Blog
Books
Search Hadith

اللہ کے لیے اور اللہ کی طرف سے محبت کا بیان

بَابُ الْحُبِّ فِي

24 Hadiths Found
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ روحیں مختلف قسم کے لشکر ہیں جو باہم متعارف ہوتی ہیں وہ دنیا میں باہم محبت سے رہتی ہیں ، اور جن میں اجنبیت تھی ان میں اختلاف رہتا ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 5003
اور امام مسلم ؒ نے اسے ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا ہے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 5004
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک جب اللہ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو وہ جبریل ؑ کو بلا کر فرماتا ہے : بے شک میں فلاں شخص سے محبت کرتا ہوں لہذا تم بھی اس سے محبت کرو ، فرمایا : جبریل ؑ اس سے محبت کرتے ہیں ، پھر وہ آسمان والوں میں منادی کرتے ہیں : بے شک اللہ فلاں شخص سے محبت کرتا ہے لہذا تم اس سے محبت کرو ، آسمان والے اس سے محبت کرتے ہیں ، پھر زمین والوں (کے دلوں) میں اس کی مقبولیت پیدا کر دی جاتی ہے ، اور جب اللہ تعالیٰ کسی بندے سے بغض رکھتا ہے تو وہ جبریل ؑ کو بلا کر فرماتا ہے : بے شک میں فلاں شخص سے بغض رکھتا ہوں لہذا تم بھی اس سے بغض رکھو ، جبریل ؑ اس سے بغض رکھتے ہیں ، پھر وہ آسمان والوں میں اعلان کرتے ہیں کہ اللہ فلاں شخص سے بغض رکھتا ہے لہذا تم بھی اس سے بغض رکھو ، فرمایا : وہ اس سے بغض رکھتے ہیں ، پھر زمین والوں کے دلوں میں اس کے لیے بغض پیدا کر دیا جاتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 5005
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک اللہ روز قیامت فرمائے گا : میری عظمت و تعظیم کی خاطر باہم محبت کرنے والے کہاں ہیں ؟ میں آج ان کو اپنے سائے میں جگہ دوں گا ، اس دن میرے سائے کے سوا کوئی سایہ نہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 5006
ابوہریرہ ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ ایک آدمی کسی دوسری بستی میں اپنے کسی (مسلمان) بھائی کی زیارت کے لیے گیا تو اللہ نے اس کے راستے میں ایک فرشتہ بٹھا دیا جو اس کے انتظار میں تھا ، (جب وہ اس فرشتے کے پاس سے گزرا تو) اس نے کہا : کہاں کا ارادہ ہے ؟ اس آدمی نے کہا : میں اس بستی میں اپنے ایک (مسلمان) بھائی سے ملنے جا رہا ہوں ، اس نے پوچھا : کیا اس کا تم پر کوئی احسان ہے جس کا تم بدلہ چکانے جا رہے ہو ؟ اس نے کہا : اس کے علاوہ اور کوئی وجہ نہیں کہ میں اس سے اللہ کی خاطر محبت کرتا ہوں ، اس (فرشتے) نے کہا : میں اللہ کی طرف سے تمہارے پاس پیغام لے کر آیا ہوں کہ جس طرح تم اللہ کی خاطر اس شخص سے محبت کرتے ہو ویسے ہی اللہ تم سے محبت کرتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 5007
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں : ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! آپ اس شخص کے متعلق کیا فرماتے ہیں جو کچھ لوگوں سے محبت کرتا ہے لیکن وہ (صحبت یا علم و عمل کے لحاظ سے) ان سے ملا نہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ آدمی ان کے ساتھ ہو گا جس سے اس کی محبت ہو گی ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 5008
انس ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! قیامت کب آئے گی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تجھ پر افسوس ہے ، تم نے اس کے لیے کیا تیاری کی ہے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : میری تیاری صرف یہی ہے کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہوں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تو اس کے ساتھ ہو گا جس سے تو محبت رکھتا ہے ۔‘‘ انس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے مسلمانوں کو اسلام قبول کرنے کے بعد اس بات سے زیادہ کسی اور چیز سے خوش ہوتے ہوئے نہیں دیکھا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 5009
ابوموسی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ نیک ہم نشین اور برے ہم نشین کی مثال ایسی ہے جیسے کستوری والا اور آگ کی بھٹی دھونکنے والا ، کستوری والا یا تو وہ تمہیں عطیہ دے دے گا یا تم خود اس سے خرید لو گے یا پھر تم اس سے اچھی خوشبو پا لو گے ۔ جبکہ بھٹی دھونکنے والا یا تو وہ تمہارے کپڑے جلا دے گا یا تم اس سے گندی بو پاؤ گے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 5010
معاذ بن جبل ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ان لوگوں کے لیے جو میری خاطر باہم محبت کرتے ہیں ، میری خاطر باہم ملاقاتیں کرتے ہیں ، اور میری خاطر ہی ایک دوسرے پر خرچ کرتے ہیں ، میری محبت واجب ہو گئی ۔‘‘ مالک ۔ اور ترمذی کی روایت میں ہے ، فرمایا :’’ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : میری جلالت و عظمت کی خاطر باہم محبت کرنے والوں کے لیے نور کے منبر ہیں ، ان پر انبیا ؑ اور شہداء بھی رشک کریں گے ۔‘‘ صحیح ، رواہ مالک و الترمذی ۔

Haidth Number: 5011
عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کے بندوں میں سے کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو نہ تو انبیا ہیں اور نہ شہدا ، لیکن روز قیامت اللہ کے ہاں ان کے مقام و مرتبہ پر انبیا ؑ اور شہدا بھی رشک کریں گے ۔‘‘ صحابہ ؓ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! آپ ﷺ ہمیں بتائیں کہ وہ کون لوگ ہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ لوگ ہیں جو آپس میں نہ تو کسی رشتے ناتے کی وجہ سے محبت کرتے ہیں نہ کسی مالی شراکت کی بنا پر بلکہ وہ محض اللہ کے حکم اور قرآنی اتباع میں باہم محبت کرتے اور لین دین کرتے ہیں ، اللہ کی قسم ! ان کے چہرے چمکتے ہوں گے اور وہ نور (کے منبروں) پر ہوں گے ، اور جب دیگر لوگ خوف میں مبتلا ہوں گے تو وہ خوف زدہ نہیں ہوں گے اور جب دیگر لوگ غم کا شکار ہوں گے تو وہ غم زدہ نہیں ہوں گے ۔‘‘ پھر آپ ﷺ نے یہ آیت تلاوت فرمائی :’’ سن لو ! بے شک اللہ کے دوستوں پر نہ کوئی خوف ہو گا اور نہ وہ غمگین ہوں گے ۔‘‘ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 5012
اور انہوں (امام بغوی) نے اسے ابومالک کی سند سے کچھ زوائد کے ساتھ مصابیح کے الفاظ سے شرح السنہ میں روایت کیا ہے ، اور اسی طرح شعب الایمان میں بھی ہے ۔ حسن ، رواہ فی شرح السنہ و مصابیح السنہ و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 5013
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ابوذر ؓ سے فرمایا :’’ ابوذر ! ایمان کا کون سا حصہ (حلقہ) زیادہ مضبوط و محکم ہے ؟‘‘ انہوں نے عرض کیا ، اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کی خاطر ایک دوسرے سے محبت و تعاون کرنا ، اللہ کی خاطر محبت کرنا اور اللہ کی خاطر بغض رکھنا ۔‘‘ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 5014
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جب مسلمان اپنے (مسلمان) بھائی کی عیادت کرتا ہے یا اس سے ملاقات کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : تیری حیات اخروی اچھی ہو گئی ہے ، تیرا چلنا اچھا ہو گیا اور تم نے جنت میں جگہ بنا لی ہے ۔‘‘ ترمذی ، اور فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 5015
مقدام بن معدیکرب ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جب آدمی اپنے (مسلمان) بھائی سے محبت کرے تو وہ اسے بتائے کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و الترمذی ۔

Haidth Number: 5016
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نبی ﷺ کے پاس سے گزرا جبکہ کچھ لوگ آپ کے پاس تھے ، ان لوگوں میں سے کسی نے کہا : میں اس شخص سے اللہ کی خاطر محبت کرتا ہوں ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تم نے اسے بتایا ہے ؟‘‘ اس نے عرض کیا ، نہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کی طرف جاؤ اور اسے بتاؤ ۔‘‘ چنانچہ وہ اس شخص کے پاس گیا اور اسے بتایا (کہ میں تجھ سے اللہ کی خاطر محبت کرتا ہوں) تو اس نے کہا : جس ذات کی خاطر تم مجھ سے محبت کرتے ہو وہ ذات تجھ سے محبت کرے ۔ راوی بیان کرتے ہیں ، پھر وہ آدمی واپس آیا تو نبی ﷺ نے اس سے دریافت کیا تو اس نے آپ کو اس کے جواب سے آگاہ کیا ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ تم اس کے ساتھ ہی ہو گے جس سے تم محبت کرتے ہو ، اور تم نے جو ثواب چاہا وہ تمہیں ملے گا ۔‘‘ بیہقی فی شعب الایمان ۔ اور ترمذی کی روایت میں ہے :’’ آدمی جس سے محبت کرتا ہے اسی کے ساتھ ہو گا ، اور جو اس نے کیا اس کا وہ صلہ پائے گا ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان و الترمذی ۔

Haidth Number: 5017
ابوسعید ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ تم صرف کسی مومن شخص کی ہم نشینی اختیار کرو اور تمہارا کھانا صرف متقی شخص ہی کھائے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و الدارمی ۔

Haidth Number: 5018
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے ، لہذا تم میں سے ہر ایک کو چاہیے کہ وہ دیکھے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے ۔‘‘ احمد ، ترمذی ، ابوداؤد ، بیہقی فی شعب الایمان ۔ اور امام ترمذی ؒ نے فرمایا : یہ حدیث حسن غریب ہے ، اور امام نووی ؒ نے فرمایا : اس کی اسناد صحیح ہیں ۔ حسن ، رواہ احمد و الترمذی و ابوداؤد و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 5019
یزید بن نعامہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب آدمی کسی آدمی سے بھائی چارہ قائم کرے تو وہ اس سے اس کے نام ، اس کے والد کے نام اور اس کے قبیلے کے متعلق دریافت کر لے ، کیونکہ یہ محبت (دوستی) کو زیادہ ملانے (بڑھانے) والا ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 5020
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے تو فرمایا :’’ کیا تم جانتے ہو کہ اللہ تعالیٰ کو کون سے اعمال زیادہ پسند ہیں ؟‘‘ صحابہ میں سے کسی نے عرض کیا : نماز ، زکوۃ ، اور کسی نے عرض کیا : جہاد ہے ۔ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کے نزدیک پسندیدہ عمل ، اللہ کی خاطر محبت کرنا اور اللہ کی خاطر بغض رکھنا ہے ۔‘‘ احمد ۔ اور ابوداؤد نے آخری حصہ روایت کیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 5021
ابوامامہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اللہ کی رضا کی خاطر کسی شخص سے محبت کرتا ہے تو وہ اپنے رب و عزوجل کی تکریم کرتا ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 5022
اسماء بنت یزید ؓ سے روایت ہے کہ اس نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ کیا میں تمہیں تمہارے بہترین لوگوں کے متعلق نہ بتاؤں ؟‘‘ صحابہ ؓ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ضرور بتائیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تمہارے بہترین لوگ وہ ہیں کہ جب ان پر نظر پڑے تو اللہ یاد آ جائے ۔‘‘ حسن ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 5023
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر دو بندے اللہ عزوجل کی خاطر آپس میں محبت کرتے ہیں ، ایک مشرق میں ہے اور ایک مغرب میں ، تو روز قیامت اللہ ان دونوں کو اکٹھا کر دے گا اور فرمائے گا : یہ ہے وہ جس سے تم میری رضا کی خاطر محبت کیا کرتے تھے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 5024
ابورزین (لقیط بن عامر بن صبرہ ؓ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اسے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں اس دین کی بنیاد کے متعلق نہ بتاؤں جس کے ذریعے تم دین و دنیا کی بھلائی حاصل کر لو ؟ تم اہل ذکر کی مجالس اختیار کرو ، جب خلوت میں ہو تو پھر جس قدر ہو سکے اپنی زبان پر اللہ کا ذکر جاری رکھو اور اللہ کی خاطر محبت کرو اور اللہ کی خاطر بغض رکھو ۔ ابورزین ! کیا تمہیں معلوم ہے ؟ کہ آدمی جب اپنے (مسلمان) بھائی کی زیارت کے لیے (گھر سے) نکلتا ہے تو ستر ہزار فرشتے اس کے ساتھ چلتے ہیں اور وہ سب اس کے لیے دعائیں کرتے جاتے ہیں اور وہ کہتے ہیں : ہمارے پروردگار ! اس نے تیری رضا کی خاطر تعلق جوڑا ہے تو اسے (اپنی رحمت و مغفرت کے ساتھ) جوڑ دے ، اگر تم اپنے جسم کو ان کاموں پر لگا سکو تو لگاؤ ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 5025
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھا آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جنت میں یاقوت کے ستون ہیں ، ان پر زمرد کے بالا خانے ہیں ، ان کے دروازے کھلے ہیں ، وہ چمک دار ستارے کی طرح چمکتے ہیں ۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ان میں کون لوگ رہیں گے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کی خاطر آپس میں محبت کرنے والے ، اللہ کی خاطر آپس میں ہم نشینی اختیار کرنے والے اور اللہ کی خاطر آپس میں ملاقات کرنے والے ۔‘‘ امام بیہقی نے تینوں احادیث شعب الایمان میں روایت کی ہیں ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 5026