Blog
Books
Search Hadith

سفر، جہاد اور جانوروں سے نرمی کا بیان

146 Hadiths Found
ابو درداء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرے لئے کمزور لوگوں کو تلاش کرو، کیوں کہ تمہیں تمہارے کمزور لوگوں کی وجہ سے رزق دیا جاتا ہے اور تمہاری مدد کی جاتی ہے

Haidth Number: 2023
رفاعہ بن رافع زرقی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ جبریل علیہ السلام نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہنے لگے: تم اہل بدر کو اپنے لوگوں کے مقابلے میں کیا حیثیت دیتے ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: افضل مسلمان ۔جبریل کہنے لگے: اسی طرح ہم میں سے جو فرشتے بدر میں شریک ہوئے (ہم انہیں افضل شمار کرتے ہیں)۔

Haidth Number: 2024
سہل بن حنظلیہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک اونٹ کے پاس سے گزرے جس کا پیٹ کمر سے لگا ہوا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ان بے زبان جانوروں کے بارے میں اللہ سے ڈرو، اچھے طریقے سے ان پر سوار ی کرو، اور ان کی صحت کی حالت میں ہی ان کا گوشت کھالیا کرو۔

Haidth Number: 2025
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ عمر رضی اللہ عنہ حسان رضی اللہ عنہ کے پاس سے گزرے، وہ مسجد میں شعر پڑھ رہے تھے۔ عمر رضی اللہ عنہ نے ان کی طرف دیکھ (کر ٹوکا) تو حسان رضی اللہ عنہ کہنے لگے: میں مسجد میں شعر پڑھا کرتا تھا اور اس مسجد میں تم سے بہتر شخص (یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ) موجود تھا۔ پھر حسان رضی اللہ عنہ نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی طرف دیکھا اور کہنے لگے: میں تمہیں اللہ کی قسم دیتا ہوں، کیا تم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ نے فرمایا:(اے حسان) میری طرف سے جواب دو، اے اللہ(حسان کی) روح القدس کے ساتھ مدد فرما۔

Haidth Number: 2026
ام کبشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت طلب کی کہ وہ آپ کے ساتھ جہاد میں شریک ہونا چاہتی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:نہیں وہ کہنے لگیں: اے اللہ کے رسول! میں زخمیوں کا علاج کروں گی، اور مریضوں کی تیمار داری کروں گی۔ رسول اللہ ‌صلی اللہ علیہ وسلم ‌نے فرمایا: بیٹھ جاؤ لوگ کہیں یہ بات نہ کرنے لگ جائیں کہ محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) عورت کو لے کر جہاد کر رہے ہیں

Haidth Number: 2027
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین وصیتیں کیں۔ آپ نے فرمایا: مشرکین کو جزیرة العرب سے نکال دو، وفد کا اسی طرح اکرام کرو جس طرح میں ان کا اکرام کرتا ہوں۔ پھر فرمایا: عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ: تیسری چیز سے خاموشی اختیار کی یا فرمایا کہ تیسری وصیت مجھے بھول گئی۔

Haidth Number: 2028
ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ آخری بات جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کہی وہ یہ تھی کہ: اہل حجاز اور اہل نجران کے یہودیوں کو جزیرة العرب سے نکال دو ۔اور یاد رکھو ! کہ بدترین لوگ وہ ہیں جنہوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا ۔

Haidth Number: 2029
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب زمین سرسبز زمین آجائے تو اور جب زمین بے آباد (بنجرو خشک)ہو جائے تو وہاں سے چلے جاؤ، اور اندھیرے(میں سفر) کو لازم کرو، کیوں کہ رات میں زمین لپیٹ دی جاتی ہے ۔

Haidth Number: 2030
عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم جہاد کا ارادہ کرو تو ایک سیاہ رنگ کا گھوڑا خریدو، جس کی پیچانی اور پاؤں سفید چمکدار ہوں۔ جس کے دائیں پاؤں میں سفیدی نہ ہوتو تم غنیمت سمیٹو گے اور سلامت رہو گے

Haidth Number: 2031
صخر بن عیلہ‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب اسلام کا ظہورہوا تو بنی سلیم کی ایک قوم اپنے علاقے سے بھاگ گئی، میں نے وہ زمین اپنے قبضے میں کر لی، پھر وہ مسلمان ہو گئے اور زمین کے لئے مجھ سے جھگڑا کرنے لگے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس چلے گئے ۔آپ نے وہ زمین انہیں واپس لوٹا دی اور فرمایا: جب آدمی مسلمان ہو جاتا ہے تو وہ اپنی زمین اور مال کا زیادہ حق دار ہے۔

Haidth Number: 2032
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم اپنے گھر سے نکلو تو دو رکعتیں پڑھ لو۔ یہ دو رکعتیں تمہیں (سفر کی) تکلیف سے بچائیں گی۔ اور جب تم اپنے گھر میں داخل ہو تو دو رکعتیں پڑھ لو یہ دو رکعتیں تمہیں (گھر میں برائی یا) تکلیف سے بچائیں گی

Haidth Number: 2033
سوادہ بن ربیع‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آپ سے کچھ مانگا تو آپ نے مجےں کچھ اونٹنیاں دیں پھر فرمایا: جب تم اپنے گھر واپس جاؤ تو اپنے (گھروالوں کو)حکم دو کہ اپنے جانوروں کی خوراک اچھی رکھیں اور انہیں حکم دو کہ وہ اپنے ناخن کاٹ کر رکھیں اور ان ناخنوں کے ذریعے اپنے جانوروں کے تھنوں کو دودھ دوہتے وقت تکلیف نہ دیں۔

Haidth Number: 2034
عبداللہ بن عمر و بن عاص رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب فارس اور روم کے(خزانے) تم پر کھول دیئے جائیں گے، تو اس وقت تم کس طرح کے بن جاؤ گے؟ عبدالرحمن بن عوف‌رضی اللہ عنہ نے کہا: ہم وہی بات کہیں گے جو اللہ تعالیٰ ہمیں حکم دیا ہے۔ (یعنی شکر کریں گے)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کے علاوہ بھی، تم ایک دوسرے سے رشک کرو گے، پھر حسد کرنے لگو گے، پھر ایک دوسرے سےپیٹھ پھیرو گے، پھر آپس میں بغض رکھو گے، یا اسی طرح کچھ کرو گے، پھر تم مہاجرین کے گھروں کی طرف جاؤ گے اور انہیں ایک دوسرے کی گردنوں پر رکھو گے(ایک دوسرے کا حکم بناؤ گے)۔

Haidth Number: 2035
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جب (کسی سفر میں )تین آدمی ہوں تو ان میں سے ایک شخص ان کی امامت کروائے اور امامت کا زیادہ حقدار قرآن کریم کا زیادہ علم والا ہے۔

Haidth Number: 2036
ابو امامہ‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم کسی ایسی زمین کے پاس سے گزرو جس میں کسی امت کو ہلاک کیا گیا ہو تو تیزی سے گزروجاؤ۔

Haidth Number: 2037
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب خونخوار جنگیں چھڑ جائیں گی تو اللہ تعالیٰ (دمشق) سے مدد گاروں کا ایک لشکر بھیجے گا جو عرب کے بہترین شہہ سوار اور ہتھیار چلانے میں انتہائی ماہر ہوں گے، اللہ تعالیٰ ان کے ذریعے دین کی مدد کرے گا ۔

Haidth Number: 2038
معاذ بن انس رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً مروی ہے کہ:ان جانوروں پر مناسب طریقےسےسواری کرو اور انہیں صحیح سلامت چھوڑ دوانہیں کرسی مت بناؤ۔

Haidth Number: 2039
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک قوم کے پاس سے گزرے جو تیراندازی کر رہے تھے، آپ نے فرمایا: (اسماعیل علیہ السلام کی اولاد )تیر اندازی کرو کیوں کہ تمہارے والد بھی تیر انداز تھے

Haidth Number: 2040
جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتح مکہ کے سال نکلے تو آپ کے گرد آپ کے پیدل چلنے والے صحابہ جمع ہو گئے۔ اور صف بنا کر کہنے لگے: ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعائیں چاہتے ہیں، اور کہنےلگے: ہم پر سفر بھاری ہو گیا ہے، مشقت طویل ہوگئی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا:تیز چلنے میں مدد طلب کرو جو (تیز چلنا) تمہارا سفر بھی کٹوا دے گا اور تم آسانی بھی محسوس کرو گے۔ ہم نے ایسا ہی کیا ہم ہلکے پھلکے بھی ہوگئے اور ہماری تھکاوٹ بھی ختم ہوگئی۔

Haidth Number: 2041

عَنْ سَهْلِ ابْن الْحَنْظَلِيَّةِ أَنَّهُمْ سَارُوا مَعَ رَسُولِ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌يَوْمَ حُنَيْنٍ فَأَطْنَبُوا السَّيْرَ حَـتَّى كَانَتْ عَشِيَّةً فَحَضَرْتِ الصَّلَاةُ عِنْدَ رَسُولِ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌فَجَاءَ رَجُلٌ فَارِسٌ فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللهِ! إِنِّي انْطَلَقْتُ بَيْنَ أَيْدِيكُمْ حَتَّى طَلَعْتُ جَبَلَ كَذَا وَكَذَا فَإِذَا أَنَا بِهَوَازِنَ عَلَى بَكْرَةِ آبَائِهِمْ بِظُعُنِهِمْ وَنَعَمِهِمْ وَشَائِهِمْ اجْتَمَعُوا إِلَى حُنَيْنٍ فَتَبَسَّمَ رَسُولُ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌وَقَالَ: تِلْكَ غَنِيمَةُ الْمُسْلِمِينَ غَدًا إِنْ شَاءَ اللهُ تعالىٰ ثُمَّ قَالَ: مَنْ يَّحْرُسُنَا اللَّيْلَةَ؟ قَالَ أَنَسُ بْنُ أَبِي مَرْثَدٍ الْغَنَوِيُّ: أَنَا يَا رَسُولَ اللهِ قَالَ: فَارْكَبْ فَرَكِبَ فَرَسًا لَّهُ فَجَاءَ إِلَى رَسُولِ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صلی اللہ علیہ وسلم : اِسْتَقْبِلْ هَذَا الشِّعْبَ حَتَّى تَكُونَ فِي أَعْلَاهُ وَلَا نُغَرَّنَّ مِنْ قِبَلِكَ اللَّيْلَةَ فَلَمَّا أَصْبَحْنَا خَرَجَ رَسُولُ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌إِلَى مُصَلَّاهُ فَرَكَعَ رَكْعَتَيْنِ ثُمَّ قَالَ: هَلْ أَحْسَسْتُمْ فَارِسَكُمْ؟ قَالُوا: يَا رَسُولَ اللهِ! مَا أَحْسَسْنَاهُ فَثُوِّبَ بِالصَّلَاةِ فَجَعَلَ رَسُولُ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌وَهُوَ يُصَلِّي يَلْتَفِتُ إِلَى الشِّعْبِ حَتَّى إِذَا قَضَى صَلَاتَهُ وَسَلَّمَ قَالَ: أَبْشِرُوا فَقَدْ جَاءَكُمْ فَارِسُكُمْ فَجَعَلْنَا نَنْظُرُ إِلَى خِلَالِ الشَّجَرِ فِي الشِّعْبِ فَإِذَا هُوَ قَدْ جَاءَ حَتَّى وَقَفَ عَلَى رَسُولِ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌فَسَلَّمَ فَقَالَ: إِنِّي انْطَلَقْتُ حَتَّى كُنْتُ فِي أَعْلَى هَذَا الشِّعْبِ حَيْثُ أَمَرَنِي رَسُولُ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌فَلَمَّا أَصْبَحْتُ اطَّلَعْتُ الشِّعْبَيْنِ كِلَيْهِمَا فَلَمْ أَرَ أَحَدًا فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللهِ صلی اللہ علیہ وسلم : هَلْ نَزَلْتَ اللَّيْلَةَ؟ قَالَ: لَا إِلَّا مُصَلِّيًا أَوْ قَاضِيًا حَاجَةً فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللهِ صلی اللہ علیہ وسلم : قَدْ أَوْجَبْتَ فَلَا عَلَيْكَ أَنْ لَّا تَعْمَلَ بَعْدَهَا

سہل بن حنظلیہ‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ وہ حنین کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلے،اور چلتے ہی رہے حتی کہ رات ہو گئی، نماز کا وقت ہوا۔ ایک گھڑ سوارآیا اور کہنے لگا:اے اللہ کے رسول!میں آپ کے آگے گیا تھا حتی کہ میں فلاں فلاں پہاڑ پر چڑھ گیا، میں نے دیکھا کہ میں ہوازن میں ان کی بھیڑ وں، اونٹوں اوربکریوں کے ساتھ کھڑا ہوں ، وہ حنین کی طرف جمع ہو رہے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مسکرائے اور فرمایا: یہ مال اللہ کے حکم سے کل مسلمانوں کا مال غنیمت ہوگا۔ پھر فرمایا:آج رات کون ہمارا پہرہ دے گا؟ انس بن ابی مرثد غنوی‌رضی اللہ عنہ نے کہا:اے اللہ کے رسول میں! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:سوار ہوجاؤ، وہ اپنے گھوڑے پر سوار ہو کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس گھاٹی پر چڑھ جاؤ، اور رات کو تمہاری طرف سے غفلت نہ ہو۔ جب صبح ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لےر نکلے اور دو رکعت ادا کی، پھر فرمایا:کیا تم نے اپنے گھڑ سوار کو دیکھا؟ لوگوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! ہم نے اسے نہیں دیکھا۔ پھر نماز کے لئے اقامت کہی گئی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھنے لگے اور (نماز ہی میں) گھاٹی کی طرف دیکھنے لگے۔ جب آپ نے نماز مکمل کر لی اور سلام پھیر لیا تو فرمایا: خوش ہو جاؤ، تمہارا شسواار آگیا، ہم گھاٹی کی طرف درختوں کے جھنڈ میں دیکھنے لگے، اچانک وہ نمودار ہوگیا، اورآکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کھڑا ہوگیا۔ اس نے سلام کیا اور کہنے لگا: میں یہاں سے چلتا ہوا اس گھاٹی کی چوٹی پر پہنچ گیا جہاں مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا تھا۔ جب صبح ہوئی تو میں دونوں گھاٹیوں پر چڑھا لیکن مجھے کوئی نظر نہیں آیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کہا: کیا رات کو تم گھوڑے سے اترے تھے؟ کہنے لگا:نہیں سوائے نماز اور قضائے حاجت کے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا:تم نے (جنت) واجب کر لی، اب اس کے بعد تم کوئی عمل نہ بھی کرو تب بھی تم پر کوئی حرج نہیں۔

Haidth Number: 2042
قزعہ رحمۃ اللہ علیہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھے ایک کام سے بھیجا تو کہنے لگے:آؤ تاکہ میں تمہیں الوداع کر سکوں جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے الوداع کیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بھی ایک کام سے بھیجا تو فرمایا: أَسْتَوْدِعُ اللهَ دِينَكَ وَأَمَانَتَكَ وَخَوَاتِيمَ عَمَلِكَ، ”میں تمہارا دین، تمہاری امانت اور تمہارے اعمال کا خاتمہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں“۔

Haidth Number: 2043
عبداللہ خطمی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی لشکر کو الوداع کرتے تو فرماتے : أَسْتَوْدِعُ اللهَ دِينَكَ وَأَمَانَتَكَ وَخَوَاتِيمَ عَمَلِكَ، ”میں تمہارا دین، تمہاری امانت اور تمہارے اعمال کا خاتمہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں“۔

Haidth Number: 2044
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی شخص کو الوداع کرتے تو فرماتے : أَسْتَوْدِعُ اللهَ دِينَكَ وَأَمَانَتَكَ وَخَوَاتِيمَ عَمَلِكَ، ”میں تمہارا دین، تمہاری امانت اور تمہارے اعمال کا خاتمہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں “۔

Haidth Number: 2045
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً مروی ہے کہ: اس قوم پر اللہ کا غصہ شدید ہوجاتا ہے جو ایسا کام اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کرتی ہے، آپ اس وقت اپنے رباعی دانتوں کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔ اس آدمی پر اللہ کا غصہ شدید ہوجاتا ہے جسے اللہ کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کی راہ میں (لڑائی کرتے ہوگے) قتل کردے۔

Haidth Number: 2046
عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ میں جمعہ کے دن شام سے مدینے کی طرف چلا، جب عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچا تو انہوں نے کہا: تم نے اپنے موزے کب پہنے تھے؟ میں نے کہا: جمعہ کے دن، انہوں نے کہا: کیا تم نے ان دونوں کو اتارا ہے؟ میں نے کہا:نہیں عمر رضی اللہ عنہ کہنے لگے: تم نے سنت پر عمل کیا ۔

Haidth Number: 2047
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً مروی ہے کہ: قیامت کے دن اللہ کے ہاں افضل جہاد (کرنے والے) وہ لوگ ہوں گے جو پہلی صف میں ٹکراتے ہیں اور قتل ہونے تک مڑ کر نہیں دیکھتے۔ یہی لوگ ہیں جو جنت میں بلند محلات میں دوڑتے پھریں گے تمہارا رب ان کی طرف دیکھ رہا ہوگا یقیناً تمہارا رب جب کسی قوم کی طرف دیکھ کر مسکراتا ہے تو ان پر کوئی حساب نہیں ۔

Haidth Number: 2048
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:افضل جہاد ظالم بادشاہ کے سامنے انصاف (اور ایک روایت میں ہے: حق)کا کلمہ کہنا ہے ۔ یہ حدیث سیدنا ابوسعید خدری، ابوامامہ، طارق بن شہاب اور جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہم سے اور امام زھری سے مرسلا مروی ہے۔

Haidth Number: 2049
عمرو بن عبسہ‌رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً مروی ہے کہ:افضل جہاد (اس شخص کا ہے)جس کے گھوڑے کی کوچیں کاٹ دی گئیں اور اس کا خون بہا دیا گیا۔

Haidth Number: 2050
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا: کونسا شخص افضل ہے؟ آپ ‌صلی اللہ علیہ وسلم ‌نے فرمایا: افضل شخص (اور ایک روایت میں ہے: بہترین شخص ) وہ آدمی ہے جو اللہ کے راستے میں اپنے مال اور اپنی جان سے جہاد کرتا ہے ۔پھر وہ مومن ہے جو کسی گھاٹی میں اللہ کی عبادت کرتا ہے، اور لوگوں کو اپنے شر سے محفوظ رکھتا ہے

Haidth Number: 2051

عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ جَعْفَرٍ قَالَ أَرْدَفَنِي رَسُولُ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌خَلْفَهُ ذَاتَ يَوْمٍ فَأَسَرَّ إِلَيَّ حَدِيثًا لَا أُحَدِّثُ بِهِ أَحَدًا مِّنَ النَّاسِ وَكَانَ أَحَبُّ مَا اسْتَتَرَ بِهِ رَسُولُ اللهِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌لِحَاجَتِهِ هَدَفًا أَوْ حَائِشَ نَخْلٍ فَدَخَلَ حَائِطًا لِّرَجُلٍ مِّنَ الْأَنْصَارِ فَإِذَا جَمَلٌ (فَلَمَّا رَأَى النَّبِيَّ صلی اللہ علیہ وسلم ) حَنَّ وَذَرَفَتْ عَيْنَاهُ فَأَتَاهُ النَّبِيُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌فَمَسَحَ سِراته إلى سَنامه ذِفْرَاهُ فَسَكَنَ فَقَالَ: مَنْ رَّبُّ هَذَا الْجَمَلِ؟ لِمَنْ هَذَا الْجَمَلُ؟ فَجَاءَ فَتًى مِّنَ الْأَنْصَارِ فَقَالَ: لِي يَا رَسُولَ اللهِ فَقَالَ: أَفَلَا تَتَّقِي اللهَ فِي هَذِهِ الْبَهِيمَةِ الَّتِي مَلَّكَكَ اللهُ إِيَّاهَا؟ فَإِنَّهُ شَكَا إِلَيَّ أَنَّكَ تُجِيعُهُ وَتُدْئِبُهُ

عبداللہ بن جعفر‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے اپنے پیچھے سوار کر لیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے راز داری میں مجھ سے کوئی بات کیھ جو میں لوگوں سے بیان نہیں کروں گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کواپنی ضرورت کے لئے سب سے پسندیدہ جگہ کوئی ٹیلہ یا کھجوروں کا جھنڈ ہوا کرتا تھا۔آپ انصار کے ایک باغ میں داخل ہوئے، کیا دیکھتے ہیں سامنے ایک اونٹ کھڑا ہے(جب اس نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تو وہ بلبلا یا اور اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس آئے اور اس کے کان کی کی پشت سے لے کر کوہان تک ہاتھ پھیرا تو وہ پر سکون ہوگیا)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا اس اونٹ کا مالک کون ہے؟ یہ اونٹ کس کا ہے؟ ایک انصاری نوجوان آیا اور کہنے لگا: اے اللہ کے رسول میرا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کیا تم ان جانوروں کے بارے میں اللہ سے نہیں ڈرتے جن کا اللہ تعالیٰ نے تمہیں مالک بنایا ہے؟ اس اونٹ نے مجھ سے شکایت کی ہے کہ تم اسے بھوکا رکھتے ہو اور اس پر بوجھ لاد کر تھکاتے ہو۔

Haidth Number: 2052