Blog
Books
Search Quran
By Moulana Palanpuri

रमज़ान का महीना जिसमें क़ुरआन उतारा गया, हिदायत है लोगों के लिए और खुली निशानियाँ रास्ते की और हक़ व बातिल के बीच फ़ैसला करने वाला, पस तुम में से जो कोई इस महीने को पाए वह उसके रोज़े रखे, और जो बीमार हो या सफ़र पर हो तो दूसरे दिनों में गिनती पूरी कर ले, अल्लाह तुम्हारे लिए आसानी चाहता है वह तुम्हारे साथ सख़्ती करना नहीं चाहता; और इसलिए कि तुम गिनती पूरी कर लो और अल्लाह की बड़ाई बयान करो इस पर कि उसने तुमको राह बताई और ताकि तुम उसके शुक्रगुज़ार बनो।

By Fateh Muhammad Jalandhari

By Abdul Salam Botvi

رمضان کامہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیاگیا،جوانسانوں کے لیے ہدایت ہے اور ہدایت کی اورحق و باطل کا فرق کرنے کی واضح دلیلیں ہیں،توتم میں سے جوکوئی اس مہینے میں حاضرہوتووہ اس کے روزے رکھے،اورجوکوئی بیمار ہو یاکسی سفرپرہوتو دوسرے دنوں سے تعدادپوری کرناہے۔ اﷲ تعالیٰ تمہارے ساتھ آسانی کاارادہ رکھتاہے اورتم پرتنگی کاارادہ نہیں رکھتااورتاکہ تم تعداد پوری کرسکو اور تم اس پر اﷲ تعالیٰ کی بڑائی بیان کروجواُس نے تمہیں ہدایت دی ہے اورتاکہ تم شکر گزار بنو۔

By Amin Ahsan Islahi

رمضان کا مہینہ ہے ، جس میں قرآن اتارا گیا ، لوگوں کیلئے ہدایت بنا کر اور حق وباطل کے درمیان امتیاز کے کھلے دلائل کے ساتھ ، سو جو کوئی تم میں سے اس مہینے میں موجود ہو ، وہ اس کے روزے رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں میں گنتی پوری کرلے ۔ اللہ تمہارے لئے آسانی چاہتا ہے ، تمہاری ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتا اور ( چاہتا ہے ) کہ تم تعداد پوری کرو ، جو اللہ نے تمہیں ہدایت بخشی ہے اس پر اس کی بڑائی کرو اور تاکہ تم اس کے شکرگذار بنو ۔

By Hussain Najfi

ماہ رمضان وہ ( مقدس ) مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو تمام انسانوں کے لئے ہدایت ہے اور اس میں راہنمائی اور حق و باطل میں امتیاز کی کھلی ہوئی نشانیاں ہیں جو اس ( مہینہ ) میں ( وطن میں ) حاضر ہو ( یا جو اسے پائے ) تو وہ روزے رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر میں ہو تو اتنے ہی روزے کسی اور وقت میں ( رکھے ) ۔ اللہ تمہاری آسانی و آسائش چاہتا ہے تمہاری تنگی و سختی نہیں چاہتا اور یہ بھی ( چاہتا ہے ) کہ تم ( روزوں کی ) تعداد مکمل کرو ۔ اور اس ( احسان ) پر کہ اس نے تمہیں سیدھا راستہ دکھایا تم اس کی کبریائی و بڑائی کا اظہار کرو ۔ تاکہ تم شکر گزار ( بندے ) بن جاؤ ۔

By Moudoodi

رمضان وہ مہینہ ہے ، جس میں قرآن نازل کیا گیا جو انسانوں کے لیے سراسر ہدایت ہے اور ایسی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے ، جو راہِ راست دکھانے والی اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی ہے ۔ لہٰذا اب سے جو شخص اس مہینے کو پائے ، اس پر لازم ہے کہ اس پورے مہینے کے روزے رکھے ۔ اور جو کوئی مریض ہو یا سفر پر ہو ، تو وہ دوسرے دنوں میں روزوں کی تعداد پوری کرے ۔ 186 اللہ تمہارے ساتھ نرمی کرنا چاہتا ہے ، سختی کرنا نہیں چاہتا ۔ اس لیے یہ طریقہ تمہیں بتایا جا رہا ہے تاکہ تم روزوں کی تعداد پوری کر سکو اور جس ہدایت سے اللہ نے تمہیں سرفراز کیا ہے ، اس پر اللہ کی کبریائی کا اظہار و اعتراف کرو اور شکر گزار بنو ۔ 187

By Mufti Naeem

رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن ( مجید ) اُتارا گیا جو لوگوں کے لیے ہدایت اور راستہ دکھانے والے اور ( حق و باطل میں ) فرق کرنے والے واضح دلائل ( پر مشتمل ) ہے ، پس جو شخص تم میں سے اس مہینے کو پالے تو اس کے روزے رکھے ، پس جو کوئی بیمار ہو یا سفر پر ہو تو ( اس پر لازم ہے کہ ) دوسرے دنوں میں ( تنی ہی ) گنتی ( پوری ) کرلے ، اﷲ ( تعالیٰ ) تمہارے ساتھ آسانی چاہتے ہیں اور تمہارے ساتھ مشکل نہیں چاہتے اور تاکہ تم ( روزوں کی ) تعداد پوری کرو اور تاکہ جو اﷲ ( تعالیٰ ) نے تمہیں ہدایت عطا فرمائی ہے اس پر اﷲ ( تعالیٰ ) کی تکبیر بلند کرو اور تاکہ تم شکر ادا کرو ۔

By Mufti Taqi Usmani

رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو لوگوں کے لئے سراپا ہدایت ، اور ایسی روشن نشانیوں کا حامل ہے جو صحیح راستہ دکھاتی اور حق و باطل کے درمیان دو ٹوک فیصلہ کردیتی ہیں ، لہذا تم میں سے جو شخص بھی یہ مہینہ پائے وہ اس میں ضرور روزہ رکھے ، اور اگر کوئی شخص بیمار ہو یا سفر پر ہو تو وہ دوسرے دنوں میں اتنی ہی تعداد پوری کرلے ، اللہ تمہارے ساتھ آسانی کا معاملہ کرنا چاہتا ہے اور تمہارے لئے مشکل پیدا کرنا نہیں چاہتا ، تاکہ ( تم روزوں کی ) گنتی پوری کرلو ، اور اللہ نے تمہیں جو راہ دکھائی اس پر اللہ کی تکبیر کہو ( ١١٦ ) اور تاکہ تم شکر گذار بنو ۔

By Noor ul Amin

رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے اور اس میں ہدایت اور حق وباطل میں امتیاز کرنے والے واضح دلائل ہیں لہٰذاتم میں سےجو شخص اس مہینہ کو پالے تواس پر لازم ہے کہ پورا مہینہ روزے رکھے ، ہاں اگرکوئی بیمار ہو یا سفرپرہوتودوسرے دنوں سے گنتی پوری کر سکتا ہے اللہ تمہارے ساتھ نرمی کابرتائو چاہتا ہے سختی کا نہیں ، اور تاکہ تم مہینہ بھر کے دنوں کی گنتی پوری کرلو اور اللہ نے تمہیں ہدایت دی ہے اس پر اس کی بڑائی بیان کروتاکہ تم شکر گزار بنو

By Kanzul Eman

رمضان کا مہینہ جس میں قرآن اترا ( ف۳۳۱ ) لوگوں کے لئے ہدایت اور رہنمائی اور فیصلہ کی روشن باتیں تو تم میں جو کوئی یہ مہینہ پائے ، ضرور اس کے روزے رکھے اور جو بیمار یا سفر میں ہو تو اتنے روزے اور دنوں میں اللہ تم پر آسانی چاہتا ہے اور تم پر دشواری نہیں چاہتا اور اس لئے کہ تم گنتی پوری کرو ( ف۳۳۲ ) اور اللہ کی بڑائی بولو اس پر کہ اس نے تمہیں ہدایت کی اور کہیں تم حق گزار ہو ،

By Tahir ul Qadri

رمضان کا مہینہ ( وہ ہے ) جس میں قرآن اتارا گیا ہے جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے اور ( جس میں ) رہنمائی کرنے والی اور ( حق و باطل میں ) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں ، پس تم میں سے جو کوئی اس مہینہ کو پا لے تو وہ اس کے روزے ضرور رکھے اور جو کوئی بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں ( کے روزوں ) سے گنتی پوری کرے ، اﷲ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لئے دشواری نہیں چاہتا ، اور اس لئے کہ تم گنتی پوری کر سکو اور اس لئے کہ اس نے تمہیں جو ہدایت فرمائی ہے اس پر اس کی بڑائی بیان کرو اور اس لئے کہ تم شکر گزار بن جاؤ