ابوہریرہ ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ چور پر لعنت کرے کہ وہ انڈا چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا ہے ، اور وہ رسی چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
رافع بن خدیج ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ درخت پر لگے ہوئے پھل اور شگوفے میں ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ مالک و الترمذی و ابوداؤد و النسائی و الدارمی و ابن ماجہ ۔
عمرو بن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا عبداللہ بن عمرو بن عاص ؓ سے روایت کرتے ہیں ، انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کیا کہ آپ سے درختوں پر لگے ہوئے پھل (کی چوری) کے بارے میں دریافت کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے اسے گودام میں محفوظ کر لینے کے بعد چوری کیا اور وہ ڈھال کی قیمت کو پہنچ گیا تو پھر اس پر قطع (ہاتھ کاٹنا) ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔
عبداللہ بن عبدالرحمن بن ابی حسین المکی سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ لٹکے ہوئے پھلوں (کی چوری) میں قطع ہے نہ پہاڑ کے دامن میں چرنے والے جانور (کی چوری) میں ، جب وہ (جانور) باڑے میں پناہ گزیں ہوں اور پھل گودام میں محفوظ ہو تو پھر اس کی چوری پر قطع ہے جب وہ ڈھال کی قیمت کو پہنچ جائے ۔‘‘ حسن ، رواہ مالک ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ڈاکو پر قطع (ہاتھ کاٹنا) نہیں (اس کی سزا الگ ہے) ، اور جو شخص بڑے بڑے ڈاکے ڈالے وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔
جابر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ خیانت کرنے والے ، ڈاکہ ڈالنے والے اور جھپٹ کر مال حاصل کرنے والے پر ’’ قطع ‘‘ نہیں ۔‘‘ صحیح ، رواہ الترمذی و النسائی و ابن ماجہ و الدارمی ۔
اور شرح السنہ میں مروی ہے کہ صفوان بن امیہ ؓ مدینہ آئے تو وہ اپنی چادر کا سرہانہ بنا کر مسجد میں سو گئے ، ایک چور آیا اور اس نے ان کی چادر پکڑ لی تو انہوں نے اسے گرفتار کر لیا ، اور وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں لے آئے ، آپ نے اس کا ہاتھ کاٹنے کا حکم فرمایا تو صفوان ؓ نے عرض کیا ، میں نے اس (قطع) کا ارادہ نہیں کیا تھا ، وہ (چادر) اس (چور) پر صدقہ ہے ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے اسے میرے پاس لانے سے پہلے کیوں نہ معاف کر دیا ۔‘‘ حسن ، رواہ البغوی فی شرح السنہ ۔
بُسر بن ارطاۃ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ غزوہ میں ہاتھ نہ کاٹے جائیں ۔‘‘ البتہ امام ابوداؤد اور امام نسائی نے غزوہ کے بجائے ’’ سفر ‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے ۔ صحیح ، رواہ الترمذی و الدارمی و ابوداؤد و النسائی ۔
ابوسلمہ ، ابوہریرہ ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے چور کے بارے میں فرمایا :’’ اگر وہ چوری کرے تو اس کا ہاتھ کاٹ دو ، اگر پھر چوری کرے تو اس کا پاؤں کاٹ دو ، اگر پھر چوری کرے تو اس کا (دوسرا) ہاتھ کاٹ دو اور اگر پھر چوری کرے تو اس کا (دوسرا) پاؤں کاٹ دو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف جذہ موضوع ، رواہ فی شرح السنہ ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک چور نبی ﷺ کی خدمت میں پیش کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کا ہاتھ کاٹ دو ۔‘‘ اس کا ہاتھ کاٹ دیا گیا ۔ پھر اسے (دوسری چوری میں) دوسری مرتبہ پیش کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کا ہاتھ کاٹ دو ۔‘‘ اس کا ہاتھ کاٹ دیا گیا ، پھر اسے تیسری مرتبہ پیش کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کا پاؤں کاٹ دو ۔‘‘ اس کا پاؤں کاٹ دیا گیا ، پھر چوتھی مرتبہ پیش کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کا پاؤں کاٹ دو ۔‘‘ اس کا پاؤں کاٹ دیا گیا ، پھر اسے پانچویں مرتبہ لایا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے قتل کر دو ۔‘‘ ہم اسے لے گئے اور اسے قتل کر دیا ۔ پھر ہم نے اسے گھسیٹ کر کنویں میں پھینک دیا اور اس پر پتھر ڈال دیے ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔
اور انہوں نے شرح السنہ میں چور کے ہاتھ کاٹنے کے بارے میں نبی ﷺ سے روایت کیا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس (کے ہاتھ) کو کاٹ دو پھر اسے داغ دو ۔‘‘ حسن ، رواہ فی شرح السنہ ۔
فضالہ بن عبید ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک چور رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیش کیا گیا تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا گیا ، پھر آپ ﷺ نے اس کے متعلق حکم فرمایا تو اسے اس کی گردن میں لٹکا دیا گیا ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی و ابن ماجہ ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب غلام چوری کرے تو اسے بیچ دو خواہ ایک ’’ نش ‘‘ (بیس درہم) ہی ملے ۔‘‘ حسن ، رواہ ابوداؤد و النسائی و ابن ماجہ ۔
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، ایک چور رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیش کیا گیا تو آپ ﷺ نے اس کا ہاتھ کاٹ دیا ، تو انہوں (صحابہ) نے عرض کیا ، ہمارا آپ کے متعلق یہ گمان نہیں تھا کہ آپ اس کے متعلق یہ کچھ کریں گے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر (بفرضِ محال) فاطمہ ؓ بھی ہوتیں تو میں (بلا تفریق) ان کا ہاتھ بھی کاٹتا ۔‘‘ صحیح ، رواہ النسائی ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی اپنا غلام لے کر عمر ؓ کے پاس آیا تو اس نے کہا : اس کا ہاتھ کاٹ ڈالیں کیونکہ اس نے میری اہلیہ کا آئینہ چرا لیا ہے ۔ عمر ؓ نے فرمایا : اس پر قطع نہیں اور وہ تمہارا خادم ہے ، اس نے تمہارا سامان اٹھا لیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ مالک ۔
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ابوذر !‘‘ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں حاضر ہوں ، اسی میں میری سعادت ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تمہاری اس وقت کیا حالت ہو گی جب لوگ کثرت سے موت کا شکار ہوں گے اور اس وقت قبر غلام کے عوض ملے گی ؟‘‘ میں نے عرض کیا ، اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم صبر کرنا ۔‘‘ حماد بن ابی سلیمان نے کہا : کفن چور کا ہاتھ کاٹا جائے گا کیونکہ وہ میت پر اس کے گھر میں داخل ہوا ہے ۔ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔