اَلْحاسَّۃُ: اس قوۃ کو کہتے ہیں جس سے عوارض حِسِّیْہ کا ادراک ہوتا ہے اس کی جمع حَوَاسٌ ہے جس کا اطلاق مشاعر خمسہ (یعنی سمع، بصر، شم، ذوق اور لمس) پر ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ: حَسَنْتُ (ن) وَحَسِیْتُ وَأَحْسَنْتُ: محسوس کرنا اور اَحْسَسْتُ (افعال) دو طرح استعمال ہوتا ہے۔ (۱) قوت حس سے کسی چیز تک پہنچنا (محسوس کرنا) جیسے عِنْتُہٗ وَرُعْتُہٗ۔ (۲) کسی کے حاسہ پر مارنا۔ جیسے کَبَدْتُّہُ وَفَأَدْتُّہٗ اور حاسہ پر مارنے سے کبھی انسان قتل ہوجاتا ہے۔ اس لئے حَسَسْتُہٗ بمعنی قَتَلْتُہُ آجاتا ہے۔ چنانچہ قرآن پاک میں ہے: (اِذۡ تَحُسُّوۡنَہُمۡ بِاِذۡنِہٖ ) (۳:۱۵۲) جب کہ تم کافروں کو اس کے حکم سے قتل کررہے تھے۔ او رحَسِیْس بمعنی قتیل بھی آتا ہے اور اسی سے پکی ہوئی جراد کو جَرَادٌ مَحْسُوس کہا جاتا ہے۔ عرب لوگ کہتے حَسَّ الْبَرْدُ النَّبَاتَ: پالے نے نبات کو جلا ڈالا۔ اِنْحَسَّتْ اَسْنَانُہٗ: اس کے دانت گرگئے۔ اور حَسِسْتُ (س) فَھِمتُ وَعَلِمْتُ کے ہم معنیٰ ہے مگر یہ صرف اسی چیز کے متعلق بولا جاتا ہے جو بذریعہ حواس کے معلوم ہو۔ اور حَسَیْتُ میں ایک سین کو یا سے تبدیل کردیا گیا ہے اور اَحْسَسْتُہُ کے اصل معنیٰ بھی کسی چیز کو محسوس کرنے کے ہیں اور اَحَسْتُ بھی اَحْسستُ ہی ہے مگر اس میں ایک سین کو تخفیفاً حذف کردیا گیا ہے جیساکہ ظَلْتُ (میں ایک لام محذوف ہے) اور آیت کریمہ: (فَلَمَّاۤ اَحَسَّ عِیۡسٰی مِنۡہُمُ الۡکُفۡرَ) (۳:۵۲) جب عیسیٰ علیہ السلام نے ان کی طرف سے نافرمانی اور نیت قتل دیکھی۔ میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ انہوں نے اس قدر برملا طور پر کفر کیا کہ عقل و فہم کی بجائے وہ ہر ایک کو محسوس ہورہا تھا اور یہی معنیٰ آیت : (فَلَمَّاۤ اَحَسُّوۡا بَاۡسَنَاۤ اِذَا ہُمۡ مِّنۡہَا یَرۡکُضُوۡنَ ) (۲۱:۱۲) جب انہوں نے ہمارے (مقدمہ) عذاب کو دیکھا تو لگے اس سے بھاگنے۔ میں مراد ہے۔ اور آیت کریمہ: (ہَلۡ تُحِسُّ مِنۡہُمۡ مِّنۡ اَحَدٍ) (۱۹:۹۸) کے معنیٰ یہ ہیں کہ کیا تم کسی کو بھی ان میں سے محسوس کرسکتے ہو۔ اَلْحَسِیْسُ وَالْحِسُّ: حرکت، آہٹ کو بھی کہتے ہیں۔ قرآن میں ہے: (لَا یَسۡمَعُوۡنَ حَسِیۡسَہَا ) (۲۱:۱۰۲) (یہاں تک کہ) اس کی آہٹ بھی تو نہیں سنیں گے۔ اَلْحَسَّاسُ: سوء خلق یہ زُکان وسُعال کی طرح (فعال) کے وزن پر ہے (جو بیماری یا عیب کے معنیٰ کے ساتھ خاص ہے۔)
Words | Surah_No | Verse_No |
اَحَسَّ | سورة آل عمران(3) | 52 |
اَحَسُّوْا | سورة الأنبياء(21) | 12 |
تَحُسُّوْنَھُمْ | سورة آل عمران(3) | 152 |
تُـحِسُّ | سورة مريم(19) | 98 |
حَسِيْسَهَا | سورة الأنبياء(21) | 102 |
فَتَحَسَّسُوْا | سورة يوسف(12) | 87 |