کی جانب سے آتے جس پر یہ آیت نازل ہوئی ۔ ابو داؤد طیالسی میں بھی یہ روایت ہے انصار کا عام دستور تھا کہ سفر سے جب واپس آتے تو گھر کے دروازے میں نہیں گھستے تھے دراصل یہ بھی جاہلیت کے زمانہ میں قریشیوں نے اپنے لیے ایک اور امتیاز قائم کر لیا تھا کہ اپنا نام انہوں نے حمس رکھا تھا احرام کی حالت یہ تو براہ راست اپنے گھروں میں آسکتے تھے لیکن دوسرے لوگ سیدھے راستے گھروں میں داخل نہیں ہو سکتے تھے ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک باغ سے اس کے دروازے سے نکلے تو آپ کے ایک انصاری صحابی حضرت قطبہ بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی آپ کے ساتھ ہی اسی دروازے سے نکلے اس پر لوگوں نے حضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ تو ایک تجارت پیشہ شخص ہیں یہ آپ کے ساتھ آپ کی طرح اس دروازے سے کیوں نکلے؟ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پہلے جواب دیا کہ میں نے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جس طرح کرتے دیکھا کیا ۔ مانا کہ آپ حمس میں سے ہیں لیکن میں بھی تو آپ کے دین پر ہی ہوں ، اس پر یہ آیت نازل ہوئی ( ابن ابی حاتم ) حضرت ابن عباس وغیرہ رضی اللہ عنہ سے بھی یہ روایت مروی ہے حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جاہلیت کے زمانے میں بہت سی قوموں کا یہ رواج تھا کہ جب وہ سفر کے ارادے سے نکلتے پھر سفر ادھورا چھوڑ کر اگر کسی وجہ سے واپس چلے آتے تو گھر کے دروازے سے گھر میں نہ آتے بلکہ پیچھے کی طرف سے چڑھ کر آتے جس سے اس آیت میں روکا گیا ، محمد بن کعب فرماتے ہیں اعتکاف کی حالت میں بھی یہی دستور تھا جسے اسلام نے ختم کیا ، عطا فرماتے ہیں اہل مدینہ کا عیدوں میں بھی یہی دستور تھا جسے اسلام نے ختم کر دیا ۔ پھر فرمایا اللہ تعالیٰ کے حکموں کو بجا لانا اس کے منع کئے ہوئے کاموں سے رک جانا اس کا ڈر دل میں رکھنا یہ چیزیں ہیں جو دراصل اس دن کام آنے والی ہیں جس دن ہر شخص اللہ تعالیٰ کے سامنے پیش ہوگا اور پوری پوری جزا سزا پائے گا ۔
189۔ 1 انصار جاہلیت میں جب حج یا عمرہ کا احرام باندھ لیتے اور پھر کسی خاص ضرورت کے لئے گھر آنے کی ضرورت پڑجاتی تو دروازے سے آنے کے بجائے پیچھے سے دیوار پھلانگ کر اندر آتے، اس کو نیکی سمجھتے اللہ تعالیٰ نے فرمایا یہ نیکی نہیں ہے۔
[٢٤٨] سائل کا اصل سوال یہ تھا کہ چاند کیسے گھٹتا بڑھتا ہے اور اس کی شکلیں کیوں کر بدلتی رہتی ہیں۔ لیکن یہ سوال چونکہ علم ہئیت کا ایک پیچیدہ مسئلہ ہے کہ عام آدمی کی ذہنی سطح سے بلند ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس کا انسان کی عملی زندگی اور ہدایت سے کوئی تعلق نہیں۔ لہذا اللہ تعالیٰ نے اس سوال کے جواب کا رخ اس طرف موڑ دیا۔ جس کا تعلق انسان کی ہدایت اور عملی زندگی سے تھا اور فرمایا کہ یہ تمہارے لیے قدرتی جنتری ہے۔ نیز تم ان اشکال قمر سے حج کے اوقات بھی معلوم کرسکتے ہو۔ یہاں یہ بات ملحوظ رکھنا چاہیے کہ جن شرعی احکام کا تعلق دن کے اوقات سے ہو ان کا تعلق سورج سے ہوگا۔ جیسے نمازوں کے اوقات اور روزہ کے لیے سحری و افطاری کے اوقات۔ اسی طرح دنوں کا شمار سورج سے تعلق رکھتا ہے۔ مگر جب یہ مدت ایک ماہ یا ایک ماہ سے زائد ہوگی تو مدت کا شمار چاند کے حساب سے ہوگا۔ مثلاً رمضان کے ایام (انتیس ہیں یا تیس) بیوہ یا مطلقہ کی عدت، مدت حمل، رضاعت وغیرہ اور زکوٰۃ کا حساب بھی قمری سال کے مطابق ہوگا۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ حقیقی اور قدرتی تقویم قمری ہی ہے اور یہی مواقیت للناس کا مطلب ہے۔ رہے حج کے اوقات تو وہ ماہ شوال، ذیقعد اور ذوالحجہ کے دس دن ہیں۔- [٢٤٩] جاہلیت کا ایک دستور یہ بھی تھا کہ حج کا احرام باندھنے کے بعد اگر کسی کو گھر آنے کی ضرورت پیش آجاتی اور اسی طرح حج سے واپسی کے بعد تو یہ لوگ واپس گھر کے دروازہ کے بجائے گھر کے پچھواڑے سے یا پچھلی دیوار میں کسی کھڑی سے گھر میں داخل ہوتے اور اسے نیکی کا کام سمجھتے تھے چناچہ حضرت براء (رض) فرماتے ہیں کہ یہ آیت ہم انصاری لوگوں کے حق میں نازل ہوئی وہ جب حج کر کے واپس آتے تو دروازوں سے نہ آتے بلکہ پچھواڑے سے آتے۔ ایک دفعہ ایک انصاری دروازے سے اندر آیا تو سب اسے لعنت ملامت کرنے لگے۔ تب یہ آیت اتری۔ (بخاری، کتاب المناسک، باب قولہ تعالیٰ واٰتوا البیوت من ابو ابھا) اس سے ضمناً یہ معلوم ہوگیا کہ کسی بات کو نیکی سمجھ کر دین میں داخل کردینا مذموم اور ممنوع ہے اور بدعات بھی اسی ذیل میں آتی ہیں۔
الْاَهِلَّةِ یہ ” ھِلاَلٌ“ کی جمع ہے۔ پہلی اور دوسری رات کے چاند کو ہلال کہا جاتا ہے، پھر اسے ” قمر “ کہا جاتا ہے۔ (راغب) لوگوں نے چاند کے گھٹنے بڑھنے کی حکمت دریافت کی تو اللہ تعالیٰ نے جواب دیا کہ چاند ہر ماہ ہلال کی صورت میں نمودار ہوتا ہے، پھر وہ چودھویں کو پورا (بدر) ہوجاتا ہے۔ آخری رات بالکل غائب ہوجاتا ہے، پھر دوبارہ نئے چاند کی صورت میں نمودار ہوجاتا ہے، جس سے شہروں اور بستیوں کے علاوہ صحراؤں اور سمندروں میں رہنے والوں کو بھی معلوم ہوجاتا ہے کہ نیا مہینا شروع ہوگیا ہے اور وہ اس کی مختلف حالتوں سے تاریخ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔ جب کہ سورج ہمیشہ مکمل رہتا ہے، اس کے حساب سے وقت اور تاریخ معلوم کرنا دنیا کے ہر حصے میں رہنے والوں کے لیے ممکن نہ تھا، اس لیے اللہ تعالیٰ نے بدلنے والے چاندوں کو بطور کیلنڈر مقرر فرمایا، حج، کفارات اور معاملات، مثلاً طلاق اور وفات کی عدت چاند کے لحاظ ہی سے مقرر فرمائی۔ ہر ماہ طلوع ہونے والے چاندوں کے لحاظ سے ” الْاَهِلَّةِ “ جمع ذکر فرمایا۔ - وَلَيْسَ الْبِرُّ بِاَنْ تَاْتُوا الْبُيُوْتَ مِنْ ظُهُوْرِھَا۔۔ : حج کا ذکر آیا تو ایام حج میں جاہلیت کی ایک رسم کا رد فرمایا۔ براء (رض) فرماتے ہیں کہ یہ آیت ہمارے بارے میں نازل ہوئی، انصار جب حج کرتے، پھر (واپس) آتے تو اپنے گھروں کے دروازوں سے داخل نہیں ہوتے تھے، اب انصار کا ایک آدمی (حج سے) آیا اور اپنے دروازے کی طرف سے داخل ہوگیا تو گویا اسے اس کی عار دلائی گئی تو یہ آیت اتری : (وَلَيْسَ الْبِرُّ بِاَنْ تَاْتُوا الْبُيُوْتَ مِنْ ظُهُوْرِھَا وَلٰكِنَّ الْبِرَّ مَنِ اتَّقٰى ۚ وَاْتُوا الْبُيُوْتَ مِنْ اَبْوَابِهَا ۠) [ بخاری، العمرۃ، باب قول اللہ تعالیٰ : ( و أتوا البیوت من أبوابہا ) : ١٨٠٣ ] - دوسری روایت میں براء بن عازب (رض) فرماتے ہیں کہ جاہلیت میں جب لوگ احرام باندھ لیتے تو گھروں کی پچھلی طرف سے گھر آتے، تو اس پر یہ آیت اتری۔ [ بخاری، التفسیر، بابٌ : ( ولیس البر بأن تأتوا البیوت ۔۔ ) : ٤٥١٢ ] آیت میں دونوں کا رد ہے۔- وَلَيْسَ الْبِرُّ بِاَنْ “ اس میں ” وَلَيْسَ “ کی تاکید ” باء “ کے ساتھ ہونے کی وجہ سے ترجمہ کیا ہے ” نیکی ہرگز یہ نہیں۔ “
ربط آیات :- آیت لَيْسَ الْبِرُّ کے تحت بیان ہوچکا ہے کہ اس کے بعد آخر سورة بقرہ تک ابواب البر کا بیان ہوگا جو اہم احکام شرعیہ پر مشتمل ہیں، ان میں پہلا حکم قصاص کا دوسرا وصیت کا، تیسرا اور چوتھا صوم اور اس کے متعلقہ مسائل کا، پانچواں اعتکاف کا، چھٹا مال حرام سے بچنے کا تھا، مذکور الصدر دو آیتوں میں حج اور جہاد کے احکام و مسائل کا بیان ہے اور حج کے حکم سے پہلے یہ بتلایا گیا کہ روزہ اور حج وغیرہ میں قمری مہینوں اور دنوں کا اعتبار ہوگا،- لغات : اَهِلَّةِ ہلال کی جمع ہے، قمری مہینہ کی ابتدائی چند راتوں کے چاند کو ہلال کہا جاتا ہے مواقیت، میقات کی جمع ہے جس کے معنی مطلق وقت یا منتہائے وقت کے آتے ہیں (قرطبی) - خلاصہ تفسیر :- حکم ہفتم، اعتبار حساب قمری درحج وغیرہ :- (بعضے آدمی) آپ سے (ان) چاندوں کے (ہر مہینہ گھٹنے بڑہنے کی) حالت ( اور اس میں جو فائدہ ہے اس فائدہ) کی تحقیقات کرتے ہیں آپ فرما دیجئے کہ (فائدہ اس کا یہ ہے کہ) وہ چاند (اپنے اس گھٹنے اور بڑہنے کے اعتبار سے لزوما یا سہولۃ) آلہ شناخت اوقات ہیں لوگوں کے (اختیاری معاملات مثل عدت و مطالبہ حقوق کے) لئے اور (غیر اختیاری عبادات مثل) حج (وزکوۃ و روزہ وغیرہ) کے لئے، - حکم ہشتم، اصلاح رسم جاہلیت :- (بعض لوگ قبل اسلام کے اگر حج کا احرام باندھنے کے بعد کسی ضرورت سے گھر جانا چاہتے تھے تو دروازہ سے جانا ممنوع جانتے تھے اس لئے پشت کی دیوار میں نقب دے کر اس میں سے اندر جاتے تھے اور اس عمل کو فضیلت سمجھتے تھے حق تعالیٰ اس کے متعلق بعد ذکر حج کے ارشاد فرماتے ہیں) اور اس میں کوئی فضیلت نہیں کہ گھروں میں ان کی پشت کی طرف سے آیا کرو، ہاں لیکن فضیلت یہ ہے کہ کوئی شخص حرام (چیزوں) سے بچے اور (چونکہ گھروں میں دروازہ کی طرف سے آنا حرام نہیں ہے اس لئے اس سے بچنا بھی ضروری نہیں سو اگر آنا چاہو تو) گھروں میں ان کے دروازوں سے آؤ اور (اصل الاصول تو یہ ہے کہ) خدا تعالیٰ سے ڈرتے رہو (اس سے البتہ) امید ہے کہ تم (دارین میں) کامیاب ہو،- حکم نہم، قتال کفار :- (ذی قعدہ ٦ ہجری میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ادائے عمرہ کے قصد سے مکہ معظمہ تشریف لے چلے اس وقت تک مکہ معظمہ مشرکین کے قبضہ اور حکومت میں تھا ان لوگوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور آپ کے ہمراہیوں کو مکہ کے اندر نہ جانے دیا اور عمرہ رہ گیا آخر بڑی گفتگو کے بعد یہ معاہدہ قرار پایا کہ سال آئندہ تشریف لاکر عمرہ ادا فرماویں۔ چناچہ ذی قعدہ ٧ ھ میں پھر آپ اسی قصد سے تشریف لے چلے لیکن آپ کے ساتھ مسلمانوں کو یہ اندیشہ ہوا کہ شاید مشرکین اپنا معاہدہ پورا نہ کریں اور آمادہ مقابلہ ومقاتلہ نہ ہوجاویں تو ایسی حالت میں نہ سکوت مصلحت ہے اور اگر مقابلہ کیا جاوے تو ذی قعدہ میں قتال لازم آتا ہے اور یہ مہینہ منجملہ ان چار مہینوں کے ہے جن کو اشہر حرم کہا جاتا ہے ان چاروں مہینوں میں اس وقت تک قتل و قتال حرام و ممنوع تھا یہ چار مہینے ذی قعدہ، ذی الحجہ، محرم اور رجب تھے غرض مسلمان اس تردد سے پریشان تھے حق تعالیٰ نے یہ آیتیں نازل فرمائیں کہ ان خاص معاہدہ کرنے والوں کے ساتھ بوجہ باہمی معاہدہ کے تم کو اپنی جانب سے ابتداءً قتال کرنے کی اجازت نہیں لیکن اگر وہ لوگ خود عہد شکنی کریں اور تم سے لڑنے کو آمادہ ہوجاویں تو اس وقت تم کسی طرح کا اندیشہ دل میں مت لاؤ) اور (بےتکلف) تم (بھی) لڑو اللہ کی راہ میں (یعنی اس نیت سے کہ یہ لوگ دین کی مخالفت کرتے ہیں) ان لوگوں کے ساتھ جو (نقص عہد کرکے) تمہارے ساتھ لڑنے لگیں اور (ازخود) حد (معاہدہ) سے مت نکلو (کہ عہد شکنی کرکے لڑنے لگو) واقعی اللہ تعالیٰ حد (قانون شرعی) سے نکلنے والوں کو پسند نہیں کرتے اور (جس حالت میں وہ خود عہد شکنی کریں تو اس وقت دل کھول کر خواہ) ان کو قتل کرو جہاں ان کو پاؤ اور (خواہ) ان کو (مکہ سے) نکال باہر کرو جہاں سے انہوں نے تم کو (تنگ کرکے اور ایذائیں پہنچا کر) نکلنے (اور ہجرت کرنے) پر مجبور کیا ہے اور (تمہارے اس قتل واخراج کے بعد بھی عقلا الزام انھیں پر رہے گا کیونکہ عہد شکنی جو ان سے واقع ہوگی بڑی شرارت کی بات ہے اور ایسی) شرارت (ضرر میں) قتل ( واخراج) سے بھی سخت تر ہے (کیونکہ اس قتل واخراج کی نوبت اس شرارت ہی کی بدولت پہنچتی ہے) اور (علاوہ معاہدہ کے ان کے ساتھ ابتداءً قتال کرنے سے ایک اور امر بھی مانع ہے وہ یہ کہ حرم شریف یعنی مکہ اور اس کا گردا گرد ایک واجب الاحترام جگہ ہے اور اس میں قتال کرنا اس کے احترام کے خلاف ہے اس لئے بھی حکم دیا جاتا ہے کہ) ان کے ساتھ مسجد حرام کے قرب (ونواح) میں (جو حرم کہلاتا ہے) قتال مت کرو جب تک کہ وہ لوگ وہاں تم سے خود نہ لڑیں ہاں اگر وہ (کفار) خود ہی لڑنے کا سامان کرنے لگیں تو (اس وقت پھر تم کو بھی اجازت ہے کہ) تم (بھی) ان کو مارو (دھاڑو) ایسے کافروں (جو حرم میں لڑنے لگیں) ایسی ہی سزا ہے،- معارف و مسائل :- پہلی آیت میں صحابہ کرام کا ایک سوال اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کا جواب نقل کیا گیا ہے، امام المفسرین حضرت عبداللہ بن عباس فرماتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے صحابہ کرام کی ایک شان ہے کہ انہوں نے بوجہ عظمت وہیبت کے اپنے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے سوالات بہت کم کئے ہیں بخلاف پچھلی امتوں کے کہ جنہوں نے بکثرت سوالات کئے اور اس ادب کو ملحوظ نہیں رکھا۔ حضرت ابن عباس نے فرمایا کہ صحابہ کرام (رض) اجمعین کے سوالات جن کا ذکر قرآن میں آیا ہے کل چودہ ہیں جن میں سے ایک سوال ابھی اوپر گذرا ہے، وَاِذَا سَاَلَكَ عِبَادِيْ دوسرا سوال یہ ہے اور ان کے بعد سورة بقرہ ہی میں چھ سوال اور مذکور ہیں اور باقی چھ سوالات مختلف سورتوں میں آئے ہیں،- آیت مذکورہ میں ذکر یہ ہے کہ صحابہ کرام (رض) اجمعین نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے اَهِلَّةِ یعنی شروع مہینے کے چاند کے متعلق سوال کیا کہ اس کی صورت آفتاب سے مختلف ہے کہ وہ کبھی باریک ہلالی شکل میں ہوتا ہے پھر آہستہ آہستہ بڑہتا ہے پھر پورا دائرہ ہوجاتا ہے پھر اس میں تدریجی کمی اسی طرح آتی ہے اس کی حقیقت دریافت کی یا حکمت و مصلحت کا سوال کیا دونوں احتمال ہیں مگر جو جواب دیا گیا اس میں حکمت و مصلحت کا بیان ہے اگر سوال ہی یہ تھا کہ چاند کے گھٹنے بڑہنے میں حکمت و مصلحت کیا ہے تب تو جواب اس کے مطابق ہو ہی گیا اور اگر سوال سے اس گھٹنے بڑ ہنے کی حقیقت دریافت کرنا مقصود تھا جو صحابہ کرام کی شان سے بعید ہے تو پھر جواب بجائے حقیقت کے حکمت و مصلحت بیان کرنے سے اس امر کی طرف اشارہ ہے کہ اجرام سماویہ کے حقائق دریافت کرنا انسان کے بس میں بھی نہیں اور ان کا کوئی دینی یا دنیوی کام اس حقیقت کے علم پر موقوف بھی نہیں اس لئے حقیقت کا سوال فضول ہے پوچھنے اور بتلانے کی بات یہ ہے کہ چاند کے اس طرح گھٹنے بڑہنے چھپنے اور طلوع ہونے سے ہمارے کون سے مصالح وابستہ ہیں اس لئے جواب میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو یہ ارشاد فرمایا کہ آپ ان سے کہہ دیں کہ تمہاری مصالح جو چاند سے وابستہ ہیں یہ ہیں کہ اس کے ذریعہ تمہیں اپنے معاملات اور معاہدوں کی میعاد مقرر کرنا اور حج کے ایام معلوم کرنا آسان ہوجائے گا،- قمری اور شمسی حساب کی شرعی حیثیت :- اس آیت سے تو اتنا معلوم ہوا کہ چاند کے ذریعہ تمہیں تاریخوں اور مہینوں کا حساب معلوم ہوجائے گا جس پر تمہارے معاملات اور عبادات حج وغیرہ کی بنیاد ہے اسی مضمون کو سورة یونس کی آیت نمبر ٥ میں اس عنوان سے بیان فرمایا ہے وَقَدَّرَهٗ مَنَازِلَ لِتَعْلَمُوْا عَدَدَ السِّـنِيْنَ وَالْحِسَابَ (یونس) جس سے معلوم ہوا کہ چاند کو مختلف منزلوں اور مختلف حالات سے گذارنے کا فائدہ یہ ہے کہ اس کے ذریعہ سال اور مہینوں اور تاریخوں کا حساب معلوم ہوسکے مگر سورة بنی اسرائیل کی آیت نمبر ١٢ میں اس حساب کا تعلق آفتاب سے بھی بتلایا گیا ہے وہ یہ ہے : فَمَــحَوْنَآ اٰيَةَ الَّيْلِ وَجَعَلْنَآ اٰيَةَ النَّهَارِ مُبْصِرَةً لِّتَبْتَغُوْا فَضْلًا مِّنْ رَّبِّكُمْ وَلِتَعْلَمُوْا عَدَدَ السِّنِيْنَ وَالْحِسَابَ (١٢: ١٧) پھر مٹایا رات کا نمونہ اور بنادیا دن کا نمونہ دیکھنے کو تاکہ تلاش کرو فضل اپنے رب کا اور تاکہ معلوم کرو گنتی برسوں کی اور حساب۔- اس تیسری آیت سے اگرچہ یہ ثابت ہوا کہ سال اور مہینوں وغیرہ کا حساب آفتاب سے بھی لگایا جاسکتا ہے (کما ذکرہ فی روح المعانی) - لیکن چاند کے معاملہ میں جو الفاظ قرآن کریم نے استعمال کئے ان سے واضح اشارہ اس طرف نکلتا ہے کہ شریعت اسلام میں حساب چاند ہی کا متعین ہے خصوصاً ان عبادات میں جن کا تعلق کسی خاص مہینے اور اس کی تاریخوں سے ہے جیسے روزہ رمضان، حج کے مہینے، حج کے ایام، محرم، شب برأت وغیرہ سے جو احکام متعلق ہیں وہ سب رویت ہلال سے متعلق کئے گئے ہیں کیونکہ اس آیت میں ھِىَ مَوَاقِيْتُ للنَّاسِ وَالْحَجِّ فرما کر بتلا دیا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک حساب چاند ہی کا معتبر ہے اگرچہ یہ حساب آفتاب سے بھی معلوم ہوسکتا ہے۔- شریعت اسلام نے چاند کے حساب کو اس لئے اختیار فرمایا کہ اس کو ہر آنکھوں والا افق پر دیکھ کر معلوم کرسکتا ہے عالم، جاہل، دیہاتی، جزیروں، پہاڑوں کے رہنے والے جنگلی سب کو اس کا علم آسان ہے بخلاف شمسی حساب کے کہ وہ آلات رصدیہ اور قواعد ریاضیہ پر موقوف ہے جس کو ہر شخص آسانی سے معلوم نہیں کرسکتا پھر عبادات کے معاملہ میں تو قمری حساب کو بطور فرض متعین کردیا اور عام معاملات تجارت وغیرہ میں بھی اسی کو پسند کیا جو عبادت اسلامی کا ذریعہ ہے اور ایک طرح کا اسلامی شعار ہے اگرچہ شمسی حساب کو بھی ناجائز قرار نہیں دیا شرط یہ ہے کہ اس کا رواج اتنا عام نہ ہوجائے کہ لوگ قمری حساب کو بالکل بھلا دیں کیونکہ ایسا کرنے میں عبادات روزہ وحج وغیرہ میں خلل لازم آتا ہے جیسا اس زمانے میں عام دفتروں اور کاروباری اداروں بلکہ نجی اور شخصی مکاتبات میں بھی شمسی حساب کا ایسا رواج ہوگیا ہے کہ بہت سے لوگوں کو اسلامی مہینے بھی پورے یاد نہیں رہے یہ شرعی حیثیت کے علاوہ غیرت قومی وملی کا بھی دیوالیہ پن ہے اگر دفتری معاملات میں جن کا تعلق غیر مسلموں سے بھی ہے ان میں صرف شمسی حساب رکھیں باقی نجی خط و کتابت اور روز مرہ کی ضروریات میں قمری اسلامی تاریخوں کا استعمال کریں تو اس میں فرض کفایہ کی ادائیگی کا ثواب بھی ہوگا اور اپنا قومی شعار بھی محفوظ رہے گا۔- مسئلہ : لَيْسَ الْبِرُّ بِاَنْ تَاْتُوا الْبُيُوْتَ مِنْ ظُهُوْرِھَا اس آیت سے یہ مسئلہ بھی نکل آیا کہ جس چیز کو شریعت اسلام نے ضروری یا عبادت نہ سمجھا ہو اس کو اپنی طرف سے ضروری اور عبادت سمجھ لینا جائز نہیں اسی طرح جو چیز شرعا جائز ہو اس کو گناہ سمجھنا بھی گناہ ہے ان لوگوں نے ایسا ہی کر رکھا تھا کہ گھر کے دروازوں سے داخل ہونا جو شرعاً جائز تھا اس کو گناہ قرار دیا، اور مکان کی پشت سے دیوار توڑ کر آیا جو شرعا ضروری نہیں تھا اس کو ضروری سمجھا اسی پر ان لوگوں کو تنبیہ کی گئی بدعات کے ناجائز ہونے کی بڑی وجہ یہی ہے کہ غیر ضروری چیزوں کو فرض وواجب کی طرح ضروری سمجھ لیا جاتا ہے یا بعض چیزوں کو حرام و ناجائز قرار دے دیا جاتا ہے اس آیت سے ایسا کرنے کی ممانعت واضح طور پر ثابت ہوگئی جس سے ہزاروں اعمال کا حکم معلوم ہوگیا،
يَسْــَٔـلُوْنَكَ عَنِ الْاَہِلَّۃِ ٠ ۭ قُلْ ہِىَ مَوَاقِيْتُ لِلنَّاسِ وَالْحَجِّ ٠ ۭ وَلَيْسَ الْبِرُّ بِاَنْ تَاْتُوا الْبُيُوْتَ مِنْ ظُہُوْرِھَا وَلٰكِنَّ الْبِرَّ مَنِ اتَّقٰى ٠ ۚ وَاْتُوا الْبُيُوْتَ مِنْ اَبْوَابِہَا ٠ ۠ وَاتَّقُوا اللہَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ ١٨٩- سأل - السُّؤَالُ : استدعاء معرفة، أو ما يؤدّي إلى المعرفة، واستدعاء مال، أو ما يؤدّي إلى المال، فاستدعاء المعرفة جو ابه علی اللّسان، والید خلیفة له بالکتابة، أو الإشارة، واستدعاء المال جو ابه علی الید، واللّسان خلیفة لها إمّا بوعد، أو بردّ. - ( س ء ل ) السؤال - ( س ء ل ) السوال کے معنی کسی چیز کی معرفت حاصل کرنے کی استد عایا اس چیز کی استز عا کرنے کے ہیں ۔ جو مودی الی المعرفۃ ہو نیز مال کی استدعا یا اس چیز کی استدعا کرنے کو بھی سوال کہا جاتا ہے جو مودی الی المال ہو پھر کس چیز کی معرفت کی استدعا کا جواب اصل مٰن تو زبان سے دیا جاتا ہے لیکن کتابت یا اشارہ اس کا قائم مقام بن سکتا ہے اور مال کی استدعا کا جواب اصل میں تو ہاتھ سے ہوتا ہے لیکن زبان سے وعدہ یا انکار اس کے قائم مقام ہوجاتا ہے ۔- هلل - الْهِلَالُ : القمر في أوّل ليلة والثّانية، ثم يقال له القمر، ولا يقال : له هِلَالٌ ، وجمعه : أَهِلَّةٌ ، قال اللہ تعالی: يَسْئَلُونَكَ عَنِ الْأَهِلَّةِ قُلْ هِيَ مَواقِيتُ لِلنَّاسِ وَالْحَجِ [ البقرة 189] وقد کانوا سألوه عن علّة تَهَلُّلِهِ وتغيّره . وشبّه به في الهيئة السّنان الذي يصاد به وله شعبتان کرمي الهلال، وضرب من الحيّات، والماء المستدیر القلیل في أسفل الرّكيّ ، وطرف الرّحا، فيقال لكلّ واحد منهما : هِلَالٌ ، وأَهَلَّ الهلال : رؤي، واسْتَهَلَّ : طلب رؤيته . ثم قد يعبّر عن الْإِهْلَالِ بِالاسْتِهْلَالِ نحو : الإجابة والاستجابة، - ( ھ ل ل ) الھلال - مہینے کی پہلی اور دوسری تاریخ کے چاند کو کہتے ہیں پھر اس کے بعد اسے قمر کہا جاتا ہے اس کی جمع اھلۃ ہے چناچہ قرآن میں ہے : ۔ يَسْئَلُونَكَ عَنِ الْأَهِلَّةِ قُلْ هِيَ مَواقِيتُ لِلنَّاسِ وَالْحَجِ [ البقرة 189]( اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ) لوگ تم سے نئے چاند کے بارے میں در یافت کرتے ہیں ( کہ گھٹتا بڑھتا کیوں ہے کہدو کہ وہ لوگوں کے کاموں کی میعادیں اور ھض کے وقت معلوم ہو نیکا ذریعہ ہے یعنی بلال کے طلوع ہونے اور اس کے کم وبیش ہونے کی حکمت پوچھتے ہیں ۔ ےشبیہ کے طور پر ھلال کا لفظ مختلف معنوں میں استعمال ہوتا ہے ( 1 ) شکار کرنے کا نیزہ جو ہلال کی طرح دو شاخ کا ہوتا ہے ( 2 ) ایک قسم کا زہر یلا سانپ ( 3 ) کنویں کے تلے میں تھوڑا سا پانی جو گول دائرے کی شکل پر ہوتا ہے ( 4 ) چکی کا کنارہ ( جب کہ ٹوٹ جائے ) اھل الھلال کے معنی چاند نظر آنے کے ہیں ۔- وقت - الوَقْتُ : نهاية الزمان المفروض للعمل، ولهذا لا يكاد يقال إلّا مقدّرا نحو قولهم : وَقَّتُّ كذا : جعلت له وَقْتاً. قال تعالی: إِنَّ الصَّلاةَ كانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتاباً مَوْقُوتاً [ النساء 103] . وقوله : وَإِذَا الرُّسُلُ أُقِّتَتْ [ المرسلات 11] . والمِيقَاتُ : الوقتُ المضروبُ للشیء، والوعد الذي جعل له وَقْتٌ. قال عزّ وجلّ : إِنَّ يَوْمَ الْفَصْلِ مِيقاتُهُمْ [ الدخان 40] ، إِنَّ يَوْمَ الْفَصْلِ كانَ مِيقاتاً [ النبأ 17] ، إِلى مِيقاتِ يَوْمٍ مَعْلُومٍ [ الواقعة 50] ،- ( و ق ت ) الوقت - ۔ کسی کام کے لئے مقرر زمانہ کی آخری حد کو کہتے ہیں ۔ اس لئے یہ لفظ معنین عرصہ کے لئے استعمال ہوتا ہے ۔ جیسے ۔ وقت کذا میں نے اس کے لئے اتنا عرصہ مقرر کیا ۔ اور ہر وہ چیز جس کے لئے عرصہ نتعین کردیا جائے موقوت کہلاتی ہے ۔ قرآن میں ہے : إِنَّ الصَّلاةَ كانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتاباً مَوْقُوتاً [ النساء 103] بیشک نماز کا مومنوں پر اوقات ( مقرر ہ ) میں ادا کرنا فرض ہے ۔ ۔ وَإِذَا الرُّسُلُ أُقِّتَتْ [ المرسلات 11] اور جب پیغمبر اکٹھے کئے جائیں ۔ المیفات ۔ کسی شے کے مقررہ وقت یا اس وعدہ کے ہیں جس کے لئے کوئی وقت متعین کیا گیا ہو قرآن میں ہے : ۔ إِنَّ يَوْمَ الْفَصْلِ مِيقاتُهُمْ [ الدخان 40] بیشک فیصلے کا دن مقرر ہے ۔ إِنَّ يَوْمَ الْفَصْلِ كانَ مِيقاتاً [ النبأ 17] کچھ شک نہیں کہ فیصلے کا دن اٹھنے کا وقت ہے ۔ إِلى مِيقاتِ يَوْمٍ مَعْلُومٍ [ الواقعة 50] سب ایک روز مقرر کے وقت پر جمع کئے جائیں گے ۔ اور کبھی میقات کا لفظ کسی کام کے لئے مقرر کردہ مقام پر بھی بالا جاتا ہے ۔ جیسے مواقیت الحج یعنی مواضع ( جو احرام باندھنے کے لئے مقرر کئے گئے ہیں ۔- نوس - النَّاس قيل : أصله أُنَاس، فحذف فاؤه لمّا أدخل عليه الألف واللام، وقیل : قلب من نسي، وأصله إنسیان علی إفعلان، وقیل : أصله من : نَاسَ يَنُوس : إذا اضطرب، قال تعالی: قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ [ الناس 1] - ( ن و س ) الناس ۔- بعض نے کہا ہے کہ اس کی اصل اناس ہے ۔ ہمزہ کو حزف کر کے اس کے عوض الف لام لایا گیا ہے ۔ اور بعض کے نزدیک نسی سے مقلوب ہے اور اس کی اصل انسیان بر وزن افعلان ہے اور بعض کہتے ہیں کہ یہ اصل میں ناس ینوس سے ہے جس کے معنی مضطرب ہوتے کے ہیں ۔ قرآن میں ہے : ۔ قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ [ الناس 1] کہو کہ میں لوگوں کے پروردگار کی پناہ مانگنا ہوں ۔ - حج - أصل الحَجِّ القصد للزیارة، قال الشاعر : يحجّون بيت الزّبرقان المعصفرا خصّ في تعارف الشرع بقصد بيت اللہ تعالیٰ إقامة للنسک، فقیل : الحَجّ والحِجّ ، فالحَجُّ مصدر، والحِجُّ اسم، ويوم الحجّ الأكبر يوم النحر، ويوم عرفة، وروي : «العمرة الحجّ الأصغر» ( ح ج ج ) الحج ( ن ) کے اصل معنی کسی کی زیارت کا قصد اور ارادہ کرنے کے ہیں شاعر نے کہا ہے ( طویل ) (99) یحجون سب الزیتون المعصفرا وہ زبر قان کے زر رنگ کے عمامہ کی زیارت کرتے ہیں ۔ اور اصطلاح شریعت میں اقامت نسک کے ارادہ سے بیت اللہ کا قصد کرنے کا نام حج ہے ۔ الحج ( بفتح الما) مصدر ہے اور الحج ( بکسرالحا) اسم ہے اور آیت کریمہ :۔ ويوم الحجّ الأكبر يوم میں حج اکبر سے مراد یوم نحر یا یوم عرفہ ہے ۔ ایک روایت میں ہے :۔ العمرۃ الحج الاصغر عمر حج اصغر ہے ۔.- برَّ- ومن العبد الطاعة . وذلک ضربان :- ضرب في الاعتقاد . وضرب في الأعمال، وقد اشتمل عليه قوله تعالی: لَيْسَ الْبِرَّ أَنْ تُوَلُّوا وُجُوهَكُمْ [ البقرة 177] وعلی هذا ما روي «أنه سئل عليه الصلاة والسلام عن البرّ ، فتلا هذه الآية» «1» . فإنّ الآية متضمنة للاعتقاد والأعمال الفرائض والنوافل . وبِرُّ الوالدین : التوسع في الإحسان إليهما، وضده العقوق، قال تعالی: لا يَنْهاكُمُ اللَّهُ عَنِ الَّذِينَ لَمْ يُقاتِلُوكُمْ فِي الدِّينِ وَلَمْ يُخْرِجُوكُمْ مِنْ دِيارِكُمْ أَنْ تَبَرُّوهُمْ [ الممتحنة 8]- ( ب رر)- البر ( نیکی ) دو قسم پر ہے اعتقادی اور عملی اور آیت کریمہ ؛۔ لَيْسَ الْبِرَّ أَنْ تُوَلُّوا وُجُوهَكُمْ [ البقرة 177] ( آلایۃ ) دونوں قسم کی نیکی کے بیان پر مشتمل ہے ۔ اسی بنا ہر جب آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے بر کی تفسیر دریافت کی گئی ثو آن جناب نے جوابا یہی آیت تلاوت فرمائی کیونکہ اس آیت میں عقائد و اعمال فرائض و نوافل کی پوری تفصیل بتائی جاتی ہے ۔ برالوالدین کے معنی ہیں ماں اور باپ کے ساتھ نہایت اچھا برتاؤ اور احسان کرنا اس کی ضد عقوق ہے ۔ قرآن میں ہے ۔ لا يَنْهاكُمُ اللَّهُ عَنِ الَّذِينَ لَمْ يُقاتِلُوكُمْ فِي الدِّينِ وَلَمْ يُخْرِجُوكُمْ مِنْ دِيارِكُمْ أَنْ تَبَرُّوهُمْ [ الممتحنة 8] جن لوگون میں نے تم سے دین کے بارے میں جنگ نہیں کی اور نہ تم کو تمہارے گھروں سے نکالا ان کے ساتھ بھلائی کرنے سے خدا تم کو منع نہیں کرتا ہے ۔- أتى- الإتيان : مجیء بسهولة، ومنه قيل للسیل المارّ علی وجهه : أَتِيّ وأَتَاوِيّ وبه شبّه الغریب فقیل : أتاويّ والإتيان يقال للمجیء بالذات وبالأمر وبالتدبیر، ويقال في الخیر وفي الشر وفي الأعيان والأعراض، نحو قوله تعالی: إِنْ أَتاكُمْ عَذابُ اللَّهِ أَوْ أَتَتْكُمُ السَّاعَةُ [ الأنعام 40]- ( ا ت ی ) الاتیان ۔ ( مص ض ) کے معنی کسی چیز کے بسہولت آنا کے ہیں ۔ اسی سے سیلاب کو اتی کہا جاتا ہے اور اس سے بطور تشبیہ مسافر کو اتاوی کہہ دیتے ہیں ۔ الغرض اتیان کے معنی " آنا " ہیں خواہ کوئی بذاتہ آئے یا اس کا حکم پہنچے یا اس کا نظم ونسق وہاں جاری ہو یہ لفظ خیرو شر اور اعیان و اعراض سب کے متعلق استعمال ہوتا ہے ۔ چناچہ فرمایا : إِنْ أَتَاكُمْ عَذَابُ اللَّهِ أَوْ أَتَتْكُمُ السَّاعَةُ [ الأنعام : 40] اگر تم پر خدا کا عذاب آجائے یا قیامت آموجود ہو۔- بيت - أصل البیت : مأوى الإنسان باللیل، قال عزّ وجلّ : فَتِلْكَ بُيُوتُهُمْ خاوِيَةً بِما ظَلَمُوا [ النمل 52] ، - ( ب ی ت ) البیت - اصل میں بیت کے معنی انسان کے رات کے ٹھکانہ کے ہیں ۔ کیونکہ بات کا لفظ رات کو کسی جگہ اقامت کرنے پر بولا جاتا ہے ۔ قرآن میں ہے ؛۔ فَتِلْكَ بُيُوتُهُمْ خاوِيَةً بِما ظَلَمُوا [ النمل 52] یہ ان کے گھر ان کے ظلم کے سبب خالی پڑے ہیں ۔ - ظهر - الظَّهْرُ الجارحةُ ، وجمعه ظُهُورٌ. قال عزّ وجل :- وَأَمَّا مَنْ أُوتِيَ كِتابَهُ وَراءَ ظَهْرِهِ [ الانشقاق 10]- ( ظ ھ ر ) الظھر - کے معنی پیٹھ اور پشت کے ہیں اس کی جمع ظھور آتی ہے ۔ قرآن میں ہے : وَأَمَّا مَنْ أُوتِيَ كِتابَهُ وَراءَ ظَهْرِهِ [ الانشقاق 10] اور جس کا نام اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائیگا - تقوي - والتَّقْوَى جعل النّفس في وِقَايَةٍ مما يخاف، هذا تحقیقه، قال اللہ تعالی: فَمَنِ اتَّقى وَأَصْلَحَ فَلا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلا هُمْ يَحْزَنُونَ [ الأعراف 35] - التقویٰ- اس کے اصل معنی نفس کو ہر اس چیز ست بچانے کے ہیں جس سے گزند پہنچنے کا اندیشہ ہو لیکن کبھی کبھی لفظ تقوٰی اور خوف ایک دوسرے کے معنی میں استعمال ہوتے ہیں ۔ قرآن میں ہے : ۔ فَمَنِ اتَّقى وَأَصْلَحَ فَلا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلا هُمْ يَحْزَنُونَ [ الأعراف 35] جو شخص ان پر ایمان لا کر خدا سے ڈرتا رہے گا اور اپنی حالت درست رکھے گا ۔ ایسے لوگوں کو نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمناک ہوں گے ۔- باب - البَاب يقال لمدخل الشیء، وأصل ذلک : مداخل الأمكنة، کباب المدینة والدار والبیت، وجمعه : أَبْوَاب . قال تعالی: وَاسْتَبَقَا الْبابَ وَقَدَّتْ قَمِيصَهُ مِنْ دُبُرٍ وَأَلْفَيا سَيِّدَها لَدَى الْبابِ [يوسف 25] ، وقال تعالی: لا تَدْخُلُوا مِنْ بابٍ واحِدٍ وَادْخُلُوا مِنْ أَبْوابٍ مُتَفَرِّقَةٍ [يوسف 67] ، ومنه يقال في العلم : باب کذا، وهذا العلم باب إلى علم کذا، أي : به يتوصل إليه . وقال صلّى اللہ عليه وسلم : «أنا مدینة العلم وعليّ بابها» «1» . أي : به يتوصّل، قال الشاعر : أتيت المروءة من بابها«2» وقال تعالی: فَتَحْنا عَلَيْهِمْ أَبْوابَ كُلِّ شَيْءٍ [ الأنعام 44] ، وقال عزّ وجل : بابٌ باطِنُهُ فِيهِ الرَّحْمَةُ [ الحدید 13] وقد يقال : أبواب الجنّة وأبواب جهنم للأشياء التي بها يتوصّل إليهما . قال تعالی: فَادْخُلُوا أَبْوابَ جَهَنَّمَ [ النحل 29] ، وقال تعالی: حَتَّى إِذا جاؤُها وَفُتِحَتْ أَبْوابُها وَقالَ لَهُمْ خَزَنَتُها سَلامٌ عَلَيْكُمْ [ الزمر 73] ، وربما قيل : هذا من بَابَة كذا، أي : ممّا يصلح له، وجمعه : بابات، وقال الخلیل : بابة «3» في الحدود، وبَوَّبْتُ بابا، أي : عملت، وأبواب مُبَوَّبَة، والبَوَّاب حافظ البیت، وتَبَوَّبْتُ بوابا : اتخذته، وأصل باب : بوب .- الباب ہر چیز میں داخل ہونے کی جگہ کو کہتے ہیں ۔ دراصل امکنہ جیسے شہر ، مکان ، گھر وغیرہ میں داخل ہونے کی جگہ کو باب کہتے ہیں ۔ اس کی جمع ابواب ہے ۔ قرآن میں ہے ؛ ۔ وَاسْتَبَقَا الْبابَ وَقَدَّتْ قَمِيصَهُ مِنْ دُبُرٍ وَأَلْفَيا سَيِّدَها لَدَى الْبابِ [يوسف 25] اور دونوں دروازون کی طرف بھاگے اور عورت نے ان کا کرتہ پیچھے سے ( پکڑ کر جو کھینچا تو ) چھاڑ ڈالا ۔ اور دونوں کو دروازں کے پاس عورت کا خاوند مل گیا ۔ لا تَدْخُلُوا مِنْ بابٍ واحِدٍ وَادْخُلُوا مِنْ أَبْوابٍ مُتَفَرِّقَةٍ [يوسف 67] ایک ہی دروازے سے داخل نہ ہونا بلکہ جدا جدا دروازوں سے داخل ہونا ۔ اور اسی سے ( مجازا ) علم میں باب کذا کا محاورہ ہے ۔ نیز کہا جاتا ہے کہ یعنی یہ علم فلاں تک پہنچنے کا ذریعہ ہے ۔ ایک حدیث میں آنحضرت نے فرمایا : ۔ یعنی میں علم کا شہرہوں اور علی اس کا دروازہ ہے ۔ کسی شاعر نے کہا ہے ( رجہ ) تم نے جو انمردی کو اسی کی جگہ سے حاصل کیا ۔ قرآن میں ہے : ۔ فَتَحْنا عَلَيْهِمْ أَبْوابَ كُلِّ شَيْءٍ [ الأنعام 44] تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کھول دیئے بابٌ باطِنُهُ فِيهِ الرَّحْمَةُ [ الحدید 13] جس میں ایک دروازہ ہوگا جو اس کی جانب اندرونی ہے اس میں تو رحمت ہے۔ اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ابواب جنۃ اور ابوب جہنم سے مراد وہ باتیں ہیں جو ان تک پہنچنے کا ذریعے بنتی ہیں قرآن میں ہے : ۔ فَادْخُلُوا أَبْوابَ جَهَنَّمَ [ النحل 29] کہ دوزخ کے دروازوں میں داخل ہوجاؤ ۔ حَتَّى إِذا جاؤُها وَفُتِحَتْ أَبْوابُها وَقالَ لَهُمْ خَزَنَتُها سَلامٌ عَلَيْكُمْ [ الزمر 73] یہاں تک کہ جب اس کے پاس پہنچ جائیں گے تو اسکے دروازے کھول دیئے جائیں گے ۔ تو اسکے دراغہ ان سے کہیں کے کم تم پر سلام ۔ اور جو چیز کسی کام کے لئے صلاحیت رکھتی ہو اس کے متعلق کہا جاتا ہے ۔ کہ یہ اس کے مناسب ہے اس کی جمع بابت ہے خلیل کا قول ہے کہ بابۃ کا لفظ حدود ( اور حساب میں ) استعمال ہوتا ہے بوبت بابا : میں نے دروازہ بنایا ۔ نے بنے ہوئے دروازے قائم کئے ہوئے دروازے ۔ البواب دربان تبوبت بابا میں نے دروازہ بنایا ۔ باب اصل میں بوب ہے اور اس میں الف واؤ سے مبدل ہے ۔- لعل - لَعَلَّ : طمع وإشفاق، وذکر بعض المفسّرين أنّ «لَعَلَّ» من اللہ واجب، وفسّر في كثير من المواضع ب «كي» ، وقالوا : إنّ الطّمع والإشفاق لا يصحّ علی اللہ تعالی، و «لعلّ» وإن کان طمعا فإن ذلك يقتضي في کلامهم تارة طمع المخاطب، وتارة طمع غيرهما . فقوله تعالیٰ فيما ذکر عن قوم فرعون : لَعَلَّنا نَتَّبِعُ السَّحَرَةَ [ الشعراء 40] - ( لعل ) لعل - ( حرف ) یہ طمع اور اشفاق ( دڑتے ہوئے چاہنے ) کے معنی ظاہر کرنے کے لئے آتا ہے ۔ بعض مفسرین کا قول ہے کہ جب یہ لفظ اللہ تعالیٰ اپنے لئے استعمال کرے تو اس کے معنی میں قطیعت آجاتی ہے اس بنا پر بہت سی آیات میں لفظ کی سے اس کی تفسیر کی گئی ہے کیونکہ ذات باری تعالیٰ کے حق میں توقع اور اندیشے کے معنی صحیح نہیں ہیں ۔ اور گو لعل کے معنی توقع اور امید کے ہوتے ہیں مگر کبھی اس کا تعلق مخاطب سے ہوتا ہے اور کبھی متکلم سے اور کبھی ان دونوں کے علاوہ کسی تیسرے شخص سے ہوتا ہے ۔ لہذا آیت کریمہ : لَعَلَّنا نَتَّبِعُ السَّحَرَةَ [ الشعراء 40] تاکہ ہم ان جادو گروں کے پیرو ہوجائیں ۔ میں توقع کا تعلق قوم فرعون سے ہے ۔- فلح - والفَلَاحُ : الظَّفَرُ وإدراک بغية، وذلک ضربان :- دنیويّ وأخرويّ ، فالدّنيويّ : الظّفر بالسّعادات التي تطیب بها حياة الدّنيا، وهو البقاء والغنی والعزّ ، وإيّاه قصد الشاعر بقوله : أَفْلِحْ بما شئت فقد يدرک بال ... ضعف وقد يخدّع الأريب - وفَلَاحٌ أخرويّ ، وذلک أربعة أشياء : بقاء بلا فناء، وغنی بلا فقر، وعزّ بلا ذلّ ، وعلم بلا جهل . ولذلک قيل : «لا عيش إلّا عيش الآخرة» وقال تعالی: وَإِنَّ الدَّارَ الْآخِرَةَ لَهِيَ الْحَيَوانُ [ العنکبوت 64] ، أَلا إِنَّ حِزْبَ اللَّهِ هُمُ الْمُفْلِحُونَ [ المجادلة 22] ، قَدْ أَفْلَحَ مَنْ تَزَكَّى- [ الأعلی 14] ، قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاها [ الشمس 9] ، قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ [ المؤمنون 1] ، لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ [ البقرة 189] ، إِنَّهُ لا يُفْلِحُ الْكافِرُونَ [ المؤمنون 117] ، فَأُولئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ [ الحشر 9] ، وقوله : وَقَدْ أَفْلَحَ الْيَوْمَ مَنِ اسْتَعْلى [ طه 64] ، فيصحّ أنهم قصدوا به الفلاح الدّنيويّ ، وهو الأقرب، وسمّي السّحور الفَلَاحَ ، ويقال : إنه سمّي بذلک لقولهم عنده : حيّ علی الفلاح، وقولهم في الأذان : ( حي علی الفَلَاحِ ) أي : علی الظّفر الذي جعله اللہ لنا بالصلاة، وعلی هذا قوله ( حتّى خفنا أن يفوتنا الفلاح) أي : الظّفر الذي جعل لنا بصلاة العتمة .- ( ف ل ح ) الفلاح - فلاح کے معنی کامیابی اور مطلب وری کے ہیں اور یہ دو قسم پر ہے دینوی اور اخروی ۔ فلاح دنیوی ان سعادتوں کو حاصل کرلینے کا نام ہے جن سے دنیوی زندگی خوشگوار بنتی ہو یعنی بقاء لمال اور عزت و دولت ۔ چناچہ شاعر نے اسی معنی کے مدنظر کہا ہے ( نحلع البسیط) (344) افلح بماشئت فقد یدرک بالضد عف وقد یخدع الاریب جس طریقہ سے چاہو خوش عیشی کرو کبھی کمزور کامیاب ہوجاتا ہے اور چالاک دہو کا کھانا جاتا ہے ۔ اور فلاح اخروی چار چیزوں کے حاصل ہوجانے کا نام ہے بقابلا فناء غنا بلا فقر، عزت بلا ذلت ، علم بلا جہلاسی لئے کہا گیا ہے (75) لاعیش الاعیش الاخرۃ کہ آخرت کی زندگی ہی حقیقی زندگی ہے اور اسی فلاح کے متعلق فرمایا : وَإِنَّ الدَّارَ الْآخِرَةَ لَهِيَ الْحَيَوانُ [ العنکبوت 64] اور زندگی کا مقام تو آخرت کا گھر ہے ۔ أَلا إِنَّ حِزْبَ اللَّهِ هُمُ الْمُفْلِحُونَ [ المجادلة 22] ( اور ) سن رکھو کہ خدا ہی کا لشکر مراد حاصل کرنے والا ہے ۔ قَدْ أَفْلَحَ مَنْ تَزَكَّى[ الأعلی 14] بیشک وہ مراد کو پہنچ گیا جو پاک ہوا ۔ قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاها [ الشمس 9] جس نے اپنے نفس یعنی روح کو پاک رکھا وہ مراد کو پہنچ گیا ۔ قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ [ المؤمنون 1] بیشک ایمان والے رستگار ہوئے ۔ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ [ البقرة 189] تاکہ تم فلاح پاؤ ۔ إِنَّهُ لا يُفْلِحُ الْكافِرُونَ [ المؤمنون 117] کچھ شک نہیں کہ کافر رستگاری نہیں پائیں گے ۔ فَأُولئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ [ الحشر 9] وہ تو نجات پانے والے ہیں ۔ اور آیت کریمہ : وَقَدْ أَفْلَحَ الْيَوْمَ مَنِ اسْتَعْلى [ طه 64] اور آج جو غالب رہا وہ کامیاب ہوا ۔ میں یہ بھی صحیح ہے کہ انہوں نے فلاح دنیوی مراد لی ہو بلکہ یہی معنی ( بلحاظ قرآن ) اقرب الی الصحت معلوم ہوتے ہیں ۔ اور سحور یعنی طعام سحر کو بھی فلاح کہا گیا ہے کیونکہ اس وقت حی علی الفلاح کی آواز بلند کی جاتی ہے اور اذان میں حی علی الفلاح کے معنی یہ ہیں کہ اس کامیابی کیطرف آؤ جو نما زکی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے تمہارے لئے مقدر کر رکھی ہے ۔ اور حدیث (76) حتی خفنا ان یفوتنا الفلاح ( حتی کہ فلاح کے فوت ہوجانے کا ہمیں اندیشہ ہوا ) میں بھی فلاح سے مراد وہ کامیابی ہے جو صلاۃ عشا ادا کرنے کی وجہ سے ہمارے لئے مقدر کی گئی ہے ۔
(آیت 187 کی بقیہ تفسیر)- بہر حال اس حدیث پر جس قدر نقد و جوع کی جائے فقہاء کے نزدیک یہ نقد و جرح اسے فاسد قرار نہیں دیتی ۔ اصحاب حدیث کے اعتراضات فقہاء کے نزدیک نہ تو حدیث کو فاسد کرتے ہیں اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی کوئی معنوی خرابی پیدا کرتے ہیں ۔ اس حدیث کی روایت خصیف نے عکرمہ سے اور انہوں نے ابن عباس سے کی ہے کہ حضرت عائشہ (رض) اور حضرت حفصہ (رض) ایک روز صبح کے وقت روزے سے تھیں ، ان کے پاس بطور ہدیہ کھانا آگیا اور پھر دونوں روزہ توڑ لیا ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے دونوں کو اس کے بدلے ایک روزہ قضا کرنے کا حکم دیا ۔ ہمیں عبد الباقی نے روایت کی ، انہیں عبد اللہ بن احمد بن حنبل نے ، انہیں محمد بن عباد نے ، انہیں حاتم بن اسماعیل نے ابو حمزہ سے ، ابو حمزہ نے حسن سے اور انہوں نے حضرت ابو سعید خدری سے روایت کی ہے کہ حضر ت عائشہ (رض) اور حضر ت حفصہ (رض) دونوں ایک روز صبح کے وقت روزے سے تھیں، ہدیہ کے طور پر انہیں کھانا بھیجا گیا ، دونوں نے روزہ توڑ دیا ، ابھی وہ کھانا ہی ہی تھیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تشریف لے آئے۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ کیا تم دونوں کا روزہ نہیں تھا ۔ دونوں نے عرض کیا کہ روزہ تھا ۔ اس پر آپ نے فرمایا کہ اس کی جگہ ایک دن روزہ رکھ کر اس کی قضا کرو اور آئندہ ایسا نہ کرو۔ ایک اور سند سے یہ حدیث مروی ہے ۔ ہمیں عبد الباقی نے ، انہیں اسماعیل بن فضل بن موسیٰ ، انہیں حرملہ نے ، انہیں ابن وہب نے انہیں جریر بن حازم نے یحییٰ بن سعید سے ، انہوں نے عروہ سے اور انہوں نے حضرت عائشہ (رض) سے روایت بیان کی کہ ایک دن میں اور حفصہ دونوں روزے سے تھیں ۔ ہمارے پاس بطور ہدیہ کھانا آیا جو ہمیں بہت اچھا لگا ہم نے روزہ توڑ دیا ۔- جب حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تشریف لائے تو حفصہ (رض) نے سبقت کر کے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مسئلہ پوچھا، اور وہ کیوں نہ سبقت کرتیں جبکہ وہ اپنے باپ کی بیٹی تھیں یعنی حضرت عمر (رض) کی طرح وہ بھی جری تھیں ۔ یہ سن کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ اس روزے کے بدلے ایک دن روزہ رکھو۔ حجاج بن ارطاۃ نے زہری سے ، انہوں نے عروہ سے اور انہوں نے حضر ت عائشہ (رض) سے اسی طرح کی روایت کی ہے۔ نیز عبید اللہ بن عمر نے نافع سے ، انہوں نے حضرت عبد اللہ بن عمر (رض) سے اس واقعے کی روایت کی البتہ اس میں تطوع یعنی نفل کا ذکر نہیں کیا ہے۔ یہ ہیں وہ روایات کثیرہ جو کئی طرق یعنی سلسلہ ہائے اسناد سے مروی ہیں جن میں سے بعض میں یہ مذکورہ ہے کہ دونوں صبح کے وقت نفلی روزے سے تھیں اور بعض میں نفل کا ذکر نہیں ہے ، لیکن تمام طرق میں قضا کرنے کے حکم کا ذکر ہے۔ وجوب قضا پر وہ حدیث دلالت کرتی ہے جو ہمیں محمد بن بکر نے ، انہیں ابو دائود نے انہیں مسدد نے انہیں عیسیٰ بن یونس نے ، انہیں ہشام بن حسان نے محمد بن سیرین سے اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ (رض) سے روایت کی ۔ آپ نے فرمایا حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ارشاد فرمایا من ذرعہ فی وھو صائم فلیس علیہ قضاء وان استقاء فلیقض جس روزہ دار کو ازخود قے آ جائے اس پر قضا نہیں ہے اور جو جان بوجھ کر قے کرے وہ قضا کرے۔ اس حدیث میں یہ بیان ہے کہ نفلی روزہ رکھنے والا جب جان بوجھ کر قے کرے اس پر قضا واجب ہے اس لیے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنے اس حکم میں نفلی اور فرض روزہ رکھنے والوں کے درمیان کوئی فرق نہیں کیا ہے اس لیے یہ حکم سب کو عام ہے۔- اس بات پر عقلی طور پر بھی اس طرح دلالت ہورہی ہے کہ تمام لوگوں کا اس مسئلے میں اتفاق ہے کہ اگر نفلی طور پر صدقہ کرنے والا کسی شخص کو صدقہ دے دے اور وہ شخص اس صدقہ پر قبضہ کرلے تو صدقہ کرنے والا اب اپنے صدقہ میں رجوع نہیں کرسکتا کیونکہ اس کی وجہ سے وہ قربت باطل ہوجاتی ہے جو اسے اس صدقہ سے حاصل ہوئی تھی۔- اس طرح نفلی نماز یا نفلی روزہ شروع کرلینے والا شخص اس نماز یا روزے کو تکمیل کے مرحلے تک پہنچائے بغیر اس سے نکل نہیں سکتا کیونکہ اس سے اس حصے کا ابطلال ہوجاتا ہے جو اس سے پہلے ہوچکا ہے۔ اس لیے نفلی نماز یا نفلی روزے کی حیثیت اس صدقہ کی طرح ہے جس پر قبضہ ہوچکا ہو ا۔ اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ اس کی حیثیت اس صدقہ کی طرح ہے جس پر ابھی قبضہ نہیں ہوا ہے اس لیے کہ اس صورت میں نفلی نماز یا روزے والا اس نماز یا روزے کے باقی ماندہ حصے کی ادائیگی سے باز رہتا ہے اس لیے اس کی حیثیت اس شخص کی طرح ہوگی جو صدقہ کی ہوئی چیز کو متعلقہ شخص کے حوالے کرنے سے باز رہے۔ - اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ اگر واقعۃً یہی بات ہو تو پھر تمہاری بات درست ہوگی لیکن اصل بات یہ ہے کہ نفلی نمازیا روزے والا اگر اس نماز یا روزے کو مکمل کرنے سے پہلے نکل آتا ہے تو اس سے ادا شدہ حصہ باطل ہوجاتا ہے اس بنا پر اسے ایسا کرنے کی گنجائش نہیں ہے اور اگر ایسا کرے گا تو اس پر قضا لازم ہوگی ۔ آپ نہیں دیکھتے کہ دن کے بعض حصے میں رکھا ہوا روزہ درست نہیں ہوتا اور جس شخص نے دن کے اول حصے میں کچھ کھالیا ہو تو باقی ماندہ حصے میں اس کا روزہ درست نہیں ہوگا ۔ اسی طرح جس شخص نے دن کے اول حصے میں روزہ رکھ لیا اور پھر باقی حصے میں اسے توڑ دیا تو اس نے گویا اپنے آپ کو اس دن کے روزے سے بالکلیہ نکال لیا اور جو حصہ ادا کیا تھا اسے باطل کردیا ، ایسا آدمی اس شخص کی طرح ہے جو مستحق شخص کے قبضہ میں صدقہ دے کر پھر رکوع کرلے۔ اس لیے اس کی صورت بالکل وہی ہوگی کہ ایک شخص جب صدقہ مقبوضہ میں رجوع کرلے تو اس پر اس صدقہ کو متعلقہ شخص کی طرف لوٹا دینا ضروری ہوگا ۔- اس مسئلے کی صحت پر اس بات سے دلالت حاصل ہوتی ہے کہ تمام لوگوں کا اس پر اتفاق ہے کہ نفلی حج یا عمرہ کا احرام باندھنے والا اگر اس حج یا عمرہ کو فاسدکر دے گا تو اس پر قضا لازم ہوگی اور اس احرام میں دخول کی حیثیت وہی ہوگی جو قول کے ذریعہ اپنے اوپر کوئی چیز واجب کرنے کی ہے۔ احرام کی مثال پر اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ فاسد کردینے کی صورت میں اس پر قضا اس لیے واجب ہوتی ہے کہ وہ اس احرام سے خارج نہیں ہوتا ۔ دیگر عبادات مثلاً نماز روزہ وغیرہ میں یہ صورت نہیں ہوتی اس لیے کہ اس عبادت کو فاسد کرتے ہی وہ شخص اس سے خارج ہوجاتا ہے۔ اس کے جواب میں یہ کہا جائے گا کہ اس فرق کی وجہ سے ان دونوں یعنی احرام اور نماز روزہ کی اس یکسانیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا کہ ان میں دخول کے ساتھ ہی یہ واجب ہوجاتی ہے۔ یہ محرم جس کا اعتراض میں حوالہ دیا گیا ہے اس کی کیفیت یہ ہوتی ہے کہ احرام میں دخول کی وجہ سے اس پر احرام کا لزوم ہوجاتا ہے اور اس کا اتمام واجب ہوجاتا ہے یا اس کا لزوم نہیں ہوتا ۔- اگر اس کا اتمام اس پر لازم ہوتا ہے تو فساد کی صورت میں اس پر اس کی قضا واجب ہوجاتی ہے ، خواہ وہ حالت احصار میں آ جائے یا اپنے فعل سے اسے فاسد کر دے ، اس لیے کہ جو چیز واجب ہوجائے اس کے حکم میں اس سے کوئی فائدہ نہیں پڑتا اس چیز میں اس کے اپنے فعل یا غیر کے فعل سے فساد ہوگیا ہو جس طرح کہ نذر یا فرض حج کی صورت میں ہوتا ہے ، اب جبکہ ہمارا اس پر اتفاق ہوگیا ہے کہ محرم جب احرام کو فاسد کرے گا اس پر اس کی قضا واجب ہوگی تو یہی حکم وہاں بھی ہونا چاہیے ، جہاں وہ حالت احصار میں آ جائے اور کسی اور جہت سے رکاوٹ کی بنا پر اس کا اپنا فعل متعذر ہوجائے یعنی اس افساد میں اس کے اپنے فعل کا کوئی دخل نہ ہو جیسا کہ دوسرے تمام واجبات کا حکم ہے۔ ادھر سنت کی بنا پر معترض کا قول باطل ہوگیا ہے۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا ارشاد ہے من کسرا و عررج فد حل و علیہ الحج من قابل جس شخص کی ہڈی ٹوٹ گئی یا لنگڑا ہوگیا اس کا احرام کھل گیا اور اس پر اگلے سال کا حج ہے۔- آپ نے اس محصر پر قضا واجب کردی جبکہ اس کے لیے رکاوٹ اس کی اپنی ذات سے نہیں پیدا ہوئی تھی بلکہ کسی اور کی طرف سے ہوئی تھی ۔ جب یہ بات حج اور عمرہ میں ثابت ہوگئی تو اس کا ثبوت ان تمام عبادات میں ہونا چاہیے جن کی صحت کی شرط ان کا تمام ہے اور ان میں سے بعض بعض کے ساتھ مربوط ہیں ۔ مثلاً نماز روزہ وغیرہ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ دوسرے تمام واجبات کی طرح ان عبادات سے خرو ج کی صورت میں ان کی قضا کے حکم میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے خواہ یہ خروج اس کے اپنے فعل یا غیر فعل کے تحت عمل میں آیا ہو۔ اس رائے سے اختلاف رکھنے والا حضرت ام ہانی کی حدیث سے استدلال کرسکتا ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے جب اپنا جو ٹھا پانی انہیں دیا تو حضرت ام ہانی نے اسے پی لیا اور کہا کہ میں اگرچہ روزے سے تھی لیکن میں نے یہ پسند نہ کیا کہ آپ کا جو ٹھا واپس کر دوں ۔ اس پر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ اگر یہ روزہ رمضان کا قضا کا تھا تو اس کے بدلے ایک دن روزہ رکھو اور اگر یہ نفلی روزہ تھا تو تمہاری مرضی ہے خواہ اس کی قضا کردیا نہ کرو۔- اس حدیث کے متن اور اس کی سند دونوں میں اضطراب ہے۔ سند کے اضطراب کی صورت یہ ہے کہ سماک بن حرب اسے کبھی اس شخص سے روایت کرتے ہیں جس نے ام ہانی سے یہ حدیث سنی تھی اور کبھی یہ کہتے ہیں کہ ہارون بن ام ہانی سے یا ام ہانی کے نواسے سے ، اور کبھی اسے ام ہانی کے دو بیٹوں سے اور کبھی ایک بیٹے سے روایت کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ بیٹے نے یہ بتایا ہے کہ مجھے ام ہانی کے بیٹے کو یہ بات ہمارے گھر والوں نے بتائی ہے۔ اسناد میں اس قسم کا اضطراب راویوں کی قلت ضبط پر دلالت کرتا ہے۔ اضطراب متن کی یہ صورت ہے کہ ایک سند سے ہمیں یہ روایت محمد بن بکر نے کی ہے، انہیں ابو دائود نے انہیں عثمان بن ابی شیبہ نے، انہیں جریر بن عبد الحمید نے یزید بن ابی زیاد سے انہوں نے عبد اللہ بن الحرث سے اور انہوں نے حضرت ام ہانی سے روایت کی ہے کہ فتح مکہ کے دن حضرت فاطمہ (رض) حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بائیں جانب اور حضرت ام ہانی دائیں جانب آ کر بیٹھ گئیں ۔ ایک لڑکی برتن میں پانی لے کر آئی اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو پکڑا دیا ۔ پھر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے پانی پی کر اسے حضرت ام ہانی کو دے دیا ، جسے انہوں نے پی لیا۔ پھر فرمانیل گیں کہ میں روزے سے تھی ، میں نے روزہ توڑ دیا ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان سے پوچھا کہ قضا کا روزہ تھا۔ - ام ہانی نے نفی میں جواب دیا ۔ اس پر آپ نے فرمایا کہ اگر نفلی روزہ تھا تو اس کے توڑ دینے سے تمہیں کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ اس حدیث میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے یہ الفاظ فلا یضرک پھر تمہیں کوئی نقصان نہیں نقل ہوئے ہیں ، لیکن اس میں کوئی ایسی بات نہیں ہے جو وجوب قضا کی نفی پر دلالت کرتی ہو ۔ اس لیے کہ ہم بھی یہی کہتے ہیں کہ اس سے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوا ، کیونکہ انہیں اس کا علم نہیں تھا کہ روزہ توڑ دینا ان کے لیے جائز نہیں تھا یا انہیں علم تھا لیکن انہوں نے پانی پینے اور روزہ توڑ دینے میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اتباع کو روزہ جاری رکھنے سے بڑھ کر خیال کیا ۔- ہمیں عبد اللہ بن جعفر احمد بن فارس نے ، انہیں یونس حبیب نے ، انہیں ابو دائود طیالسی نے ، انہیں شعبہ نے ، انہیں قریش کے ایک شخص جعدہ نے ، جو حضرت ام ہانی کے بیٹے تھے، یہ روایت سنائی اور سماک بن حرب نے جو شعبہ کو روایت کرتے تھے بتایا کہ انہیں حضرت ام ہانی کے دو بیٹوں نے خبر دی ۔ شعبہ کہتے ہیں کہ میں ان دونوں میں سے جو بڑے تھے یعنی جعدہ، ان سے ملا ۔ انہوں نے مجھے حضرت ام ہانی سے یہ روایت سنائی کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ایک دفعہ ان کے پاس آئے انہوں نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو پینے کے لیے کچھ دیا ۔ آپ ؐ نے پی کر واپس انہیں پکڑا دیا ۔ انہوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا جو ٹھا پانی لیا اور پھر عرض کیا کہ میں روزے سے تھی ۔ یہ سن کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ نفلی روزہ اپنی ذات کا امین یا امیر ہوتا ہے۔ چاہے روزہ جاری رکھے اور چاہے توڑ دے، میں نے جعدہ سے پوچھا کہ آیا تم نے یہ روایت ام ہانی (رض) سے سنی ہے۔ جعدہ نے جواب دیا کہ مجھے میرے گھر والوں اور ام ہانی (رض) کے آ زاد کردہ غلام اوابو صالح نے یہ بات بتائی ہے۔ نیز سماک نے شعبہ کو ایسے شخص کے واسطے سے روایت سنائی جس نے حضرت ام ہانی سے یہ روایت سنی تھی کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ نفلی روہ رکھنے والے کو اختیار ہوتا ہے کہ چاہے تو روزہ جاری رکھے اور چاہے تو توڑ دے، نیز سماک نے ہارون ابن ام ہانی سے روایت کی ہے کہ ہارون نے بتایا کہ انہیں حضرت ام ہانی نے خبر دی ہے جس میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ اگر یہ رمضان کا قضا روزہ تھا تو اس کی جگہ ایک دن کا روزہ رکھو لو اور اگر نفلی روزہ تھا تو اگر چاہو تو رکھ لو اورچاہو تو نہ رکھو ۔ ان تمام روایات میں ایسی کسی بات کا ذکر نہیں ہے جو قضا کی نفی پر دلالت کرتی ہو ، ان میں تو صرف اس کا ہی تذکرہ ہے کہ روزہ دار کو اختیار ہوتا ہے اور وہ اپنی ذات کا امین ہوتا ہے اور اس کے لئے گنجائش ہوتی ہے کہ نفل روزے کی صورت میں روزہ توڑ دے۔ - ان روایات میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ نہیں فرمایا کہ تم ام ہانی پر قضا نہیں ہے۔ پھر اس حدیث کے تین میں الفاظ کا اختلاف اس کے غیر محفوظ ہونے پر دلالت کرتا ہے ۔ اگر یہ الفاظ ثابت بھی ہوجائیں تو ان میں ایسی کوئی بات نہیں ہے جو وجوب قضا کی نفی پر دلالت کرتی ہو اس لیے کہ ان میں زیادہ سے زیادہ جو بات ہے وہ افطار یعنی روزہ تو دڑنے کی اباحت ہے اور افطار کی اباحت سقوط قضا پر دلالت نہیں کرتی ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یہ ارشاد کہ الصائم امین نفسہ روزہ دار اپنی ذات کا امین ہوتا ہے یا الصائم بالخیبار روزہ دار کو اختیار ہوتا ہے۔ اس میں یہ جائز ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ مراد لی ہو کہ جو شخص روزے کی نیت کے بغیر صبح سے ہی ان باتوں سے باز رہے جن سے ایک روزہ دار باز رہتا ہے اسے اختیار ہے کہ نفلی روزے کی نیت کرے یا رزہ نہ رکھے جو شخص روزہ دار کی طرح کھانے پینے اور ہم بستری سے باز رہتا ہے اسے بھی صائم یعنی روہ دار کہا جاتا ہے جیسا کہ عاشورہ کے دن حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ جس نے صبح کچھ کھالیا ہے وہ باقی ماندہ دن روزہ رکھے۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی مراد اس سے یہ تھی کہ ان باتوں سے دور رہے جن سے روزہ دار رہتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح آپ کے ارشاد کہ روزہ دار اپنی ذات کا امین ہوتا ہے یا روزہ دار کو اختیار ہوتا کے بھی یہی معانی ہیں۔ اس حدیث کے بعض طرق میں یہ الفاظ اگر پائے گئے ہیں کہ فان شئت فاقضی وان شئت فلا تقضی اگر تو چاہے تو روزہ قضا کرلے اور اگر چاہے تو قضا نہ کرے تو یہ راوی کی طرف سے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ارشاد لا یضضرک وان شئت فافطوی والصائم بالخیار کی تفسیر ہے اور اگر بات ایسی ہے تو اس سے قضا کی نفی ثابت نہیں ہوتی ۔- اس کے باوجود بھی اگر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے ایجاب قضا کی نفی اس طرح ثابت ہوجائے جس میں تاویل کا کوئی احتمال نہ ہو اور سند بھی درست ہو نیز تین میں اتساق ہو ، یعنی اضطراب نہ ہو، پھر بھی وہ روایات کئی وجوہ سے اولیٰ ہوں گی جو قضا کو واجب کرتی ہیں ۔ پہلی وجہ تو یہ ہے کہ اگر ایک مسئلے کے متعلق دو روایتیں ہوں ۔ ایک اباحت کو اور دوسری ممانعت کو ظاہر کرتی ہو تو ممانعت والی روایت عمل کے لیے اولیٰ ہوگی ، یہاں ہماری روایت ترک قضا کی ممانعت کرتی ہے جبکہ معترض کی روایت اباحت ظاہر کرتی ہے۔ اس لیے ہماری روایت اس روایت کے مقابلہ میں اولیٰ ہوگی ۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ قضا کی نفی کرنے والی روایت اصل کے طور پر وارد ہے اور قضا کو واجب کرنے والی اس روات کی نا قل ہے اور جو روایت نا قال ہوتی ہے اس کی حیثیت بڑھ کر ہوتی ہے کیونکہ معنوی طور پر وہ اس اصل روایت کے بعد کی روایت ہوتی ہے گویا اس کے ورود کی تاریخ کا علم ہوجاتا ہے۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ ترک واجب پر ایک شخص سزا کا مستحق ہوجاتا ہے جبکہ کسی مباح کام کے کرلینے پر ایسا نہیں ہوتا ۔ اس لحاظ سے وجوب کی روایت پر عمل پیرا ہونا نفی کی روایت پر عمل پیرا ہونے سے بہتر ہوتا ہے۔ - اباحت افطار کے سلسلے میں حضرت ام ہانی (رض) عہنا کی روایت کی معارض وہ روایت ہے جو ہمیں محمد بن بکر نے بیان کی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں عبد اللہ بن سعید نے ، انہیں ابو خالد نے ہشام سے ، انہوں نے ابن سیرین سے اور انہوں نے حضرت ابو ہر یہ (رض) سے آپ نے فرمایا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا ارشاد ہے اذا اعی احد کم فلیجب ، فان کان مفطرا ً فلیطعم وان کان صائما فلیصل جب تم میں سے کسی کو کھانے کی دعوت پر بلایا جائے تو وہ یہ دعوت قبول کر کے وہاں جائے اگر روزے سے نہ ہو تو کھانا کھالے اور اگر روزے سے ہو تو کھانے کی بجائے نماز پڑھے۔- ابو دائود نے کہا ہے کہ انہیں حفص بن غیاث نے بھی یہ روایت سنائی ہے ۔ ایک اور روایت جو ہمیں محمد بن بکر نے بیان کی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں مسدد نے ، انہیں سفیان نے ابو الزناد سے ، انہوں نے الاعرج سے اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ (رض) سے ، آپ نے فرمایا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا ارشاد ہے اذا دعی احد کم الی طعام وھو صائم فلیقل الی صائم جب تم میں سے کسی کو کھانے پر بلایا جائے اور وہ روزے سے ہو تو صاف دے کہ میں روزے سے ہوں ۔ - یہ دونوں روایتیں بغیر عذر کے روزہ توڑنے کی ممانعت کرتی ہیں ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان روایتوں میں نفلی روزہ دار اور فرض روزہ رکھنے والے کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کیا ہے۔ آپ نہیں دیکھتے کہ پہلی روایت میں آپ کا ارشاد ہے کہ اگر وہ روزے سے ہو تو نماز پڑھے اور نماز روزہ توڑ دینے یعنی افطا ر کے منافی ہیں نیز آپ نے روزہ دار اور مفطر یعنی غیر روزہ دار کے درمیان فرق رکھا ہے اگر روزہ دار کے لیے روزہ توڑ دینا جائز ہوتا تو آپ کا ارشاد یہ ہوتا کہ اسے کھانا کھا لینا چاہیے۔ اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ پہلی روایت میں صلاۃ سے مراد دعا ہے اور دعا کھانے کے منافی نہیں ہے۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ روایت سے صلاۃ کے مراد علی الاطلاق وہ معلوم صلاۃ ہے جو رکوع اور سجدے کے ساتھ ہوتی ہے ۔ اس سے دعامراد لینا درست نہیں ہے الایہ کہ اس کے لیے کوئی دلالت موجود ہو ۔ اگر اس سے دعا مراد لے بھی لی جائے تو اس کی اس بات پر دلالت قائم رہے گی کہ وہ روزہ نہیں توڑے گا کیونکہ آپ نے روزہ دار اور غیرروزہ دار کے درمیان فرق کردیا تھا جیسا کہ ہم نے اوپر ذکر کیا ۔ نیز حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یہ ارشاد فلیقل انی صائم وہ کہہ دے کہ میں روزے سے ہوں اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اسے کھانے سے منع کیا جا رہا ہے جبکہ ہمیں یہ معلوم ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے دعوت قبول کرنے کو مسلمان کے حقوق مثلاًسلام ، مریض کی عیادت اور جنازے میں شرکت وغیرہ کی طرح ایک حق قرار دیا ہے ۔ جب آپ نے یہ کہہ کر اسے دعوت میں کھانے سے منع کردیا کہ فلیقل انی صائم تو اس سے یہ معلوم ہوا کہ عذر کے بغیر ہر قسم کے روزے میں افطار یعنی روزہ توڑنے کی ممانعت ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ حضرت ابو الدردا اور حضرت جابر (رض) سے مروی ہے کہ آپ دونوں نفلی روزہ توڑ دینے میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے ، یہ بھی روایت ہے کہ ایک دفعہ حضرت عمر (رض) مسجد میں داخل ہوئے اور ایک رکعت نماز پڑھ کر واپسی کے لیے مڑ گئے۔ ایک شخص نے یہ دیکھ کر آپ سے ایک رکعت پڑھنے کے متعلق سوال کیا تو آپ نے جواب دیا کہ یہ تو نفلی نماز ہے جو شخص چاہے زیادہ پڑھ لے اور جو چاہے کم پڑھ لے۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ ہم نے حضرت ابن عباس حضرت ابن عمر (رض) سے نفلی روزہ توڑ دینے والے پر قضا کے وجوب کی رویت کی ہے۔- رہ گئی حضرت ابو الدرداء اور حضرت جابر (رض) کی روایت تو اس میں قضا کی نفی پر دلالت موجود نہیں ہے۔ اس میں تو صرف افطار کی اباحت کا ذکر ہے۔ حضرت عمر (رض) سے جو اثر مروی ہے اس میں یہ احتمال ہے کہ حضرت عمر (رض) کی اس سے مراد یہ ہو کہ جو شخص کوئی نماز اس خیال سے شروع کرلے کہ یہ اس کے ذمہ ہے اور پھر اسے یاد آ جائے کہ یہ اس کے ذمہ نہیں ہے تو پھر اس صورت میں یہ نماز نفل بن جائے گی اور نمازی کے لیے اسے قطع کرنا درست ہوجائے گا اور اس پر قضا بھی واجب نہیں ہوگی ۔ جبکہ حضرت عبد اللہ بن مسعود (رض) سے مروی ہے کہ ایک رکعت نماز بالکل جائز نہیں ہے۔ - اگر یہ کہا جائے کہ ارشاد باری فاقروا ما تیسر من القرآن تمہیں جہاں سے آسان ہو قرآن کی تلاوت کرو کی ایک رکعت پر اقتصار کے جواز پر دلالت ہوتی ہے۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ ارشاد باری میں قرأت کے متعلق تخیر ہے نہ کہ نماز کی رکعتوں کے متعلق اور قرأت میں تخیر سے ، نماز کے تمام ارکان میں تخییر لازم نہیں آتی ۔ اس لیے آیت مبارکہ میں رکعتوں کے حکم پر کوئی دلالت نہیں ہو رہی ہے۔ امام شافعی کا قول ہے کہ اگر کسی شخص نے قربانی کے لیے حاصل کیے ہوئے جانور کو ذبح کرلیا تو اس پر اس کا بدل لازم ہوجائے گا ، یہی حکم تمام عبادات کا ہے۔ - قول باری ہے ثم اتموا الصیام الی اللیل کی جن احکام پر دلالت ہو رہی ہے ان میں سے ایک یہ ہے کہ جو شخص صبح کے وقت حالت اقامت میں ہو اور اس کا روزہ بھی ہو پھر سفر پر روانہ ہوجائے اس کے لیے اس دن روزہ توڑ دینا جائز نہیں ہوگا ۔ ظاہر آیت اس پر دلالت کر رہی ہے اور اس میں روزہ رکھنے کے بعد سفر پر چلے جانے والے اور مقیم رہنے والے کے درمیان کوئی امتیاز قائم نہیں کیا گیا ۔ - آیت میں اس پر بھی دلالت موجود ہے کہ جو شخص یہ خیال کرتے ہوئے کہ ابھی رات ہے طلوع فجر کے بعد کھالے یا یہ خیال کرتے ہوئے کہ سورج غروب ہوچکا ہے ، غروب شمس سے پہلے روزہ کھول لے تو ان دونوں صورتوں میں اس پر قضا واجب ہوگی کیونکہ ارشاد خداوندی ہے کہ تم اتموا الصیام الی اللیل اور اس شخص نے روزے کا اتمام نہیں کیا کیونکہ روزہ نام ہے کھانے پینے اور جماع سے باز رہنے کا اور چونکہ باز نہیں رہا اس لیے یہ صائم نہیں ہے۔- اس مسئلے میں سلف کا اختلاف ہے۔ مجاہد ، جابر بن زید اور الحکم کا قول ہے کہ ایسے شخص کا روزہ مکمل ہوجائے گا اور اس پر قضا لازم نہیں آئے گی ۔ یہ مسئلہ اس صورت میں ہے جبکہ سحری کرنے والا یہ سمجھتے ہوئے کہ ابھی رات ہے طلوع فجر کے بعد سحری کرے۔ مجاہد کا قول ہے کہ اگر کسی نے یہ خیال کر کے سورج غروب ہوچکا ہے روزہ کھول لیا پھر معلوم ہوا کہ سورج غروب نہیں ہوا تھا تو وہ یہ روزہ قضا نہیں کرے گا ۔ اسی طرح مجاہد کے قول میں دونوں صورتوں کے درمیان فر ق رکھا گیا ہے اس لیے کہ قول باری ہے حتی یتبین لکم الخیط الابیض من الخیط الاسود من الفجراب جب کہ اس شخص کے لیے اس کا تبین نہیں ہوا یعنی اس کے متعلق قطعی علم نہ ہوسکا تو اس کے لیے کھاتا مباح ہوگا اور اگر طلوع فجر کے یقینی علم سے پہلے اس نے کھا پی لیا ہو تو ایسی صورت میں اس پر قضا بھی لازم نہیں آئے گی ۔ لیکن اگر کسی نے غروب شمس کے خیال سے روزہ کھول لیا جبکہ ابھی سورج غروب نہیں ہوا تھا تو چونکہ اس کا روزہ یقین تھا اس لیے اسے جائز نہ تھا کہ غروب شمس کے متعلق یقین حاصل کرنے سے پہلے روزہ کھول لے۔ ابن سیرین ، سعید بن جبیر اور ہمارے اصحاب ، امام مالک ، سفیان ثوری اور امام شافعی کا قول یہ ہے کہ دونوں حالتوں میں قضا کرے گا ۔ البتہ امام مالک نے یہ فرمایا ہے کہ نفلی روزے کی صورت میں روزہ جاری رکھے گا اور فرض روزے کی صورت میں قضا کرے گا ۔ اعمش نے زید بن وہب سے روایت کی ہے کہ حضرت عمر (رض) اور دوسرے لوگوں نے ایک بادل والے دن میں روزہ کھو ل لیا اس کے بعد سورج نکل آیا تو آپ نے فرمایا کہ نجدا ہم نے گناہ کی طرف جھکائوظاہر نہیں کیا ، ہم اب اس کی قضا نہیں کریں گے۔- آپ سے یہ بھی مروی ہے کہ آپ نے فرمایا یہ معاملہ کوئی سنگین نہیں ہے۔ ہم ایک دن کی قضا کرلیں گے۔ ظاہر آیت ثم اتموا الصیام الی اللیل کا اقتضا یہ ہے کہ عدم اتمام کی صورت میں اس کا روزہ باطل ہوجائے ۔ آیت میں وقت کی عدم معرفت کی بنا پر کھا لینے والے اور اس کا علم رکھتے ہوئے کھا لینے والے کے درمیان کوئی فرق نہیں کیا گیا ہے۔ اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ قول باری وکلوا وشربوا حتی یتبین لکم الخیط الابیض من الخیط الاسود من الفجر اب اگر کسی کو اس کاتبین یعنی یقینی علم نہیں ہوتا تو اس کے لیے کھانا پینا مباح ہوگا اسکے جواب میں کہا جائے گا کہ اس قسم کے کھانے پینے میں دو میں سے ایک صورت ضرور ہوگی ۔ اول یہ کہ کھانے والے کے لیے طلوع فجر کے متعلق یقین حاصل کرنا ممکن ہو ۔ اس کی صورت یہ ہوگی کہ وہ طلوع فجر سے روشناس ہو اور درمیان میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو ، اس کے بعد بھی اگر وہ طلوع فجرکا یقین حاصل نہیں کرتا تو یہ اس کی کوتاہی شمار ہوگی اور یہ کہا جائے گا کہ اس نے طلوع فجر معلوم کرنے کی کوشش نہیں کی اور اس کا لحاظ نہیں رکھا ۔ ایسی صورت حال میں اس کے لیے کھانے کا اقدام درست نہیں ہوگا اور اگر وہ یہ اقدام کر بیٹھے گا تو وہ ایسے فعل کا مرتکب ہوگا جو اسے کرنا نہیں چاہیے تھا۔ اس کے لیے کہ طلوع فجر کے متعلق یقین کرنا اور اس کا علم حاصل کرنا اس کے امکان میں تھا اور یہ چیز اس کے بس سے باہر نہیں تھی ۔ اس نے ایسا نہ کر کے کوتاہی کی اس لیے اس کی کوتاہی اس سے روزے کی فرضیت ساقط نہیں کرسکی ۔- دوم یہ کہ کھانے والے کے لیے طلوع فجر کے متعلق یقین حاصل کرنا ممکن نہ ہومثلاً وہ طلوع فجر کے مفہوم سے نا آشنا ہو یا اس کی درمیان کوئی رکاو ٹ حائل ہوگئی ہو یا چاندنی رات ہو یا اس کی بینائی کمزور ہو یا کوئی اور صورت ہو تو ایسی حالت میں اس کے لیے ظن اور گمان پر عمل کرنا جائز نہیں ہوگا بلکہ یقین تک پہنچنا اس کی ذمہ داری ہوگی اور شک کی حالت میں اس کے کھانے کا عمل درست نہیں ہوگا ۔- جب یہ بات طے ہوگئی تو پھر روزے کے متعلق ترک احتیاط کی وجہ سے اس سے قضا ساقط نہیں ہوگی ۔ اس طرح اگر کسی نے بادلوالے دن چھپنے کے گمان پر روزہ کھول لیا تو ظاہر آیت ثم اتموا الصیام الی اللیل کے مقتضی کے مطابق اس کی بھی حیثیت پہلے شخص کی سی ہوگی۔ اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ بندہ طلوع فجر کے متعلق یقین حاصل کرنے کے مکلف نہیں ہے جس کا علم اللہ کو ہے ۔ بندہ تو اس چیز کا مکلف ہے جس ا علم اسے حاصل ہو ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ بندے کے لیے جب طلوع فجر کی معرفت تک جس کا علم اللہ کو ہے پہنچنا ممکن ہو تو پھر اس پر اس کی رعایت لازم ہوتی ہے۔ جس وقت درمیان میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو تو اس وقت اسکا علم نہ ہونا ایک محال سی بات معلوم ہوتی ہے۔ اس کے باوجود اگر وہ غافل ہو تو غفلت کی حالت میں کھا پی لینا اس کے لیے مباح ہے لیکن کھا پی لینے کی اباحت اس سے قضا کو ساقط نہیں کرسکتی ۔ جس طرح کہ مریض اور مسافر کی کیفیت ہے اور جو اس مسئلے میں اصل کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیے کہ انہیں بھی سفر اور بیماری کی معذوری لاحق ہوتی ہے۔- اس لیے جس شخص کو طلوع فجر کے متعلق اشتباہ ہوجائے یا اس کا خیال ہو کہ طلوع فجر نہیں ہوچکا ہے تو وہ کھا پی لینے میں معذور سمجھا جائے گا لیکن ہماری درج بالا وضاحت کی روشنی میں اس کی معذوری اس سے قضا کو ساقط نہیں کرسکتی ۔ ہمارے اس دعوے پر تمام لوگوں کا یہ اتفاق بھی دلالت کرتا ہے کہ اگر لوگوں کو رمضان کی پہلی رات کا چاند بادل وغیرہ کی وجہ سے نظر نہ آئے اور وہ اگلی صبح روزہ نہ رکھیں بعد میں انہیں پتہ لگے کہ آج رمضان کی پہلی تاریخ ہے تو ان پر قضا لازم ہوگی ۔ یہی حکم اس شخص کا بھی ہونا چاہیے جس کا تذکرہ درج بالا سطور میں گزر چکا ہے نیز یہی حکم اس شخص کا بھی ہے جو دارالحراب میں قید ہو اور رمضان گزر جانے کے بعد اسے اس کا علم ہو تو اس پر رمضان کی قضا لازم ہوگی۔ ایسا شخص روزہ نہ رکھنے کی صورت میں مکلف ہی نہیں تھا اور رمضان کے متعلق علم ہوجانے پر مکلف ہوا لیکن وقت کے متعلق اس کی ناواقفیت اس سے قضا ساقط نہیں کرتی ۔ اسی طرح اس شخص سے بھی ساقط نہیں ہوگی جس سے طلوع اور غروب شمس مخفی رہا ۔- اگر یہ کہا جائے کہ طلوع و غروب شمس کے متعلق یقین حاصل نہ کرنے والے کو روزے کے دوران بھول کر کھا لینے والے کی طرح کیوں نہیں سمجھاجاتا اور اس سے قضا کیوں نہیں ساقط کردی جاتی جس طرح بھول کر کھا لینے سے قضا ساقط ہوجاتی ہے کیونکہ کھانے کے دوران روزے کے وجوب کا علم ہی نہیں ہوتا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ درج بالاشخص کو بھول جانے والے شخص کی طرح قرار دینا ایک فاسد تعلیل ہے۔ اس لیے کہ ایسا شخص ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہیں بادل وغیرہ کی وجہ سے چاند نظر نہیں آتا اور ایسے لوگوں کے متعلق سب کا اتفاق ہے کہ ان پر قضا واجب ہوجاتی ہے جب انہیں یہ علم ہوجاتا ہے کہ آج رمضان کی پہلی تاریخ ہے ۔ یہی کیفیت دارالحرب میں قید ہوجانے والے کی ہوتی ہے جب اسے رمضان کی آمد کا علم نہ ہو اور رمضان گزر بھی جائے تو سب کے نزدیک اس پر اس کی قضا واجب ہوتی ہے باوجودیکہ اسے اپنے اوپر روزے کے وجوب کا علم نہیں ہوتا۔- رہ گئی بھول کر کھا لینے والے کی بات تو اس کے متعلق ہمارے اصحاب کا قول ہے کہ قیاس کا تقاضا تو یہ تھا کہ اس پر قضا واجب ہو لیکن انہوں نے حدیث کی بنا پر قیاس کو ترک کردیا اگرچہ ظاہر آیت بھی اس کے روزے کی صحت کی نفی کرتا ہے کیونکہ اس نے روزے کو اتمام تک نہیں پہنچایاجب کہ قول باری ہے ثم اتموا الصیام الی للیل پھر تم رات تک روزے کو پورا کرو اور روزہ نام ہے کھانے پینے اور جماع سے بازرہنے کا جو اس میں پایا نہیں گیا ، آپ نہیں دیکھتے کہ اگر ایسا شخص سے روزہ رکھنا ہی بھول جاتا تو اس پر سب کے نزدیک اسکی قضا ہوتی اور اس کا نسیان اس سے قضا کو ساقط نہیں کرسکتا۔- ایک روایت ہمیں محمد بن بکر نے بیان کی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں ہارون بن عبد اللہ اور محمد بن العلاء المعنی ، ان دونوں کو ابو اسامہ نے ، انہیں ہشام بن عروہ نے فاطمہ بن المنذر سے اور انہوں نے حضرت اسماء بنت ابی بکر سے روایت کی ۔ وہ کہتی ہیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے زمانے میں ایک روز ہم نے بادل والے دن روزہ کھول دیا پھر سورج نکل آیا ۔ ابو اسامہ کہتے ہیں کہ میں نے ہشام سے پوچھا آیا انہیں قضا کرنے کا حکم دیا گیا گیا تھا تو ہشام نے جواب دیا کہ یہ ضروری تھا۔- قوم باری ثم اتموا الصیام الی اللیل اس پر بھی دلالت کرتا ہے کہ اگر کسی شخص کا روزہ زبردستی کھلادیا جائے تو اس کا روزہ باطل ہوجائے گا کیونکہ اس نے اپنا روزہ مکمل نہیں کیا جیسا کہ ہم پہلے بیان کر آئے ہیں ۔ اسی طرح وہ شخص جو دیوانہ ہوگیا اور دیوانگی کے عالم میں کھا پی گیا ہو ، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے اس شخص کے روزے کی صحت کا حکم دیا ہے جو اسے رات تک پورا کرے اس بنا پر جس شخص سے روزے کی ممنوعات میں سے کوئی فعل سر زد ہوجائے وہ روزہ رات تک مکمل کرنے والا نہیں کہلائے گا اس لیے اس پر قضا لازم ہوگی۔ رہ گیا وہ وقت جبروزے کی انتہا ہوتی ہے اور فطار کرنا واجب ہوتا ہے اس کے متعلق ہمیں محمد بن بکر نے روایت بیان کی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں مسدد نے ، انہیں عبد اللہ بن دائود نے ہشام بن عرو ہ سے ، انہوں نے اپنے والد عروہ سے ، انہوں نے عاصم بن عمر سے اور انہوں نے اپنے والد حضرت عمر (رض) سے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمای اذا جاء اللیل من ھھنا وفھب النھار من ھھنا وغامبت الشمس فقد افطر الصائم جب رات اس جگہ یعنی مشرق سے آ جائے اور دن یہاں سے گزر جائے اور سورج غروب ہوجائے تو روزہ دار کا روزہ کھل جاتا ہے۔- اس روایت محمد بن بکر نے ہمیں سنائی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں مسدد نے ، انہیں عبد الواجد نے انہیں سلیمان الشیبانی نے یہ بتایا کہ میں نے حضرت عبد اللہ بن ابی اوفی (رض) کو یہ فرماتے ہوئے سنا تھا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ارشاد فرمایا اذا اریتم اللیل قد اقبل من ھھنا فقد افطرالصائم جب تم دیکھو کہ رات اس طرف سے، یہ کہتے ہوئے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے مشرق کی طرف اشارہ کیا ، آ گئی ہے تو سمجھ لو کہ روزہ دار کا روزہ کھل گیا ۔ حضرت ابوسعید خدری (رض) نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا اذا سقط القوص افطر جب سورج کی ٹکیہ گرجائے یعنی ڈوب جائے تو روزہ کھول لو اس میں کوئی حرج نہیں ہے کہ جب سورج غروب ہوجائے تو روزے کا وقت ختم ہوجاتا ہے اور روزے کی تمام پابندیاں ختم ہوکر اس کے لیے کھانا اور ہم بستری کرنا جائز ہوجاتا ہے۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یہ ارشاد اذا غابت الشمس فقد افطرالصائم یہ واجب کرتا ہے کہ غروب آفتاب کے ساتھ ہی روزہ کھل جائے خواہ روزہ دار کچھ کھائے یا نہ کھائے کیونکہ روزہ رات کے وقت نہیں ہوتا ۔ اس لیے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے صوم و صال سے منع فرمایا ہے اس لیے کہ اس صورت میں وہ روزہ نہ ہونے کے باوجود کھانے پینے سے پرہیز کرتا ہے۔ صوم وصال کا مفہوم یہ ہے کہ دو یا تین دن لگاتار کچھ نہ کھائے پئے ۔ اگر کسی وقت بھی اس نے کچھ کھا پی لیا تو وہ وصال سے خارج ہوجائے گا ۔ ابن الہاد نے عبد اللہ بن جناب سے اور انہوں نے حضرت ابو سعید خدری (رض) سے روایت کی ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے صوم وصال سے منع فرما دیا، لوگوں نے عرض کیا کہ آپ تو ایسے روزے خود رکھتے ہیں۔- یہ سن کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا انکم لستم کھیتی انیابیت لی مطعم یطعمنی و ساق یسقینی ذالکم واصل فمن السحو الی السحرتم میری طرح نہیں ہو مجھے تو رات کے وقت ایک کھلانے پلانے والا کھلاتا پلاتا ہے یعنی اللہ کی ذات ، اس لیے تم میں سے جو مواصلت کرنا چاہے تو بس سحر سے سحر تک کرے ۔ اس طرح آپ نے یہ ارشاد فرما دیا کہ جو شخص سحری کھالے گا وہ صوم وصال کا مرتکب نہیں ہوگا۔- نیز حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ بھی بتادیا کہ آپ صوم وصال نہیں رکھتے تھے اس لیے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو کھلاتا پلاتا ہے۔ حضرت ابوہریرہ (رض) کی روایت میں ہے کہ جب آپ سے پوچھا گیا کہ آپ صوم وصال رکھتے ہیں تو آپ نے فرمایا کہ رات کے وقت میرا رب مجھے کھلاتا پلاتا ہے۔- بعض لوگوں کا قول ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تخصیص کے طور پر صوم و وصال کی اجازت تھی امت کو اس کی اجازت نہیں تھی حالانکہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ بتادیا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو کھلاتا پلاتا ہے اور ظاہر ہے کہ جس شخص کی یہ کیفیت ہو اس کے متعلق نہیں کہا جاسکتا کہ وہ صوم و صال رکھتا ہے۔ واللہ اعلم بالصواب۔- اعتکاف کا بیان - ارشاد باری ہے ولا تبا شروھن وانتم عاکفون فی المساجد اور تم مساجد میں اعتکاف کے دوران اپنی بیویوں کے ساتھ مباشرت نہ کرو لغت میں اعتکاف کے معنی ہیں لبث یعنی ٹھہرے رہنا ۔ قول باری ہے ما ھذہ التماثیل التی انتم لھا عاکفون یہ مجسمے یا بت کیسے ہیں جن کے قدموں سے تم چمٹے بیٹھے ہو اسی طرح ارشاد باری ہے فنظل لھا عاکفین ہم تو ان سے چمٹے ہی رہیں گے طرماح کا ایک شعر ہے۔- ؎ فباتت بنات اللیل حولی عکفا عکوف البوا کی بینھن صریع - بنات اللیل یعنی ستارے میرے ارد گرد رات بھر اس طرح جمے بیٹھے رہے ہیں جس طرح کسی منقول آنسو بہانے والی عورتیں اس کے گرد جم کر بیٹھی رہتی ہیں یعنی رات کٹتی نظر نہیں آرہی تھی ۔ پھر لبث کے معنی کے ساتھ ساتھ یہ لفظ شریعت میں کچھ اور معافی کی طرف منتقل ہوگیا جو اس لفظ کے لغوی مدلول نہیں تھے۔ ان میں سے ایک معنی مسجد میں ہونا ، دوسرا معنی روزہ دار ہونا ، تیسرا ہم بستری سے مکمل طور پر پرہیز کرنا اور تقرب الٰہی کی نیت کرنا ۔ جب تک اس لفظ کے تحت یہ تمام معانی نہیں پائے جائیں گے اس وقت تک اس فعل کا کرنے والا متعکف نہیں کہلا سکتا ۔ بالکل ایسی ہی بات ہم روزہ کے سلسلے میں کہہ آئے ہیں کہ لغت میں امساک کو صوم کہتے ہیں ۔ پھر اس میں چند اور معانی کا اضافہ کردیا گیا اور اب ان معافی کے بغیر امساک شرعی روزہ نہیں کہلا سکتا ۔ جہاں تک مسجد میں ٹھہرنے کا تعلق ہے تو یہ صرف مردوں کے لیے شرط ہے ۔ عورتوں کے لیے یہ شرط نہیں ہے۔ مسجد میں اعتکاف کرنے کی اصل اللہ تعالیٰ کا یہ قول ہے ولا تباشروھن وانتم عاکفون فی المساجد اس آیت میں مسجد میں ہونے کا اعتکاف کی شرط قرار دے دیا گیا ۔- سلف کا اس مسجد کے متعلق اختلاف رائے ہے جس میں اعتکاف درست ہوتا ہے۔ ابو وائل کے واسطے سے حضرت حذیفہ (رض) سے یہ مروی ہے کہ آپ نے حضرت عبد اللہ (رض) سے کہا کہ تم دیکھتے ہو کہ لوگوں نے تمہارے گھر اور دار اشعری کے درمیان اعتکاف کر رکھا ہے۔ کیا اس سے تمہیں غصہ نہیں آتا جبکہ تمہیں معلوم ہے کہ اعتکاف صرف تین مسجدوں یا مسجد حرام میں ہوسکتا ہے۔ اس پر حضرت عبد اللہ (رض) نے حضرت حذیفہ (رض) سے فرمایا کہ شاید لوگوں نے ٹھیک کیا ہے اور تمہیں غلطی لگ گئی ہے اور لوگوں نے بات یاد رکھی ہے اور تم بھول گئے ہو ابراہیم نخعی سے مروی ہے کہ حضرت حذیفہ (رض) کہا کرتے تھے کہ اعتکاف صرف تین مسجدوں میں ہوتا ہے ۔ یعنی مسجد حرام ، مسجد اقصیٰ اور مسجد نبوی ۔ - قتادہ کے واسطے سے سعید بن المسیب سے مروی ہے کہ اعتکاف صرف مسجد نبوی میں ہوتا ہے یہ بات حضرت حذیفہ (رض) کے مسلک کے مطابق ہے کیونکہ یہ تینوں مسجدیں انبیاء (علیہم السلام) کی مسجدیں ہیں ۔ ایک قول اور بھی ہے کہ جس کی روایت اسرائیل نے ابو اسحاق سے اور انہوں نے الحرث سے اور انہوں نے حضرت علی (رض) سے کی ہے کہ مسجد حرام یا مسجد نبوی کے سوا اور کہیں اعتکاف درست نہیں ہے۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود (رض) ، حضرت عائشہ (رض) ، ابراہیم نخعی، سعید بن جبیر ، ابو جعفر اور عروہ بن الزبیر سے مروی ہے کہ اعتکاف صرف اسی مسجد میں ہوسکتا ہے جہاں با جماعت نماز ادا ہوتی ہے۔ اس طرح تمام سلف کا اس پر اتفاق ہوگیا کہ اعتکاف کی ایک شرط مسجد میں ہونا ہے اگرچہ ان کے درمیان عموم و خصوص مساجد کے متعلق اختلاف رائے ہے جس کا ذکر ہم سطور بالا میں کر آئے ہیں ۔ فقہاء امصار کا اس پر اتفاق ہے۔ اعتکاف ایسی تمام مساجد میں درست ہے جہاں با جماعت نمازیں ہوتی ہوں ۔- البتہ امام مالک سے ایک روایت ہے جس کا ابن الحکم نے ذکر کیا ہے کہ کوئی شخص ایسی مسجد کے سوا اور کہیں اعتکاف نہ کرے جہاں جمعہ کی نماز ہوتی ہو یا مساجد کے صحنوں میں جہاں نماز پڑھنا جائز ہو ظاہر آیت وانتم عاکفون فی المساجد تمام مساجد میں اعتکاف کو مباح قرار دیتا ہے اس لیے کہ لفظ المساجد میں عموم ہے اور جو شخص اسے بعض مساجد کے ساتھ خاص کرے گا اسے اس پر دلیل قائم کرنا ہوگا ۔ اسی طرح اسے ایسی مساجد کے ساتھ مخصوص کرنے کی بھی کوئی دلیل نہیں ہے جہاں با جماعت نماز ہوتی ہو جس طرح اسے مساجد انبیاء کے ساتھ خاص کرنا بےدلیل بات ہے اور عدم دلیل کی بنا پر اس قول کا اعتبار بھی ساقط ہوجاتا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام کا قول ہے لا بشد الرحال الا الی ثلاثۃ مساجد المسجد الحرام و مسجد بیت المقدس و مسجدی ھذا کجاوے صرف تین مسجدوں کی طرف سفر کے لئے کسے جائیں ، مسجد حرام ، مسجد بیت المقدس اور میری اس مسجد کی طرف ان تین مساجد کی تخصیص پر دلالت کرتا ہے۔- اسی طرح آپ کا قول صلاۃ فی مسجدی ھذا افضل من الف صلاۃ فی غیرہ الاالمسجد الحرام میری اس مسجد میں ایک نماز دوسری کسی مسجد میں ، مسجد حرام کے سوا ، ہزار نمازوں سے بہتر ہے ۔ ان دو مساجد کی فضلیت کے اختصاص پر دلالت کرتا ہے۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ بخدا حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا تین مساجد کی ایک صفت اور دو مساجد کی ایک صفت کے متعلق یہ قول تمام دوسری مساجد پر ان کی افضلیت پر دلالت کرتا ہے اور ان کے متعلق ہمارا بھی وہی قول ہے جو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا ہے۔ البتہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اس ارشاد میں کوئی ایسی بات نہیں ہے جو دوسری مسجدوں میں اعتکاف کی نفی پر دلالت کرتی ہو ۔ جس طرح کہ دوسری مسجدوں میں جمعہ اور جماعت کے جواز کی نفی پر اس میں کوئی دلالت موجود نہیں ہے اس بنا پر عموم آیت کی ایسی چیز کے ساتھ تخصیص درست نہیں ہے جس کے لیے آیت میں کوئی دلالت موجو د نہیں ہے۔ امام مالک سے وہ روایت بےمعنی ہے جس میں اعتکاف کے لیے صرف جمعہ والی مسجدوں کو خاص کردیا گیا ہے اور جماعت والی مسجدوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ جس طرح جمعہ کی نماز تمام مسجدوں میں درست ہوسکتی ہے اور اس میں کوئی امتناع نہیں اسی طرح ان مساجد میں اعتکاف میں بھی کوئی امتناع نہیں ہے تو پھر اعتکاف کو جماعت والی مسجدوں کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف جمعہ والی مسجدوں کے ساتھ کیسے مخصوص کیا جاسکتا ہے۔- عورتوں کے اعتکاف کی جگہ کہاں ہو ؟- عورتوں کے اعتکاف کی جگہ کے متعلق فقہاء میں اختلاف رائے ہے ۔ امام ابوحنیفہ ، ابو یوسف محمد اور امام ظفر کا قول ہے کہ عورت صرف اپنے گھر کی مسجد میں اعتکاف کرے گی اور جماعت والی مسجد میں اعتکاف نہیں کرے گی ۔ امام مالک کا قول ہے کہ عورت مسجد جماعت میں اعتکاف کرسکتی ہے۔ آپ کو عورت کا اپنے گھر کی مسجد میں اعتکاف کرنا اچھا نہیں لگتا ہے۔- امام شافعی کا قول ہے کہ غلام ، عورت اور مساجد جس جگہ چاہیں اعتکاف کرسکتے ہیں ۔ اس لئے کہ ان پر جمعہ فرض نہیں ہوتا ۔ ابوبکر جصاص کہتے ہیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مروی ہے کہ آپ نے فرمایا لا تمنعوا ماء اللہ مساجد اللہ وبیوتھن خیر لھن اللہ کی لونڈیوں کو اللہ کی مسجدوں میں جانے سے نہ روکو اور ان کا گھران کے لیے سب سے بہتر ہے آپ نے یہ بتادیا کہ عورتوں کا گھر ان کے لیے سب سے بہتر ہے۔ آپ نے اعتکاف اور نماز کے درمیان ان کے حکم میں کوئی فرق نہیں رکھا۔ جب باتفاق فقہاء عورت کے لیے اعتکاف جائز ہوگیا تو یہ واجب ہوگیا کہ اس کا اعتکاف اس کے گھر میں ہو ۔ اس لیے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا قول ہے کہ وبیوتھن خیر لھن ان کا گھر ان کے لیے سب سے بہتر ہے اگر عورت ان میں سے ہوتی جن کے لیے مسجد میں اعتکاف کرنا مباح ہے تو مسجد میں اس کا اعتکاف افضل ہوتا اور ان کے گھر ان کے لیے سب سے بہتر نہ ہوتا ۔ اس لیے کہ مسجد میں اعتکاف کرنا ان لوگوں کے لیے شرط ہے جن کے لیے وہاں اعتکاف کرنا مباح ہے۔- اس پر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یہ قول بھی دلالت کرتا ہے کہ صلاۃ المراۃ فی دار ھا افضل من صلا تھا فی مسجد ھا وصلا تھا فی بیتھا افضل من معلا تھا فی دارھا وصلا تھا فی مخدعھا افضل من ضلا تھا فی بیتھا عورت کا اپنے گھر میں نماز پڑھنا مسجد میں جا کر نماز پڑھنے سے افضل ہے اور اس کا اپنے کمرے میں نماز پڑھنا گھر میں نماز پڑھنے سے افضل ہے اور اس کا اپنے کمرے کے اندر بنی ہوئی کوٹھڑی میں نماز پڑھنا کمرے میں نماز پڑھنے سے بہتر ہے۔ جب اپنے کمرے میں اس کی نماز مسجد کی نماز سے افضل ہے تو اس کے اعتکاف کا بھی یہی حکم ہونا چاہیے۔ عورتوں کے لیے مسجد میں جا کر اعتکاف کرنے کی کراہت پر وہ روایت دلالت کرتی ہے جو ہمیں محمد بن بکر نے بیان کی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں عثمان بن ابی شیبہ نے، انہیں ابو معاویہ اور یعلی بن عبید نے یحییٰ بن سعید سے ، انہوں نے عمرہ سے عمرہ نے حضرت عائشہ (رض) سے کہ جب حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اعتکاف کرنے کا ارادہ فرماتے تو فجر کی نماز پڑھنے کے بعد اعتکاف کی جگہ میں داخل ہوجاتے۔- حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ آپ نے ایک دفعہ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کرنے کا ارادہ کیا آپ نے اس کے لیے مسجد میں جھولداری کھڑی کرنے کا حکم دیا چناچہ جھولداری کھڑی کردی گئی یہ دیکھ کر میں نے اور دوسری ازواج نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بھی اپنے لیے الگ الگ جھولداریاں بنوا لیں۔ جب آپ نے صبح کی نماز ادا کی تو آپ کی نظر ان جھولداریوں پر پڑی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا :” یہ جھولداریاں کیسی ہیں ، کیا تم نے ان کے ذریعے نیکی کا ارادہ کیا ہے ؟ “ اس کے بعد آپ نے اپنی جھولداری گرانے کا حکم دیا اور ازواج مطہرات کو بھی اپنی اپنی جھولداریاں اکھڑ وا دینے کا حکم دیا ۔ پھر آپ نے یہ اعتکاف شوال کے پہلے عشرے تک موخر کردیا ۔ یہ روایت مسجد میں عورتوں کے اعتکاف کی کراہت پر دلالت کرتی ہے ۔ اس لیے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ازواج مطہرات کی جھولداریاں مسجد میں لگی ہوئی دیکھ کر فرمایا تھا آلبرتردن کیا تم نے اس سے نیکی کا ارادہ کیا ہے۔ اس سے آپ کی مراد یہ تھی کہ یہ کوئی نیکی کی بات نہیں ہے۔ اس چیز کی کراہت کا اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آپ نے اس ماہ اعتکاف ہی نہیں کیا اور اپنی جھولداری گرا دی تا کہ ازواج مطہرات بھی اپنی اپنی جھولداریاں گرا دیں ۔ اگر آپ کے نزدیک ان کا اعتکاف پسندیدہ ہوتا تو آپ ہرگز پختہ عزم کرلینے کے بعد اعتکاف ترک نہ فرماتے اور نہ ہی ازواج مطہرات کے لیے اسے ترک کردینا جائز ٹھہراتے جبکہ اعتکاف تقرب الٰہی کا ایک ذریعہ ہے۔ اس واقعہ میں یہ دلالت موجود ہے کہ آپ نے مسجد میں عورتوں کے اعتکاف کو ناپسند فرمایا۔- اگر یہ کہا جائے کہ اس حدیث کی روایت سفیان بن عینیہ نے یحییٰ بن سعید سے کی ہے ، انہوں نے عمرہ سے اور عمرہ نے حضرت عائشہ (رض) سے ، اس میں حضرت عائشہ (رض) نے فرمایا کہ میں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے اعتکاف کرنے کی اجازت مانگی ، آپ نے مجھے اجازت دے دی ، پھر زینب نے اجازت مانگی آپ نے انہیں بھی اجازت دے دی ۔ جب آپ نے فجر کی نماز پڑھی تو مسجد میں چار جھولداریاں دیکھیں ۔ استفسار کرنے پر آپ کو بتایا گیا کہ ان میں سے تین زینب ، حفصہ اور عائشہ کی ہیں یہ سن کر آپ نے فرمای آلبرتردن اور پھر آپ نے اعتکاف نہیں کیا ۔ اس روایت میں حضرت عائشہ (رض) نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اجازت کی خبر دی ہے۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ اس روایت میں انہیں مسجد میں اعتکاف کی اجازت کی کوئی بات نہیں ہے بلکہ اس میں یہ احتمال ہے کہ آپ کی طرف سے اجازت کا مقصد یہ تھا کہ یہ ازواج مطہرات اپنے اپنے گھروں میں اعتکاف کریں ۔ یہی وجہ ہے کہ جب آپ نے مسجد میں ان کی جھولداریاں لگی ہوئی دیکھیں تو آپ نے اعتکاف کا ارادہ ہی ترک کردیا تا کہ وہ بھی اپنا اپنا ارادہ ترک کردیں۔- یہ اس بات کی دلیل ہے کہ آپ کی طرف سے ابتدا میں اجازت کا تعلق مسجد میں اعتکاف کا اجازت سے نہیں تھا نیز اگر ابتدا میں اجازت کا تعلق مسجد میں اعتکاف کے جواز سے ہوتا تو آپ کی طرف سے نا پسندیدگی کا اظہار اس اجازت کے منسوخ ہونے پر دلالت کرتا اور اس طرح آپ کا آخری حکم سابقہ حکم سے اولیٰ قرار پاتا ۔- اگر اس استدلال پر یہ اعتراض کیا جائے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ناپسندیدگی آپ کی طرف سے دی ہوئی اجازت کے لیے ناسخ نہیں بن سکتی اس لیے کہ احناف کا یہ کلیہ ہے کہ جب تک کسی فعل پر مکلف کو قدرت حاصل نہ ہوجائے اس فعل پر نسخ وارد نہیں ہوسکتا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ ازواج مطہرات کو کم سے کم اعتکاف پر تمکن یعنی قدرت حاصل ہوگئی تھی ۔ اس لیے کہ یہ اعتکاف اس دن طلوع فجر سے شروع ہوگیا تھا۔ یہاں تک کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فجر کی نماز پڑھ لی اور پھر آپ نے ازواج مطہرات کے اس فعل پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا ۔ اس طرح اس مدت میں اگرچہ وہ قلیل ہی سہی ، ازواج مطہرات کو اعتکاف کرنے کی قدرت حاصل ہوگئی تھی ۔ اس لیے اب اس پر نسخ کا ورد و درست ہوگیا ۔ امام شافعی کا یہ قول بےمعنی ہے کہ جس شخص پر جمعہ واجب نہیں وہ جس جگہ چاہے اعتکاف کرسکتا ہے اس لیے کہ اعتکاف کا جمعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ امام شافعی کے ساتھ ہمارا اس امرپر اتفاق ہے کہ جن لوگوں پر جمعہ واجب ہے اور جن پر جمعہ واجب نہیں ہے ان کے لیے تمام مساجد میں اعتکاف جائز ہے ۔ اعتکاف کی جگہ کے لحاظ سے ان دو گروہوں کا حکم یکساں ہے ۔ البتہ عورت کے لیے مسجد میں اعتکاف کو مکروہ سمجھا گیا ہے کیونکہ ایسی صورت میں اسے مسجد میں مردوں کے ساتھ ٹھہرنا پڑے گا اور یہ چیز اس کے لیے مکروہ خواہ وہ حالت اعتکاف میں ہو یا نہ ہو ۔ عورت کے سوا دوسروں کے لیے اعتکاف کے حکم میں کوئی فرق نہیں ہے اس لیے کہ قول باری وانتم عاکفون فی المساجد آیت میں یہ تخصیص نہیں ہے کہ جس پر جمعہ واجب ہو وہی اعتکاف کرے دوسرا نہ کرے۔ اس لیے جس پر جمعہ واجب ہے اور جس پر واجب نہیں ہے۔ دونوں کے لیے اعتکاف کا حکم یکساں ہے کیونکہ اعتکاف ایک نفلی عبادت ہے ، یہ کسی پر فرض نہیں ہے۔ مدت اعتکاف کے متعلق فقہاء میں اختلاف رائے ہے۔ امام ابوحنیفہ ، ابو یوسف ، محمد ، ظفر اور امام شافعی کا قول ہے کہ اعتکاف کرنے والے کو اجازت ہے کہ وہ ایک دن یا جتنے دن چاہے اعتکاف کرسکتا ہے ۔ ہمارے اصحاب سے اس شخص کے متعلق روایت میں اختلاف ہے جو زبان سے ایجاب کئے بغیر اعتکاف میں داخل ہوجائے۔- ایک روایت میں ہے کہ وہ جب تک مسجد میں رہے گا اعتکاف کی حالت میں رہے گا ۔ پھر اسے اجازت ہوگی کہ جب چاہے مسجد میں باہر چلا جائے البتہ جب تک رہے روزہ دار کی طرح رہے یعنی کھانے پینے سے پرہیز کرے۔ دوسری روایت جو حنیفہ کی کتب اصول کی روایت کے علاوہ ہے، یہ ہے کہ وہ ایک دن مکمل کرے۔ ابن وہب نے امام مالک سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا میں نے کسی کے متعلق یہ نہیں سنا کہ اس نے دس دنوں سے کم کا اعتکاف کیا ہو ۔ اگر کوئی ایسا کرلیتا ہے تو میرے نزدیک اس پر کوئی چیز عائد نہیں ہوگی ۔ ابن القاسم نے اما م مالک سے یہ نقل کیا ہے کہ آپ فرمایا کرتے ۔ اعتکاف ایک دن ایک رات کا ہوتا ہے ۔ پھر آپ نے اس قول سے رجوع کرلیا اور فرمایا کہ دس دنوں سے کم کا اعتکاف نہیں ہوتا ۔ عبید اللہ بن الحسن کا قول ہے کہ مجھے دس دن سے کم کا اعتکا ف پسند نہیں ۔ - ابو بکر جصاص کہتے ہیں کہ اعتکاف کی مدت کی تحدید یا تو شریعت کی طرف سے اس کے متعلق رہنمائی کی بنیاد پر درست ہوسکتی ہے یا پھر اتفا ق امت کی بنیاد پر اور یہاں یہ دونوں باتیں معدوم ہیں ۔ اس لیے جو شخص اس کی تحدید کو واجب کرتا ہے وہ کسی دلیل کے بغیر اپنی رائے سے فیصلہ کرتا ہے اگر یہ کہا جائے کہ دس دنوں کی تحدید اس لیے ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مروی ہے کہ آپ نے رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کیا تھا ، نیز یہ روایت بھی ہے کہ آپ نے شوال کے پہلے عشرہ میں اعتکاف فرمایا تھا، آپ سے کوئی ایسی روایت موجود نہیں ہے جو اس سے کم مدت کے اعتکاف کی نشاندہی کرتی ہو ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ فقہاء کا اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اعتکاف کا یہ فعل وجوب کی بنا پر نہیں تھا اور اس فعل سے کسی پر اعتکاف کا وجوب نہیں ہوتا اب جبکہ آپ کے اعتکاف کا یہ فعل وجوب کی بنا پر نہیں تھا تو آپ کے اس فعل سے دس دنوں کی تحدید نہ کرنا اولیٰ ہے۔ اس کے باوجود آپ نے دس دنوں کے علاوہ کم و بیش دنوں کی نفی نہیں کی ۔ اس لیے ہم یہ کہتے ہیں کہ دس دنوں کا اعتکاف جائز ہے اور اس سے کم دنوں کے اعتکاف کی نفی کے لیے دلیل کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تو اعتکاف کو مطلق رکھا ہے۔ قول باری ہے ولا تبا شو وھن وانتم عاکفون فی المساجد اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اعتکاف کو نہ تو کسی وقت کے ساتھ محدود کیا ہے اور نہ ہی کسی مدت کے ساتھ مخصوص کیا ہے ۔ اس لیے اعتکاف وقت اور مدت سے آزاد ہے اور بغیر کسی دلالت کے اس کی تخصیص جائز نہیں ۔ واللہ اعلم۔- کیا رو زے کے بغیر اعتکاف درست ہوتا ہے ؟- فرمان الٰہی ہے ولا تباشروھن وانتم عاکفون فی المساجد ہم نے پہلے بیان کردیا ہے کہ اعتکاف ایک شرعی نام ہے اور جو اسم اس قسم کا ہو اس کی حیثیت اس مجمل کی طرح ہوتی ہے جس کی تفصیل اور بیان کی ضرورت ہوتی ہے اس مسئلے میں سلف کا اختلاف ہے۔ عطاء نے حضرت ابن عمر (رض) ، حضرت ابن عباس (رض) اور حضرت عائشہ (رض) سے یہ روایت کی ہے کہ اعتکاف کرنے والے پر روزہ لازم ہے۔ سعید بن المسیب نے حضرت عائشہ (رض) سے روایت کی ہے کہ معتکف کے لیے روزہ رکھنا سنت ہے حاتم بن اسماعیل نے جعفر بن محمد سے اور انہوں نے اپنے والد محمد سے اور انہوں نے حضرت علی (رض) سے روایت کی ہے کہ روے کے بغیر کوئی اعتکاف درست نہیں ہوتا ۔ شعبی ، ابراہیم نخعی اور مجاہد کا یہی قول ہے۔ دوسرے حضرات کا یہی قول ہے کہ روزے کے بغیر بھی اعتکاف درست ہے۔- الحکم نے حضرت علی (رض) اور حضرت عبد اللہ (رض) سے قتادہ نے حسن اور سعید سے اور ابو معشر نے ابراہیم سے یہ روایت کی ہے کہ معتکف اگر چاہے تو روزہ رکھ لے اور اگر چاہے تو نہ رکھے ۔ طائوس نے حضرت ابن عباس (رض) سے بھی اس قسم کی روایت کی ہے۔ اس مسئلے میں فقہاء امصار کا بھی اختلاف ہے۔ امام ابوحنیفہ ، ابو یوسف ، محمد ، زفر ، امام مالک اور سفیان ثوری نیز حسن بن صالح کا قول ہے کہ روزے کے بغیر اعتکاف درست نہیں ہوتا ۔ لیث بن سعد کا قول ہے کہ اعتکاف تو رمضان میں ہوتا ہے اور غیر رمضان میں جوار ہوتا ہے یعنی اللہ کے گھر میں اللہ کا پڑوس حاصل ہوجاتا ہے۔ تا ہم جو شخص جوار حاصل کرے اس پر وہی باتیں لازم ہیں جو معتکف پر لازم ہیں یعنی روزہ وغیرہ ۔ امام شافعی کا قول ہے کہ روزے کے بغیر بھی اعتکاف درست ہے ۔ ابوبکر جصاص کہتے ہیں جیسا کہ ہم بیان کر آئے ہیں اعتکاف ایک مجمل لفظ ہے جس کی تفصیل اور بیان کی ضرورت ہے اس لیے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنے اعتکاف کے دوران جو افعال کئے وہ سب کے سب اس شرعی اعتکاف کا بیان ہیں اور ان پر عمل پیرا ہونا واجب ہے اس لیے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا کوئی فعل اگر مورد بیان آ جائے تو اسکا حکم وجوب کا ہوتا ہے۔ البتہ اگر اس کے خلاف کوئی دلیل قائم ہوجائے تو وہ دوسری بات ہے جب حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے روزے کے بغیر کسی اعتکاف کا ثبوت نہیں تو یہ ضروری ہوگیا کہ روزہ اس کی وہ شرط بن جائے جس کے بغیر وہ درست نہ ہو جس طرح حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے افعال صلاۃ مثلاً تعداد رکعات قیام ، رکوع ، سجود جب مورد بیان میں آ گئے تو وہ واجب ہوگئے۔- سنت کی جہت سے اس سلسلے میں ایک روایت ہے جو ہمیں محمد بن بکر نے سنائی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں احمد بن ابراہیم نے ، انہیں عبد اللہ بن بدیل بن ورقاء لیثی نے عمرو بن دینار سے انہوں نے حضرت ابن عمر (رض) سے کہ حضرت عمر (رض) نے زمانہ جاہلیت میں اپنے اوپر کعبہ کے نزدیک ایک دن یا ایک رات کا اعتکاف لازم کرلیا تھا۔ حضرت عمر (رض) نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مسئلہ پوچھا تو آپ نے جواب دیا کہ روزے کے ساتھ اعتکاف کرلو ۔- ایک اور طریق سے یہ روایت جو ہمیں محمد بن بکر نے سنائی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں عبد اللہ بن عمر (رض) ، بن محمد ابان بن صالح قرشی نے ، انہیں عمرو بن محمد نے عبد اللہ بن بدیل سے اپنی سند کے ساتھ اسی طرح کی حدیث سنائی اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا حکم چونکہ وجوب کی حیثیت رکھتا ہے۔ سنت کی جہت سے اس سلسلے میں ایک روایت ہے جو ہمیں محمد بن بکر نے سنائی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں احمد بن ابراہیم نے ، انہیں عبد اللہ بن بدیل بن ورقاء لیثی نے عمرو بن دینار سے انہوں نے حضرت ابن عمر (رض) سے کہ حضرت عمر (رض) نے زمانہ جاہلیت میں اپنے اوپر کعبہ کے نزدیک ایک دن یا ایک رات کا اعتکاف لازم کرلیا تھا۔ حضرت عمر (رض) نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مسئلہ پوچھا تو آپ نے جواب دیا کہ روزے کے ساتھ اعتکاف کرلو ۔ - ایک اور طریق سے یہ روایت جو ہمیں محمد بن بکر نے سنائی ، انہیں ابو دائود نے ، انہیں عبد اللہ بن عمر (رض) بن محمد ابان بن صالح قرشی نے ، انہیں عمرو بن محمد نے عبد اللہ بن بدیل سے اپنی سند کے ساتھ اسی طرح کی حدیث سنائی اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا حکم چونکہ وجوب کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ روزہ اعتکاف کی شرط ہے ۔ اس پر حضرت عائشہ (رض) کا یہ قول بھی دلالت کرتا ہے کہ معتکف کے لیے روزہ رکھنا سنت ہے۔ عقلی جہت سے بھی اسکی دلیل یہ ہے کہ تمام لوگوں کا اس پر اتفاق ہے کہ نذر کے اعتکاف میں روزہ لازما ہوتا ہے۔ اس لیے اگر روزہ اعتکاف کے مفہوم میں داخل نہ ہوتا تو نذر کی صورت میں یہ لازم نہ ہوتا ۔ اس لیے کہ قاعدہ یہ ہے کہ جس چیز میں اصل کے لحاظ سے وجوب نہیں ہوتا وہ چیزنذر کی وجہ سے لازم نہیں ہوتی اور واجب نہیں بنتی ۔ جس طرح کہ ایک چیز میں اگر اصل کے لحاظ سے تقرب الٰہی کا مفہوم نہ ہو وہ قربت یعنی عبادت نہیں بنتی ۔ چاہے کوئی اسے تقرب کا ذریعہ ہی کیوں نہ بنا لے۔ - اس کی ایک اور دلیل بھی ہے وہ یہ کہ اعتکاف کا مفہوم ہے ایک جگہ ٹھہرے رہنا ۔ اس لیے یہ وقوف عرفات اور منیٰ میں ٹھہرنے کے مشابہ ہوگیا ۔ اب اگر یہ دونوں باتیں ایک جگہ ٹھہرے رہنے کے مفہوم میں داخل ہیں لیکن یہ اس وقت تک تقرب الٰہی کا ذریعہ نہیں بنیں گی جب تک کہ اس میں ایک اور معنی شامل نہ ہوجائے جو فی نفسہٖ ایک قربت یعنی عبادت ہے ۔ یعنی وقوف عرفات کے ساتھ احرام اور منیٰ میں قیا م کے ساتھ رمی جمار کا ہونا ۔- اگر کوئی یہ اعتراض کرے کہ اگر اعتکاف کے لیے روزہ شرط ہوتا تو پھر اعتکاف رات کے وقت درست نہ ہوتا کیونکہ رات کے وقت روزہ نہیں ہوتا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ سب کا اس پر اتفاق ہے کہ اعتکاف کی ایک شرط مسجد میں ٹھہرنا ہے اگر معتکف انسانی ضرورت کے تحت یا جمعہ پڑھنے کے لیے مسجد سے نکلے تو اس سے اس کے اعتکاف پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور یہ بات مسجد میں ٹھہرنے کی شرط پر اثر انداز نہیں ہوتی۔ یہی بات اعتکاف کو روزے کے ساتھ مشروط کرنے میں بھی پائی جاتی ہے کہ رات کے وقت روزے کا نہ ہونا اعتکاف کے لیے روزے کی شرط پر کوئی اثر نہیں ڈالتا ۔ اسی طرح منیٰ میں قیام رمی جمار کی وجہ سے عبادت ہے اور اگلے دن کی رمی کے لیے منیٰ میں رات کا قیام بھی عبادت ہے۔ ٹھیک اسی طرح اگلے دن کے روزے کی وجہ سے رات کے وقت کا اعتکاف روزے کے بغیر بھی درست ہے۔ واللہ اعلم۔- معتکف کے لیے کون کون سے کام جائز ہیں ؟- قول باری ہے ولا تبا شروھن وانتم عاکفون فی المساجد اس میں یہ احتمال ہے کہ مباشرت کے حقیقی معنی مراد ہوں یعنی جلد کے اوپر والے حصے کو دوسرے کی جلد کے اوپر والے حصے سے چپکایا لگا دینا خواہ یہ عمل جسم کے کسی بھی حصے میں کیوں نہ ہو۔ نیز یہ بھی احتمال ہے کہ لفظ المسیس کی طرح یہ جماع کے مفہوم کے لیے کنایہ ہو ، جبکہ المسیس کے حقیقی معنی ہاتھ اور دوسرے تمام اعضا کے ذریعے مس کرنا ہیں اور جیسا کہ قول باری ہے فالان باشروھن وابتغوا ما کتب اللہ لکم اب تم ان کے ساتھ ہم بستری کرو ۔ اور جو چیز اللہ نے تمہارے لیے لکھ دی ہے اسے تلاش کرو یہاں مباشرت سے مراد ہم بستری ہے جب سب اس کا اس پر اتفاق ہوگیا کہ اس آیت نے معتکف کے لیے جماع کی ممانعت کردی ہے اور یہاں مباشرت سے مراد جماع ہے تو اب یہ ضروری ہو یا کہ اس سے ارادہ مباشرت کے معنی منتفی ہوجائیں ۔ اس لیے کہ مباشرت اس کے حقیقی معنی اور جماع اس کے مجازی معنی ہیں اور ایک لفظ سے بیک وقت اس کے حقیقی اور مجازی معنی مراد لینا درست نہیں ہے۔ تا ہم فقہاء کا اس مسئلے میں اختلاف ہے۔ ہمارے اصحاب کا قول ہے کہ اگر مباشرت شہوت کے تحت نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے بشرطیکہ معتکف کو اپنے اوپر پورا قابو ہوتا ہم اس کے لیے یہ مناسب نہیں کہ رات یا دن کسی وقت بھی شہوت کے ساتھ مباشرت یعنی ہم آغوشی وغیرہ کرے اگر اس مباشرت کے دوران انزال ہوگیا تو اس کا اعتکاف فاسد ہوجائے گا اور انزال نہ ہوا تو فاسد نہیں ہوگا ۔ تا ہم یہ عمل برا عمل کہلائے گا ۔- ابن القاسم نے امام مالک سے روایت کی ہے کہ اگر معتکف نے بوسہ لے لیا تو اس کا اعتکاف فاسد ہوجائے گا ۔ المزنی نے امام شافعی سے یہ نقل کیا ہے کہ اگر معتکف نے مباشرت کی تو اس کا اعتکاف فاسد ہوجائے گا ۔ ایک دوسری جگہ امام شافعی ہے کہ ایسی ہم بستری سے اعتکاف فاسد نہیں ہوتا جس سے حد واجب ہوتی ہو یعنی اپنی بیوی یا لونڈی سے ہم بستری کی صورت میں اعتکاف فاسد نہیں ہوگا ۔ ابوبکر جصاص کہتے ہیں کہ آیت میں مباشرت سے مراد اس کے مجازی معنی یعنی ہم بستری ہیں ۔ ہاتھ سے لمس یا بوسہ وغیرہ مراد نہیں ہے۔ اسی طرح امام ابو یوسف کا قول ہے کہ قول باری ولا تباشروھن وانتم عاکفون فی المساجد میں مباشرت جماع پر محمول ہے۔ جن بصری سے مروی ہے کہ مباشرت سے مراد نکاح یعنی جماع ہے ۔ حضرت ابن عباس (رض) کا قول ہے کہ جب معتکف جماع کرلے گا تو اس کا اعتکاف فاسد ہوجائے گا ۔ ضحاک کا قول ہے کہ لوگ اعتکاف کی حالت میں بھی بیویوں سے ہم بستری کرلیتے تھے حتیٰ کہ آیت نازل ہوئی ولا تباشروھن وانتم عاکفون فی المساجد قتادہ کہتے ہیں کہ لوگ جب اعتکاف کرتے تو کوئی نہ کوئی آدمی مسجد سے نکل کر گھر پہنچ جاتا اور ہم بستری سے فارغ ہوکر واپس مسجد آ جاتا ۔ اللہ تعالیٰ نے درج بالا آیت کے ذریعے لوگوں کو اس سے منع فرمایا۔- درج بالا اقوال کی روشنی میں یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ سلف نے آت سے معنی مراد جماع ہی سمجھا ہے۔ لمس یا مباشرت بالیدد نہیں سمجھا بغیر شہوت کے مباشرت کی اباحت پر زہری کی حدیث دلالت کرتی ہے جو انہوں نے عروہ کے واسطے سے حضرت عائشہ (رض) سے روایت کی ہے کہ جب حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اعتکاف میں ہوتے تو آپ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے بالوں میں کنگھی کردیتیں کنگھی کرنے کی صورت میں لا محالہ حضرت عائشہ (رض) کا ہاتھ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے جسم مبارک کو لگتا ہوگا ۔ اس سے یہ معلوم ہوا کہ شہوت کے بغیر مباشرت معتکف کے لیے ممنوع نہیں ہے۔ نیز جب یہ ثابت ہوگیا کہ جماع کی ممانعت کے لحاظ سے اعتکاف روزے کے معنی میں ہے اور چونکہ روزے میں شہوت کے بغیر لمس بالید اور بوس و کنار کی اجازت ہے بشرطیکہ اپنے جذبات پر قابو ہو اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے بہت سی روایات کے ذریعے اس کا ثبوت ہے تو یہ روری ہوگیا کہ معتکف کے لیے بھی شہوت کے بغیر بوس و کنار کی اجازت ہو اور چونکہ روزے کی حالت میں شہوت کے تحت بوس و کنار اور ہم آغوشی کی ممانعت ہے اس لیے اعتکاف کی صورت میں بھی ان دونوں کا یہی حکم ہونا چاہیے۔- اسی طرح چونکہ روزے کی صورت میں مباشرت کی وجہ سے شہوت کے تحت انزال سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اس لیے اعتکاف کی صورت میں شہوت کے تحت انزال کا بھی یہی حکم ہونا چاہیے۔ اس لیے کہ روزہ اور اعتکاف دونوں کا اس لحاظ سے یکساں درجہ ہے کہ دونوں میں جماع پر پابندی ہے لیکن جماع کے دواعی یا آمادہ کرنے والی باتوں مثلاً خوشبو اور لباس وغیرہ پر پابندی نہیں ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ محرم اگر بوسہ لے لے تو اس پر دم یعنی قربانی واجب ہوجاتی ہے خواہ اسے انزال نہ بھی ہو تو یہی رویہ معتکف کے لیے کیوں نہیں اپنایا گیا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ احرام اعتکاف کے لیے اصل نہیں ہے ۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ احرام میں جماع اور اس کے دواعی مثلاً خوشبو وغیرہ ممنوع ہیں ۔ اس طرح سلے ہوئے کپڑے ، سر ڈھانپنا اور شکار کرنا سب ممنوع ہیں ، لیکن جماع کے سوا باقی باتیں اعتکاف کی حالت میں ممنوع نہیں ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ احرام اعتکاف کے لیے اصل نہیں ہے اور جہاں تک احکام کا تعلق ہے احرام میں ممانعت کے احکام زیادہ ہیں ۔ چونکہ محرم کے لیے بیوی کے ساتھ اختلاط اور ہم آغوشی کی ممانعت تھی اور اس نے مباشرت کے ذریعے اس کا ارتکاب کرلیا اس لیے اس پر طریقے سے استمتاع کیا یعنی حظ جنسی اٹھایا اس لیے یہ خوشبو اور لباس سے لطف اندوز ہونے کے مشابہ ہوگیا اس بنا پر اس پر دم کا وجوب ہوگیا ۔ اگر یہ کہا جائے کہ پھر مباشرت کی بنا پر خواہ انزال ہوجائے اس کا اعتکاف فاسد نہیں ہونا چاہیے جس طرح احرام فاسد نہیں ہوتا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ ہم نے جو کچھ کہا اسے ہم نے اعتکاف کے فاسد ہونے کی علت قرار نہیں دی کہ ہم پر اس کی علت کا لزوم ہوجائے اور جہاں یہ علت پائی جائے وہ حکم بھی ضرور پایا جائے ہم نے تو معتکف کے اعتکاف کو مباشرت کی وجہ سے انزال کی بنا پر فاسد قرار دیا جس طرح کہ ایسی صورت میں ہم اس کے روزے کو بھی فاسد قرار دیتے ہیں ۔- جہاں تک احرام کے فاسد ہوجانے کا تعلق ہے تو اس کی صورت صرف یہ ہے کہ عورت کے اندام نہانی میں جنسی عمل کیا جائے اس کے سوا احرام کے باقی تمام ممنوعہ افعال کے ارتکاب سے احرام فاسد نہیں ہوتا ۔ آپ نہیں دیکھتے کہ لباس ، خوشبو اور شکار یہ تمام باتیں احرام میں ممنوع نہیں لیکن اگر ان کا ارتکاب ہوجائے تو اس سے احرام فاسد نہیں ہوتا ۔ اس بنا پر احرام اس لحاظ سے اعتکاف اور روزے سے بڑھ کر ہے کہ اس میں ممانعات کی موجودگی میں باقی رہنے کے مواقع زیادہ ہیں۔- آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بع چیزیں جو روزے میں ممنوع ہیں وہ روزے کو فاسد بھی کردیتی ہیں مثلاً اکل و شرب وغیر اسی طرح اعتکاف کے بعض محظورات اسے فاسد کردیتی ہیں ۔ اس بنا پر ہم کہتے ہیں کہ اگر یہ اعتکاف کی حالت میں مباشرت کی وجہ سے انزال ہو یا تو روزے کی طرح اعتکاف بھی فاسد ہوجائے گا اور اگر مباشرت سے انزال نہ ہو تو ایسی مباشرت کا اعتکاف کو فاسد کرنے میں کوئی دخل نہیں ہوگا جس طرح روزہ فاسد کرنے میں اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا ۔ فقہائے امصار کا معتکف کے متعلق بہت سے مسائل میں اختلاف ہے۔ ہمارے اصحاب کا قول ہے کہ اعتکاف واجب کی صورت میں معتکف رات اور دن کسی وقت بھی حاجات ضروریہ مثلاً بول و براز اور جمعہ کی نماز وغیرہ کے سوا مسجد سے باہر نہیں جائے گا ۔ مریض کی عیادت یا جنازہ میں شمولیت کے لیے بھی نہیں جائے گا ۔ ان کا قول ہے کہ خریدو فروخت ، گفتگو اور ایسے مشاغل میں کوئی حرج نہیں جو گناہ کے نہ ہوں ۔ اسی طرح وہ شادی بھی کرسکتا ہے ، گفتگو سے پرہیز کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرلینا ضروری نہیں ہے ، یہی امام شافعی کا بھی قول ہے۔- ابن وہب نے امام مالک سے نقل کیا ہے کہ معتکف تجارت وغیرہ نہیں کرے گا بلکہ اپنے اعتکاف میں مشغول رہے گا ۔ البتہ اس میں کوئی حرج نہیں اگر وہ اپنے پیشے ، اپنے خاندان والوں کی فلاح و بہبود ، اپنے مال کی فروخت وغیر ہ کے متعلق ہدایات دے ، یا خفیف طور پر مشغول کردینے والا کوئی کام کرلے۔ امام مالک نے فرمایا کہ کوئی شخص اس وقت تک معتکف نہیں کہلائے گا جب تک وہ ان امور سے اجتناب نہ کرے جن سے ایک معتکف کو اجتناب کرنا چاہیے ، اگر معتکف حالت اعتکاف میں شادی کرلے تو اس میں کوئی حرج نہیں البتہ ہم بستری نہیں کرسکتا ۔ ابن القاسم نے اما م مالک سے یہ نقل کیا ہے کہ معتکف کسی مصیبت زدہ کی تعزیت کے لیے نہیں کھڑا ہوگا اور مسجد میں ہونے والی شادی کی محفل میں شریک نہیں ہوگا ۔ لیکن اگر شادی کی محفل اس کے اعتکاف کے لیے مخصوص جگہ منعقد ہو تو مجھے اس میں کوئی حرج نظر نہیں آتا ۔ البتہ وہ شادی کرنے والے کو مبارک باد دینے کے لیے کھڑا نہیں ہوگا ۔ اسی طرح علمی مجلس میں شرکت کی مشغولیت اختیار نہیں کرے گا اور نہ ہی علمی مجلس میں کسی علم کو ضبط کتابت میں لائے گا ۔ آپ نے اسے مکروہ سمجھا ہے ۔ خفیف انداز میں خرید و فروخت کرسکے گا ۔- سفیان ثوری کا قول ہے کہ معتکف مریض کی عیادت کرے گا ، جمعہ کی نماز کے لیے جائے گا اور ایسے کام جنہیں مسجد میں سر انجام دینا اچھا نہیں لگتا وہ اپنے گھر جا کر سر انجام دے گا ۔ وہ کسی چھت کے نیچے نہیں جائے گا یعنی کسی گھر میں داخل نہیں ہوگا الایہ کہ اس کی گزر گاہ چھت کے نیچے سے ہو ، گھرجا کر اہل خانہ کے ساتھ نہیں بیٹھے گا بلکہ کھڑے کھڑے یا چلتے پھرتے انہیں ان کی ضروریات کے متعلق ہدایات دے گا۔ خرید و فروخت نہیں کرے گا ، اگر کسی چھت کے نیچے چلا گیا تو اس کا اعتکاف باطل ہوجائے گا ۔ حسن بن صالح کا قول ہے کہ اگر معتکف کسی ایسے گھر میں داخل ہوگیا جو اس کی گزر گاہ نہ ہو یا جماع کرلیا تو اس کا اعتکاف باطل ہوجائے گا ۔ وہ جنازہ میں شامل ہوسکتا ہے ۔ مریض کی عبادت کرسکتا ہے اور جمعہ کی نماز کے لیے جاسکتا ہے ۔ وضو کرنے کے لیے بھی مسجد سے باہر جاسکتا ہے اور مریض کے گھر میں بھی داخل ہوسکتا ہے البتہ خرید و فروخت مکروہ ہوگی۔- ابو بکر جصاص کہتے ہیں کہ زہری نے سعید بن المسیب اور عروہ بن الزبیر کے واسطے سے حضرت عائشہ (رض) سے روایت کی ہے کہ معتکف کے لیے یہ سنت ہے کہ وہ صرف انسانی ضرورت کے لیے مسجد سے باہر نکلے ۔ وہ جنازہ میں شریک نہیں ہوگا نہ ہی مریض کی عیادت کرے گا اور نہ ہی عورت کو ہاتھ لگائے گا یا مباشرت یعنی ہم آغوشی اختیار کرے گا ۔ سعید بن المسیب اور مجاہد سے منقول ہے کہ معتکف مریض کی عیادت نہیں کرے گا ، کسی دعوت میں نہیں جائے گا اور جنازے میں شریک نہیں ہوگا ۔ مجاہد نے حضرت ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ معتکف کے لیے مریض کی عیادت اور جنازے میں شرکت رضروری نہیں ہے۔ یہ وہ روایتیں ہے جو معتکف کے متعلق سلف اور تابعین سے منقول ہیں ۔ ان حضرات کے سوا دوسرے حضرات سے ان کے برعکس روایتیں منقول ہیں ۔ ابو اسحاق نے عاصم بن ضمرہ کے واسطے سے حضرت علی (رض) سے یہ روایت نقل کی ہے کہ معتکف جمعہ کی نماز، مریض کی عیادت اور جنازے میں شرکت کے لیے جاسکتا ہے ۔ اسی قسم کی روایت حسن ، عامر اور سعید بن جبیر سے بھی منقول ہے۔ سفیان بن عینیہ نے عمار بن عبد اللہ بن یسار سے ، انہوں نے اپنے والد سے اور انہوں نے حضرت علی (رض) سے روایت کی ہے کہ آپ معتکف کے باہر جانے اور خرید و فروخت کرنے میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔- ایک روایت ہے جو ہمیں بکر بن بکر نے سنائی ہے ، انہیں ابو دائود نے انہیں القعنبی نے مالک نے ، انہوں نے ابن شہاب سے ، انہوں نے عروہ بن الزبیر سے ، انہوں نے عمرہ بنت عبد الرحمن سے اور انہوں نے حضرت عائشہ (رض) سے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جب اعتکاف کرتے تو میری طرف سرکر دیتے اور میں آپ کے بالوں میں کنگھی کردیتی ۔ آپ گھر میں قضائے حاجت کے سواداخل نہیں ہوتے تھے۔ یہ حدیث اس بات کی مقتضی ہے کہ معتکف کو انسانی حاجت کے سوا باہر نکلنے کی ممانعت ہے ۔ جیسا کہ ہم بیان کر آئے ہیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا اعتکاف اور اعتکاف کے افعال مورد بیان میں وارد ہوئے ہیں اور آپ کا جو فعل مورد بیان میں وارد ہو وہ وجوب کے طور پر ہوتا ہے ۔ ہم نے یہاں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا جو فعل بیان کیا ہے وہ معتکف کو باہر نکلنے کی ممانعت کرتا ہے الایہ کہ انسانی حاجت لاحق ہوجائے جس سے مراد بول و براز کی حاجت ہے۔- اب جبکہ اعتکاف کی شرط مسجد میں قیام ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اعتکاف کے ذکر کے ساتھ اپنے اس قول میں مقرون کردیا ہے کہ ولا تبا شروھن وانتم عاکفون فی المساجد تو اب یہ واجب ہوگیا کہ وہ حاجت انسانی مثلاً بول وبراز کی ضرورت اور فرض جمعہ کی ادائیگی کے سوا اور کسی کام کے لیے مسجد سے باہر نہ نکلے اور یہ بات تو واضح ہے کہ اس نے اپنے اوپر اعتکاف کی نفلی عبادت لازم کرکے ترک جمعہ کا ارادہ کیا ہو جو کہ اس پر فر ض ہے اس لیے شہود جمعہ اس کے اعتکاف سے مستثنیٰ سمجھا جائے گا ۔ اگر یہ کہاجائے کہ قول باری وانتم عاکفون فی المساجد میں اس پر دلالت نہیں ہو رہی ہے کہ اعتکاف کی شرط میں مستقل قیام ہے ۔ اس لیے کہ آیت صرف اس حالت کا ذکر ہے جس میں اعتکاف کرنے والوں کو ہونا چاہیے اور اسی حیثیت کے ساتھ جماع کی ممانعت کو متعلق کردیا گیا ہے لیکن آیت میں حالت اعتکاف میں مسجد سے باہر جانے کی ممانعت پر کوئی دلالت موجود نہیں ہے۔- اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ یہ استدلال دو وجوہ سے درست نہیں ہے۔ اول یہ کہ یہ بات واضح ہے کہ معتکف کے لیے جماع کی ممانعت کا تعلق اس کے مسجد میں ہونے کے ساتھ نہیں ہے۔ اس لیے کہ اہل علم کے درمیان اس امر میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ اعتکاف کی حالت میں کوئی شخص گھر پر بھی اپنی بیوی کے ساتھ ہم بستری نہیں کرسکتا ۔ ہم نے سلف سے یہ بات نقل کی ہے کہ آیت کا نزول ان لوگوں کے متعلق ہوا تھا جو اعتکاف کی حالت میں مسجد سے نکل کر گھرچلے جاتے اور بیویوں کے ساتھ ہم بستری کرلیتے۔ جب یہ بات معلوم ہوگئی تو اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ اس مقام پر مسجد کا ذکر جماع کی ممانعت کے سلسلے میں نہیں ہوا بلکہ یہ بیان کرنے کے لیے ہوا کہ یہ اعتکاف کی شرط ہے اور اس کا ایک وصف ہے جس کے بغیراعتکاف درست نہیں ہوتا ۔ دوم یہ کہ لغت میں اعتکاف کے معنی کسی جگہ ٹھہرے رہنے کے ہیں پھر اس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا۔ اس بنا پر لبث یعنی ٹھہرے رہنا لا محالہ اس کے مفہوم میں داخل ہے اگرچہ اس کے ساتھ اور معانی کا بھی اضافہ کردیا گیا جن کے لیے یہ لفظ لغت میں بطور اسم استعمال نہیں ہوتا تھا جس طرح کہ صوم ہے جس کا لغوی معنی امساک ہے پھر اس لفظ کو شریعت میں دوسرے معانی کی طرف منتقل کردیا گیا جس سے یہ بات ختم نہیں ہوئی کہ امساک صوم کی ایک شرط نہ ہو اور اس کی ایک وصف نہ ہو جسکے بغیر روزہ درست نہیں ہوتا ۔- درج بالا بیان سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ اعتکاف مسجد میں ٹھہرنے کا نام ہے جس کی بنا پر یہ واجب ہوگیا کہ معتکف قضائے حاجت یا شہود جمعہ کے سوا اور کسی کام کے لیے مسجد سے باہرنہ جائے چونکہ جمعہ فرض ہے اس لیے وہ اس کی خاطر نظر سکتا ہے اس استدلال کی توثیق سنت سے بھی ہوتی ہے جو ہم پہلے ذکر کر آئے ہیں ۔ رہ گئی بیمار کی عیادت یا جنازے میں شمولیت تو چونکہ ان دونوں کی فرضیت متعین نہیں ہے اس لیے معتکف کے لیے ان کی خاطر مسجد سے باہر جانا جائز نہیں ہے۔ عبد الرحمن بن القاسم نے اپنے والد کے واسطے سے حضرت عائشہ (رض) سے روایت کی ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) حالت اعتکاف میں مریض کے پاس سے گزر جاتے لیکن اس کی طرف مڑ کر نہیں ٹھہرتے بلکہ چلتے چلتے اس کا حال پوچھ لیتے۔ زہری نے عمرہ کے واسطے سے حضرت عائشہ (رض) سے بھی ان کے اسی قسم کے طریق کار کی روایت کی ہے۔ ہم نے جن حضرات کے اقوال نقل کئے ہیں ان سب کا جب اس پر اتفاق ہے کہ معتکف کے لیے مسجد سے باہر نکلنا جائز نہیں ہے کہ باہر نکل کر وہ نیکی کے کاموں مثلاً دوسروں کی ضروریات پوری کرنے اور اپنے اہل و عیال کے لیے تگ و دو کرنے میں جو کہ خود ایک نیکی ہے۔ مصروف ہوجائے تو اس سے یہ واجب ہوگیا کہ مری کی عیادت کا بھی یہی حکم ہو۔- نیز جس طرح اسے دعوت میں شرکت نہیں کرنا چاہیے اسی طرح اسے مریض کی عیادت بھی نہیں کرنی چاہیے اس لیے کہ باہمی حقوق کے لحاظ سے ان دونوں باتوں کو یکساں حیثیت حاصل ہے آخری پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ کتاب اللہ ، سنت رسول اور عقلی استدلال سے ہماری بات کی تائید ہوتی ہے۔ اگر کوئی شخص اس روایت سے استدلال کرے جو الھیاج خراسانی نے بیان کی ہے، انہیں عنسبہ بن عبد الرحمن نے عبد الخالق سے اور انہوں نے حضرت انس (رض) سے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا المعتکف یتبع الجنازۃ ویعود المریض واذا خرج من المسجد قنع راسہ حتی یعود الیہ معتکف جنازے کے ساتھ چلے گا اور مریض کی عیادت کرے گا اور جب مسجد سے باہر نکلے گا تو واپس مسجد آنے تک اپنا سر ڈھانپے رکھے گا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ اس روایت کی سند مجہول ہے اور یہ روایت زہری کے بوابطہ عمرہ حضرت عائشہ (رض) سے روایت کی معارض قرار نہیں دی جاسکتی جن لوگوں کا یہ قول ہے کہ معتکف اگر چھت کے نیچے جائے گا یعنی کسی مکان میں داخل ہوگا تو اس کا اعتکاف باطل ہوجائے گا تو اس قول میں چھت کی تخصیص ایسی بات ہے جس کی تائید میں کوئی دلیل موجود نہیں ہے۔- چھت اور کھلی جگہ دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ جس طرح معتکف کا کھلی جگہ اور صحرا میں ہونا اس کے اعتکاف کو باطل نہیں کرتا اسی طرح چھت کے نیچے ہونا بھی اس کے اعتکاف کو باطل نہیں کرتا ، اگر ترازو اور اشیائے فروخت اپنے پاس منگوائے بغیر خرید و فروخت کرے تو اس میں فقہاء کے نزدیک کوئی حرج نہیں ہے۔ دراصل فقہاء کی اس اجازت کا مقصد زبانی طور پر خرید و فروخت ہے نہ کہ اشیائے فروخت اور نقدی وغیرہ اپنے پاس لا کر رکھ لینا ہے۔ زبانی خرید و فروخت کا جواز اس لیے ہے کہ یہ مباح ہے اور دوسرے مباح امور میں گفتگو اور کلام کی طرح ہے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مروی ہے کہ آپ نے پورے دن سے رات تک خاموشی اختیار کرنے سے منع فرمایا ہے۔ اب جب خاموشی ممنوع ہے تو وہ لا محالہ گفتگو کرنے پر مامورہو گا ۔ اس لیے اس لفظ کے تحت وہ تمام جائز گفتگو آ جائے گی جو خاموشی کو توڑ نے والی ہو۔ ہمیں ایک روایت محمد بن بکر نے بیان کی ، انہیں ابودائود نے ، انہیں احمد بن محمد المروزی نے ، انہیں عبد الرزاق نے ، انہیں معمر نے زہری سے ، انہوں نے علی (رض) بن الحسین (رض) سے اور انہوں نے حضرت صفیہ (رض) سے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اعتکاف میں تھے ، میں رات کے وقت آپ سے ملاقات کے لیے آئی۔ میں نے آپ سے باتیں کیں اور پھر کھڑی ہوگئی اور جانے کے لیے واپس مڑی ، حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی مجھے رخصت کرنے کے لیے میرے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔ - حضرت صفیہ (رض) کا گھر اسامہ بن زید کے احاطے میں تھا۔ اسی دوران دو انصاری آپ کے پاس سے گزرے ، حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے انہیں دیکھ کر رکنے کے لیے کہا اور فرمایا کہ یہ خاتون صفیہ بنت حییی ہے۔ یہ سن کر دونوں بول اٹھے اللہ کے رسول ، سبحان اللہ یعنی آپ کو اس وضاحت کی کیا ضرورت تھی ؟ کیا نعوذ باللہ ہمارے دل میں آپ کے متعلق کوئی خیال گزر بھی سکتا تھا یہ سنکر آپ نے ان دونوں کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا : اصل بات یہ ہے کہ تمہارے دل و دماغ میں شیطان کا گزر اس طرح ہوتا ہے جیسے دوران خون کا ، اس لیے مجھے یہ خدشہ پیداہو گیا کہ کہیں شیطان تم دونوں کے دلوں میں کوئی وہم یا شر نہ پیدا کر دے۔ ( اسی لیے میں نے یہ وضاحت کی)- معتکف دوسروں سے گفتگو کرسکتا ہے - اس حدیث کی روشنی میں یہ بات معلوم ہوئی کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اعتکاف کے دوران حضرت صفیہ (رض) سے گفتگو میں مشغول رہے۔ پھر مسجد کے دروازے تک ان کے ساتھ تشریف لے گئے۔ یہ چیز ان لوگوں کے قول کو باطل کردیتی ہے جو یہ کہتے ہیں کہ معتکف دوسروں کے ساتھ گفتگو میں مشغول نہیں ہوگا اور نہ ہی اپنی جگہ سے اٹھ کر مسجد میں منعقد ہونے والی شادی کی محفل میں شریک ہوگا ۔ ایک روایت ہے جو ہمیں محمد بن بکر نے سنائی، انہیں ابو دائود نے ، انہیں سلیمان بن حرب اور مسدد نے ، انہیں حماد بن زید نے ہشام بن عرو ہ سے، انہوں نے اپنے والد سے اور انہوں نے حضرت عائشہ (رض) سے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) مسجد میں معتکف ہوئے ، پھر حجرے کے درمیان سے اپنا سرمجھے پکڑا دیتے اور میں آپ کا سر اور پیر دھو دیتی جبکہ میں خود حیض کی حالت میں ہوتی ۔ - (آیت 187 کی بقیہ تفسیر اگلی آیت کے ذیل میں)
(١٨٩) چاند میں کمی اور زیادتی کس وجہ سے ہوتی ہے، اس کے متعلق لوگ پوچھتے ہیں تو اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آپ فرما دیجیے کہ یہ لوگوں کے لیے علامتیں ہیں تاکہ ان کے حساب سے اپنے قرضوں کو ادا کریں اور اپنی عورتوں کی عدت کا حساب رکھیں اور روزے رکھنے اور کھولنے کا حساب لگائیں، اور حج کا وقت معلوم کریں یہ آیت کریمہ حضرت معاذ بن جبل (رض) کے متعلق نازل ہوئی، جس وقت انہوں نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے اس چیز کے بارے میں پوچھا تھا۔- احرام کی حالت میں مکانوں کے اندر پیچھے کی طرف سے آنے میں کوئی تقوی اور نیکی نہیں، احرام میں نیکی تو شکار اور دیگر ممنوع چیزوں سے بچنا ہے، اپنے گھروں میں ان ہی دروازوں سے آؤ جن سے تم ہمیشہ نکلتے اور داخل ہوتے رہتے ہو اور احرام کی حالت میں اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو تاکہ اللہ تعالیٰ کے غصہ اور عذاب سے نجات پاسکو، ہو یہ آیت کریمہ کنانہ اور خزاعہ میں سے اصحاب رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے متعلق نازل ہوئی ہے کہ وہ احرام کی حالت میں اپنے گھروں میں جیسا کہ جاہلیت کے زمانہ میں کیا کرتے تھے، پچھلی طرف سے یا ان کی چھتوں پر سے داخل ہوتے تھے۔- شان نزول : (آیت) ” یسئلونک عن الاھلۃ “ (الخ)- ابن ابی حاتم (رح) نے عکرمہ (رح) کے واسطہ سے حضرت عبداللہ ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے کہ لوگوں نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے چاند کے بارے میں معلوم کیا اس پر یہ آیت اتری اور ابن ابی حاتم (رح) نے ابوالعالیہ (رح) سے روایت کیا ہے فرماتے ہیں کہ ہمیں یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ صحابہ کرام (رض) نے عرض کیا، یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ، اللہ تعالیٰ نے چاند کو کیوں پیدا کیا ہے اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اتاری۔- ابونعیم (رح) اور ابن عساکر (رح) نے تاریخ دمشق میں سدی صیغر (رح) ، کلبی (رح) ، ابوصالح (رح) کے حوالہ سے حضرت عبداللہ ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے فرماتے ہیں کہ معاذ بن جبل (رض) اور ثعلبۃ بن غنمہ نے عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) یہ کیا بات ہے کہ شروع میں چاند باریک دیکھائی دیتا ہے پھر بڑھتا رہتا ہے یہاں تک کہ مکمل ہوجاتا ہے اور رکتا ہے اور گھومتا ہے، اور پھر کم اور باریک ہوتا رہتا ہے، حتی کہ پھر پہلی حالت پر آجاتا ہے، اور ایک حالت پر باقی نہیں رہتا اس پر یہ آیت کریمہ نازل ہوئی کہ آپ سے چاند کے بارے میں دریافت کرتے ہیں۔- فرمان الہی : (آیت) ” ولیس البر “۔ (الخ) امام بخاری (رح) نے حضرت براء (رح) سے روایت کیا ہے کہ زمانہ جاہلیت میں جب لوگ احرام باندھتے تو اپنے گھروں میں پشت کی طرف سے داخل ہوتے تھے اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت کریمہ نازل فرمائی کہ اس میں کوئی بڑائی اور فضیلت نہیں کہ اپنے گھروں میں پیچھے کی طرف سے داخل ہوجاؤ۔- اور ابن ابی حاتم (رح) اور امام حاکم (رح) نے حضرت جابر (رض) سے یہ روایت کی ہے کہ قریش حمس کے ساتھ پکارے جاتے تھے اور وہ احرام کی حالت میں دروازوں سے اندر جاتے تھے اور انصار اور تمام عرب حالت احرام میں دروازہ سے نہیں جاتے تھے، ایک مرتبہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ایک باغ میں تشریف رکھتے تھے، اچانک آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس باغ کے دروازے سے نکلے اور آپ (رض) کے ساتھ قطبۃ بن عامر انصاری (رض) بھی نکلے صحابہ کرام (رض) نے عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) قطبۃ بن عامر ایک تاجر آدمی ہے اور یہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ باغ کے درازہ سے نکلا ہے، حضور اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس سے فرمایا کہ تو نے ویسا کام کیوں کیا جو میں نے کیا ہے ؟ وہ کہنے لگا کہ میں نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو جو کرتے دیکھا وہی کیا، آپ نے فرمایا کہ میں تو احمس شخص ہوں اس نے عرض کیا کہ میرا دین وہی ہے جو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا دین ہے اس پر حق تعالیٰ نے یہ آیت کریمہ (آیت) لیس البر (الخ) اتاری۔ اور ابن جریر (رح) نے عوفی (رح) کے حوالہ سے حضرت عبداللہ ابن عباس (رض) سے اسی طرح روایت کی ہے ،- اور ابوداؤد طیالسی (رح) نے اپنی مسند میں براء (رح) سے روایت کیا ہے کہ انصار جب سفر سے واپس ہوتے تو ان میں سے کوئی بھی اپنے گھر کے دروازہ سے داخل نہ ہوتا اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت مبارکہ اتاری اور عبد بن حمید نے قیس بن حبشہ (رح) سے روایت کیا ہے کہ لوگ جب احرام باندھتے تو اپنے گھر میں دروازہ کی طرف سے داخل نہ ہوتے تھے اور حمس والے ایسا نہیں کرتے تھے، چناچہ ایک مرتبہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ایک باغ میں گئے ہوئے تھے، اور پھر اس باغ کے دروازہ سے باہر نکلے تو آپ کے ساتھ ایک آدمی ہوگیا جس کو رفاعہ بن تابوت کہا جاتا تھا اور وہ قبیلہ حمس میں سے نہیں تھا صحابہ کر امرضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین نے عرض کیا یا رسول اللہ رفاعہ منافق ہوگیا۔ آپ نے رفاعہ سے فرمایا کہ تو نے ایسا کیوں کیا تو وہ کہنے لگا کہ میں نے آپ کی اتباع کی، آپ نے فرمایا کہ میں تو قبیلہ حمس میں سے ہوں تو ہم سب کا دین تو ایک ہی ہے اس پر یہ آیت نازل ہوئی (آیت ) ” ولیس البر “ (الخ)- واحدی (رح) نے کلبی (رح) اور ابوصالح (رح) کے حوالہ سے حضرت عبداللہ ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے کہ یہ آیت صلح حدیبیہ کے بارے میں نازل ہوئی ہے اور اس کا واقعہ یہ ہے کہ جب رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو بیت اللہ میں جانے سے روک دیا گیا تھا پھر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے مشرکین مکہ سے اس بات پر صلح کرلی کہ اگلے سال آکر عمرہ قضا کرلیں گے، جب آئندہ سال ہوا تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اور آپ کے صحابہ کرام (رض) نے عمرہ قضا کی تیاری کی اور اس بات کا خوف پیدا ہوا کہ کہیں کفار وعدہ خلافی نہ کریں اور پھر مسجد حرام میں داخل ہونے سے روک دیں اور جنگ کریں اور صحابہ کرام (رض) کو حج کے مہینوں میں قتال پسند نہیں تھا۔ (یعنی دین اسلام میں اس کی اجازت نہ تھی) اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اتاری اور ابن جریر (رح) نے قتادہ (رض) سے روایت کیا ہے کہ رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور آپ کے صحابہ کرام (رض) ذی قعدہ کے مہینے میں عمرے کا احرام باندھ کر اور قربانی کا جانور اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوئے، جب مقام حدیبیہ پر پہنچے تو مشرکین نے آپ کو آگے جانے سے روک لیا، رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے مشرکین مکہ سے اس بات پر صلح کرلی کہ اس سال ہم واپس چلے جاتے ہیں اور اگلے سال عمرہ قضا کرلیں گے جب آئندہ سال ہوا تو ذی قعدہ کے مہینے میں رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور صحابہ کرام (رض) عمرے کا احرام باندھ کر مکہ مکرمہ روانہ ہوئے اور تین راتوں تک وہاں ٹھہرے اور مشرکین کو اس بات پر فخر تھا کہ انہوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو واپس کردیا اللہ تعالیٰ نے ان کا یہ سارا واقعہ بیان کیا اور حضور اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مکہ مکرمہ میں اسی مہینے کے اندر داخل فرما دیا جس مہینے میں کفار نے آپ کو واپس کیا تھا، چناچہ اللہ تعالیٰ نے یہ حکم نازل فرمایا (آیت) ” الشھرالحرام بالشھرالحرام (الخ) یعنی حرمت والا مہینہ ہے بعوض حرمت والے مہینہ کے اور یہ حرمتیں تو عوض ومعاوضہ کی چیزیں ہیں۔
آیت ١٨٩ (یَسْءَلُوْنَکَ عَنِ الْاَہِلَّۃِ ط) (قُلْ ہِیَ مَوَاقِیْتُ للنَّاسِ وَالْحَجِّ ط) - یہ اللہ تعالیٰ نے ایک کیلنڈر لٹکا دیا ہے۔ ہلال کو دیکھ کر معلوم ہوگیا کہ چاند کی پہلی تاریخ ہوگئی۔ کچھ دنوں کے بعد نصف چاند دیکھ کر پتا چل گیا کہ اب ایک ہفتہ گزر گیا ہے۔ دو ہفتے ہوگئے تو پورا چاند ہوگیا۔ اب اس نے گھٹنا شروع کیا۔ تو یہ نظام گویا لوگوں کے لیے اوقات کار کی تعیین کے لیے ہے اور اس ضمن میں خاص طور پر سب سے اہم معاملہ حج کا ہے۔ یہ نوٹ کیجیے کہ صوم کے بعد حج اور حج کے ساتھ ہی قتال کا ذکر آ رہا ہے۔ اس لیے کہ حج وہ عبادت ہے جو ایک خاص جگہ پر ہوسکتی ہے۔ نماز اور روزہ ہر جگہ ہوسکتے ہیں ‘ زکوٰۃ ہر جگہ دی جاسکتی ہے ‘ لیکن حجتو مکہ مکرمہ ہی میں ہوگا ‘ اور وہ مشرکین کے زیر تسلط تھا اور اسے مشرکین کے تسلطّ سے نکالنے کے لیے قتال لازم تھا۔ قتال کے لیے پہلے صبر کا پیدا ہونا ضروری ہے۔ چناچہ پہلے روزے کا حکم دیا گیا کہ جیسے اپنے گھوڑوں کو روزہ رکھواتے تھے ایسے ہی خود روزہ رکھو۔ سورة البقرۃ میں صوم ‘ حج اور قتال کے احکام کے درمیان یہ ترتیب اور ربط ہے۔- (وَلَیْسَ الْبِرُّ بِاَنْ تَاْتُوا الْبُیُوْتَ مِنْ ظُہُوْرِہَا وَلٰکِنَّ الْبِرَّ مَنِ اتَّقٰی ج) ۔ - اہل عرب ایام جاہلیت میں بھی حج تو کر رہے تھے ‘ مناسک حج کی کچھ بگڑی ہوئی شکلیں بھی موجود تھیں ‘ اور اس کے ساتھ انہوں نے کچھ بدعات و رسوم کا اضافہ بھی کرلیا تھا۔ ان میں سے ایک بدعت یہ تھی کہ جب وہ احرام باندھ کر گھر سے نکل پڑتے تو اس کے بعد اگر انہیں گھروں میں داخل ہونے کی ضرورت پیش آتی تو گھروں کے دروازوں سے داخل نہ ہوتے بلکہ پچھواڑے سے دیوار پھلاند کر آتے تھے اور سمجھتے تھے کہ یہ بڑا تقویٰ ہے۔ فرمایا یہ سرے َ سے کوئی نیکی کی بات نہیں ہے کہ تم گھروں میں ان کے پچھواڑوں سے داخل ہو ‘ بلکہ اصل نیکی تو اس کی نیکی ہے جو تقویٰ کی روش اختیار کرے اور حدود الٰہی کا احترام ملحوظ رکھے۔ یہاں پوری آیت البر کو ذہن میں رکھ لیجیے جس کے آخر میں الفاظ آئے تھے : (وَاُولٰٓءِکَ ہُمُ الْمُتَّقُوْنَ ) چناچہ آیت زیر مطالعہ میں (وَلٰکِنَّ الْبِرَّ مَنِ اتَّقٰی ج) کے الفاظ میں نیکی کا وہ پورا تصور مضمر ہے جو آیت البر میں بیان ہوچکا ہے۔
سورة الْبَقَرَة حاشیہ نمبر :198 چاند کا گھٹنا بڑھنا ایک ایسا منظر ہے ، جس نے ہر زمانے میں انسان کی توجہ کو اپنی طرف کھینچا ہے اور اس کے متعلق طرح طرح کے اوہام و تخیلات اور رسوم دنیا کی قوموں میں رائج رہے ہیں اور اب تک رائج ہیں ۔ اہل عرب میں بھی اس قسم کے اوہام موجود تھے ۔ چاند سے اچھے یا برے شگون لینا ، بعض تاریخوں کو سعد اور بعض کو نحس سمجھنا ، کسی تاریخ کو سفر کے لیے اور کسی کو ابتدائے کار کے لیے اور کسی کو شادی بیاہ کے لیے منحوس یا مسعود خیال کرنا اور یہ سمجھنا کہ چاند کے طلوع و غروب اور اس کی کمی بیشی اور اس کی حرکت اور اس کے گہن کا کوئی اثر انسانی قسمتوں پر پڑتا ہے ، یہ سب باتیں دوسری جاہل قوموں کی طرح اہل عرب میں بھی پائی جاتی تھیں اور اس سلسلے میں مختلف توہم پرستانہ رسمیں ان میں رائج تھیں ۔ انہی چیزوں کی حقیقت نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کی گئی ۔ جواب میں اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ یہ گھٹتا بڑھتا چاند تمہارے لیے اس کے سوا کچھ نہیں کہ ایک قدرتی جنتری ہے ، جو آسمان پر نمودار ہو کر دنیا بھر کے لوگوں کو بیک وقت ان کی تاریخوں کا حساب بتاتی رہتی ہے ۔ حج کا ذکر خاص طور پر اس لیے فرما یا کہ عرب کی مذہبی ، تمدنی اور معاشی زندگی میں اس کی اہمیت سب سے بڑھ کر تھی ۔ سال کے چار مہینے حج اور عمرے سے وابستہ تھے ۔ ان مہینوں میں لڑائیاں بند رہتیں ، راستے محفوظ ہوتے اور امن کی وجہ سے کاروبار فروغ پاتے تھے ۔ سورة الْبَقَرَة حاشیہ نمبر :199 منجملہ ان توہم پرستانہ رسموں کے ، جو عرب میں رائج تھیں ، ایک یہ بھی تھی کہ جب حج کے لیے احرام باندھ لیتے تو اپنے گھروں میں دروازے سے داخل نہ ہوتے تھے ، بلکہ پیچھے سے دیوار کود کر یا دیوار میں کھڑکی سی بنا کر داخلل ہوتے تھے ۔ نیز سفر سے واپس آکر بھی گھروں میں پیچھے سے داخل ہوا کرتے تھے ۔ اس آیت میں نہ صرف اس رسم کی تردید کی گئی ہے ، بلکہ تمام اوہام پر یہ کہہ کر ضرب لگائی گئی ہے کہ نیکی دراصل اللہ سے ڈرنے اور اس کے احکام کی خلاف ورزی سے بچنے کا نام ہے ۔ ان بے معنی رسموں کو نیکی سے کوئی واسطہ نہیں ، جو محض باپ دادا کی اندھی تقلید میں برتی جا رہی ہیں اور جن کا انسان کی سعادت و شقاوت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔
120: بعض اہل عرب کا یہ معمول تھا کہ اگر حج کا احرام باندھنے کے بعد انہیں کسی ضرورت سے گھر واپس جانا پڑتا تو وہ گھر کے عام دروازے سے داخل ہونے کو ناجائز سمجھتے تھے اور ایسی صورت میں گھر کے پچھلے حصے سے داخل ہوتے تھے خواہ اس کے لئے انہیں گھر میں نقیب ہی کیوں نہ لگانی پڑے، یہ آیت اس فضول رسم کو بے بنیاد قرار دے رہی ہے۔