اَلْعَبْرُ: دراصل اس کے معنی ہیں ایک حالت سے دوسری حالت تک پہنچ جانا مگر اَلْعُبُوْرُ کا لفظ خاص کر پانی عبور کرنے پر استعمال ہوتا ہے عام اس سے کہ تیر کر عبور کیا جائے یا کشتی، اونٹ اور پل کے ذریعہ سے۔ اسی سے عَبْرُ النَّْٔرِ ہے جس کے معنی نہر کے اس کنارہ کے ہیں جہاں سے پانی میں اتر کر اسے عبور کیا جاتا ہے یا دوسری جانب سے عبور کرکے وہاں سے ہوا جاتا ہے۔ اسی سے عَبَرَالْعَیْنُ کا محاورہ مشتق ہے جس کے معنی ہیں: آنکھ سے آنسو جاری ہونا۔ اَلْعَبْرَۃُ: آنسو اور ماسفر کو عَابِرُ سَبِیلٍ کہا جاتا ہے۔ قرآن پاک میں ہے: (اِلَّا عَابِرِیۡ سَبِیۡلٍ ) (۴:۴۳) ہاں اگر بحالت سفر رستے چلے جارہے ہوں۔ نَاقَۃٌ عَبْرُ اَسْفَارٍ: مضبوط اونٹنی جو ہر قسم کی زمین میں سفر کرسکے عَبَرَالْقَومُ: لوگ مرگئے۔ گویا انہوں نے دنیاوی زندگی کے پل کو عبور کرلیا اس اعتبار سے عِبَارَۃٌ خاص کر اس کلام کو کہتے ہیں جو متکلم کے منہ سے نکل کر فاصلہ عبور کرکے سامع کے کان تک پہنچ جائے اور اَلْعَبْرَۃُ وَالْاِعْتِبَارُ اس حالت کو کہتے ہیں جس کے ذریعہ کسی دیکھی ہوئی چیز کی وساطت سے ان دیکھے نتائج تک پہنچا جائے۔(1) قرآن پاک میں ہے: (اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَعِبۡرَۃً ) (۳:۱۳) اس واقعہ میں بڑی عزت ہے۔ (فَاعۡتَبِرُوۡا یٰۤاُولِی الۡاَبۡصَارِ) (۵۹:۲) اے اصحاب بصیرت اس سے عبرت حاصل کرو۔ اور تَعْبِیْرٌ کے معنی ہیں: خواب کا انجام بتانا گویا تاویل بتانے والا اس کے ظاہر سے باطن تک پہنچ جاتا ہے۔ قرآن پاک میں ہے :(اِنۡ کُنۡتُمۡ لِلرُّءۡیَا تَعۡبُرُوۡنَ ) (۱۲:۴۳) اگر تم خوابوں کی تعبیر دے سکتے ہو۔ اور تَعْبِیْرٌ کا لفظ تاویل سے خاص ہے کیونکہ تاْوِیْلٌ کے معنی مطلق کسی بات کا انجام بیان کرنے کے ہیں خواہ وہ خواب ہو یا خواب نہ ہو۔(2) اور اَلشِّعْرٰی اَلْعَبُوْرٌ: ایک ستارے کا نام ہے کیونکہ وہ بھی اپنے فلک میں مسافت طے کرتا رہتا ہے اَلْعَبَرِیُّ: گھاس جو نہر کے کنارے پر اُگ آتی ہے۔ اور شَطٌّ مَعْبَرٌ: نہرکا وہ کننارہ جہاں پر عبری گھاس اُگی ہوئی ہو۔
Words | Surah_No | Verse_No |
تَعْبُرُوْنَ | سورة يوسف(12) | 43 |
عَابِرِيْ | سورة النساء(4) | 43 |
عِبْرَةٌ | سورة يوسف(12) | 111 |
فَاعْتَبِرُوْا | سورة الحشر(59) | 2 |
لَعِبْرَةً | سورة آل عمران(3) | 13 |
لَعِبْرَةً | سورة النحل(16) | 66 |
لَعِبْرَةً | سورة المؤمنون(23) | 21 |
لَعِبْرَةً | سورة النور(24) | 44 |
لَعِبْرَةً | سورة النازعات(79) | 26 |