Blog
Books
Search Hadith

شادی ،بیویوں کے درمیان عدل ،اولاد کی تربیت ، ان کے درمیان عدل اور ان کے اچھے نام رکھنے کابیان

143 Hadiths Found
معاویہ بن قرۃ رضی اللہ عنہ اپنے چچا سے بیان کرتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آتے اور اسے اپنے سامنے بٹھا لیتے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا: کیا تم اس سے محبت کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں بہت زیادہ ،پھر وہ بچہ مر گیا، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا: شاید تم اس پر غمگین ہو؟ انہوں نے کہا: ہا ں اے اللہ کے رسول!آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تمہیں پسند نہیں کہ جب اللہ تعالیٰ تمہیں جنت میں داخل کر ے تو تم اسے جنت کے دروازے پر دیکھو اور وہ تمہارے لئے دروازہ کھولے؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: معاملہ اسی طرح ہوگا۔ ان شاءاللہ۔

Haidth Number: 1910
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کیا میں تمہیں جنت میں جانے والے مردوں کے بارے میں نہ بتاؤں؟ نبی جنت میں ہے، صدیق جنت میں ہے،شہید جنت میں ہے، بچہ جنت میں ہے،اورجوشخص شہرکےکسی کونےمیں اپنےبھائی سےملاقات صرف اللہ کی رضاکےلئےکرتاہےوہ جنت میں ہے۔کیا میں تمہیں جنت میں جانے والی عورتوں کے بارے میں نہ بتاؤں؟ہر محبت کرنے والی زیادہ بچے جننے والی، جب تم غصےہو جاؤیا اس سےناراضگی کااظہار کرو(یا اس کا شوہر اس سے غصے ہو جائے)تو وہ کہے:یہ میرا ہاتھ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ جب تک آپ راضی نہیں ہوں گے میں سرمہ نہیں ڈالوں گی

Haidth Number: 1911
نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ابو بکر‌رضی اللہ عنہ آئے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت طلب کرنے لگے۔ انہوں نے عائشہ رضی اللہ عنہا کی آواز سنی جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سےاونچی آوازمیں بات کر رہی تھیں۔آپ نے انہیں اجازت دے دی وہ اندر داخل ہوئے اور کہا:اے ام رومان کی بیٹی!کیا تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے آواز بلند کر رہی ہو؟نبی صلی اللہ علیہ وسلم ابو بکر اور عائشہ رضی اللہ عنہا کے درمیان آگئے۔ جب ابو بکر‌رضی اللہ عنہ باہر نکل گئے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم انہیں راضی کرنےکےلئےکہنے لگے:کیا تم نے دیکھا نہیں کہ میں اس آدمی اور تمہارے درمیان آگیا تھا۔پھر ابوبکر رضی اللہ عنہ واپس آئےاورآپ سےاجازت طلب کرنے لگے۔ ابو بکر‌رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ آپ عائشہ رضی اللہ عنہا کو ہنسا رہے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اجازت دے دی، ابو بکر‌رضی اللہ عنہ اندر آئے تو ابو بکر‌رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا:اے اللہ کے رسول! اپنی صلح میں مجھے بھی شریک کرلیجئے جس طرح آپ نے مجھےاپنے جھگڑےمیں شریک کیا تھا۔

Haidth Number: 1912
انس‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بیٹھا تھا اس کا بیٹا آیا تو اس نے اسے پکڑ کر اس کا بوسہ لیا اور اسے اپنی گود میں بٹھا لیا، پھر اس کی بیٹی آئی اور اسے پکڑ کر اپنےپہلو میں بٹھا لیا، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم نے ان کے درمیان انصاف کیوں نہیں کیا۔ (یعنی بیٹے اور بیٹی کے درمیان بوسہ لینے میں۔)

Haidth Number: 1913
زبیر‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خبردار !ممکن ہے کہ تم میں سے کوئی شخص اپنی بیوی کو اس طرح مارے جیسے لونڈی کو مارا جاتا ہے؟ خبردار! تم میں بہترین وہ شخص ہے جو اپنے گھر والوں کے لئے بہتر ہے

Haidth Number: 1914
عامر سے مروی ہے کہتے ہیں کہ میں نے نعمان بن بشیر‌رضی اللہ عنہ سے سنا وہ منبر پر خطاب کر رہے تھے کہ: میرے والد نے مجھ پر صدقہ کیا، عمرہ بنت رواحہ نے کہا: مںی اس وقت تک یہ بات نہیں مانوں گی جب تک تم اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو گواہ نہیں بنا لیتے۔ بشیر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: میں نے اپنے بیٹے پر صدقہ کیاہے، عمرہ کہتی ہیں کہ : میں تو اس وقت راضی ہوں گی جب آپ اس پر رسول اللہ ‌صلی اللہ علیہ وسلم ‌کو گواہ بناؤ گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا اس بیٹے کے علاوہ تمہارے بیٹے ہیں؟ بشیر رضی اللہ عنہ نے کہا: جی ہاں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم نے ہر ایک کو اس جتنا دیا ہے؟ بشیر‌رضی اللہ عنہ نے کہا: نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ ظلم ہے، اس پر مجھے گواہ مت بناؤ، اللہ سے ڈر جاؤ اپنی اولادکے درمیان عدل کرو، جس طرح تمہیں یہ بات پسند ہے کہ وہ سب تم سے اچھا سلوک کریں۔

Haidth Number: 1915
ابو ہریرہ‌رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا: کون سی عورت بہتر ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ عورت کہ جب اس کا شوہر اس کی طرف دکھے تو اس خوش کردے۔ جب اسے کوئی حکم دے تو فرمانبرداری کرے، خاوند کو جو با ت نا پسند ہے اپنے نفس اور اپنے مال کے بارے میں اس کی مخالفت نہ کرے۔

Haidth Number: 1916
عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فاطمہ رضی اللہ عنہا کا ذکر کیا تو میں نے کوئی بات کہی توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تمہیں یہ بات پسند نہیں کہ تم دنیا و آخرت میں میری بیوی رہو؟ میں نے کہا: کیوں نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تب تم دنیا و آخر ت میں میری بیوی ہو۔

Haidth Number: 1917
عبداللہ بن عمر‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اپنے والد کی شکایت کر رہا تھاکہ اس نے میرا مال لے لیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: کیا تمہیں یہ بات معلوم نہیں کہ تم اور تمہارا مال تمہارے والد کی کمائی ہے۔

Haidth Number: 1918
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:ابلیس اپنا تخت پانی پر لگاتا ہے۔اور ایک روایت میں ہے :سمندر پر لگاتا ہے۔پھر اپنے لشکر پھیلا دیتا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ فتنہ گر، سب سےزیادہ اس کےقریب ہوتا ہے۔ایک آتا ہے اور کہتا ہے:میں نے فلاں فلاں کام کیا۔ابلیس کہتا ہے تم نے کچھ نہیں کیا۔پھر ایک اور آتا ہے اور کہتا ہے میں نے بیوی اور شوہر کے درمیان جدائی کروا کر چھوڑی، ابلیس اسےخودسےقریب کرتاہےاورکہتاہے:تم سب سےاچھےہو۔اعمش نے کہا کہ میرے خیال میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:وہ خود سے اسے چمٹا لیتاہے۔

Haidth Number: 1919
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مرفوعاً مروی ہے کہ: اللہ کے نزدیک سب سے عظیم جرم والا وہ شخص ہے جس نے کسی عورت سے شادی کی،پھر جب اس سے اپنی حاجت پوری کر لی تو اسے طلاق دے کر اس کا مہر ہتھیا لیا، اور دوسرا وہ شخص جس نے کسی شخص سے مزدوری کروائی اور اس کی مزدوری ہتھیا لی، اور وہ شخص جس نے کسی چوپائے کو فضول میں قتل کر دیا۔

Haidth Number: 1920
ابو ہریرہ‌رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ غیرت کرتا ہے اور مومن بھی غیرت کرتا ہے اور اللہ کی غیرت یہ ہے کہ مومن حرام کام کا ارتکاب کرے۔

Haidth Number: 1921
مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کے درمیان کھڑے ہوئے اللہ کی حمدو ثنا بیان کی پھر فرمایا:اللہ تعالیٰ تمہیں عورتوں سے اچھا سلوک کرنے کا حکم دیتا ہے،کیوں کہ یہ تمہاری مائیں ،بیٹیاں اور خالائیں ہیں۔اہل کتاب میں سے کوئی آدمی جب کسی عورت سے اس کی چھوٹی عمر میں اور غربت میں شادی کرتا تو دونوں ایک دوسرے سے بے رغبتی نہ کرتے(حتی کہ دونوں بوڑھے ہو کر مر جاتے)۔

Haidth Number: 1922
ابو سعید یا جابر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لمبا خطبہ ارشادفرمایا اور اس میں دنیا اور آخرت کے معاملات کا ذکر کیا۔ آپ نے فرمایا: بنی اسرائیل کا کی ہلاکت کا پہلا سبب یہ بنا کہ کسی غریب کی بیوی اپنے شوہرسےایسے کپڑوں یا زیورات کا مطالبہ کرتی جو امیر کی بیوی کرتی اور آپ نے بنی اسرائیل کی ایک عورت کا تذکرہ کیا جو پستہ قد تھی، اس نے لکڑی کی دو ٹانگیں بنوائیں اور ایک انگوٹھی جس میں ڈھکن لگا ہوا تھا ،اسے مشک کی خوشبوسے بھردیااوردو لمبی یا موٹی عورتوں کے درمیان چلنے لگی۔لوگوں نے ایک آدمی بھیجاجو ان کا پیچھا کرے،اس نے لمبی عورتوں کو تو پہچان لیالیکن لکڑی کی ٹانگوں والی عورت کو نہیں پہچانا۔

Haidth Number: 1923
عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہاری اولاد، تمہارے لئے اللہ کی طرف سے عطیہ ہے۔(الشورى:۴۹) ترجمہ:”جسے چاہتا ہے بیٹیاں عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے بیٹے عطا کرتا ہے“۔ تو جب تمہیں ضرورت ہو تویہ اولاد اور ان کا مال تمہارے لئے ہے ۔

Haidth Number: 1924
ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ماہ اپنی بیویوں سے ایلاء( پاس نہ جانے کی قسم) کیا۔ جب انتیس(۲۹) دن گزر گئے تو صبح کے وقت آئے یا شام کے وقت ،آپ سے کہا گیا کہ: آپ نے قسم کھائی تھی کہ آپ ایک ماہ تک بیویوں کے پاس نہیں جائیں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مہینہ انتیس (۲۹)دن کا بھی ہوتا ہے۔

Haidth Number: 1925
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر اللہ نے چاہا اور میں زندہ رہا تومیں برکت، نافع اور افلح نام رکھنے سے منع کردوں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ آپ نے افلح کہا یا نہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم فوت ہوگئے لیکن اس سے منع نہیں فرمایا۔

Haidth Number: 1926
نعمان بن بشیررضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ ان کے والد نے انہیں ایک تحفہ دیا اور چاہا کہ اس پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو گواہ بنائیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم نے اپنے تمام بچوں کو اسی طرح دیا ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم پر یہ لازم ہے کہ تم اپنی اولاد میں انصاف کرو، جس طرح ان کی ذمہ داری ہے کہ تم سےاچھا سلوک کریں۔

Haidth Number: 1927

عَنْ عَلِيّ بْن الْحُسَيْنِ أَنَّ الْمِسْوَر بْن مَخْرَمَةَ حَدَّثَ: أَنَّهُمْ حِينَ قَدِمُوا الْمَدِينَةَ مِنْ عِنْدِ يَزِيدَ بْنِ مُعَاوِيَةَ مَقْتَلَ الْحُسَيْنِ بْنِ عَلِيٍّ رضی اللہ عنہ لَقِيَهُ الْمِسْوَرُ بْنُ مَخْرَمَةَ فَقَالَ: هَلْ لَكَ إِلَيَّ مِنْ حَاجَةٍ تَأْمُرُنِي بِهَا؟ قَالَ: فَقُلْتُ لَهُ: لَا قَالَ لَهُ: هَلْ أَنْتَ مُعْطِيَّ سَيْفَ رَسُولِ اللهِ صلی اللہ علیہ وسلم ؟فَإِنِّي أَخَافُ أَنْ يَّغْلِبَكَ الْقَوْمُ عَلَيْهِ وَايْمُ اللهِ! لَئِنْ أَعْطَيْتَنِيهِ لَا يُخْلَصُ إِلَيْهِ أَبَدًا حَتَّى تَبْلُغَ نَفْسِي إِنَّ عَلِيَّ بْنَ أَبِي طَالِبٍ خَطَبَ بِنْتَ أَبِي جَهْلٍ عَلَى فَاطِمَةَ فَسَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ صلی اللہ علیہ وسلم وَهُوَ يَخْطُبُ النَّاسَ فِي ذَلِكَ عَلَى مِنْبَرِهِ هَذَا، وَأَنَا يَوْمَئِذٍ مُحْتَلِمٌ فَقَالَ: إِنَّ فَاطِمَةَ بِضْعَةٌ مِّنِّي وَأَنَا أَتَخَوَّفُ أَنْ تُفْتَنَ فِي دِيْنِهَا قَالَ: ثُمَّ ذَكَرَ صِهْرًا لَهُ مِنْ بَنِي عَبْدِ شَمْسٍ فَأَثْنَى عَلَيْهِ فِي مُصَاهَرَتِهِ إِيَّاهُ فَأَحْسَنَ قَالَ حَدَّثَنِي فَصَدَقَنِي وَوَعَدَنِي فَأَوْفَى لِي وَإِنِّي لَسْتُ أُحَرِّمُ حَلَالًا وَلَا أُحِلُّ حَرَامًا وَلَكِنْ وَاللهِ لَا تَجْتَمِعُ بِنْتُ رَسُولِ اللهِ صلی اللہ علیہ وسلم وَبِنْتُ عَدُوِّ اللهِ مَكَانًا وَاحِدًا أَبَدًا، وَفِي رِوَايَةٍ : عِنْدَ رَجُلٍ وَاحِدٍ أَبَداً

علی بن حسین رضی اللہ عنہ ،مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں کہ جب وہ یزید بن معاویہ کے پاس سےحسین بن علی رضی اللہ عنہ کے قتل کے موقع پر مدینہ آئے تو مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہ علی بن حسین سے ملے اور کہا: کیا آپ کو مجھ سے کوئی کام ہے؟ حکم کیجئے ،انہوں نے کہا: نہیں ، مسور رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: کیا آپ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تلوار دیں گے؟ کیوں کہ مجھے ڈر ہے کہ یہ لوگ اس پر قبضہ کر لیں گے۔ اللہ کی قسم ! اگر آپ نے یہ تلوار مجھے دے دی تو جس وقت تک مجھے قتل نہیں کر دیتے اس وقت تک کوئی بھی شخص اس تلوار تک نہیں پہنچ سکے گا۔ علی بن ابی طالب‌رضی اللہ عنہ نے فاطمہ کی موجودگی میں ابو جہل کی بیٹی سے نکاح کرنا چاہا تومیں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کواس مسئلے میں منبر پر کھڑے ہو کر لوگوں سے خطاب کرتے سنا۔میں ان ایام میں بالغ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے اور مجھے خوف ہے کہ اس کے دین کے بارے میں اسے آزمائش میں مبتلا نہ کر دیا جائے ۔ پھر بنی عبدشمس میں سے اپنے داماد کا ذکر کیا، اور ان کے بارے میں تعریفی کلمات کہے، فرمایا: اس نے جو بات کی اسے سچا کردکھایا انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا تو وفا بھی کیا۔ میں کسی حلال چیز کو حرام نہیں کر سکتا اور نہ کسی حرام چیز کو حلال کر سکا ہوں، لیکن اللہ کی قسم! اللہ کے رسول کی بیٹی اور اللہ کے رسول کے دشمن کی بیٹی کبھی بھی ایک جگہ جمع نہیں ہو سکتیں ۔اور ایک روایت میں ہے :کسی ایک آدمی کے پا س کبھی بھی(جمع نہیں ہوسکتیں)۔

Haidth Number: 1928
ابو ہریرہ‌رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:عورت پسلی سے پیدا کی گئی ہےایک طریقے پرہر گزسیدھی نہیں ہوگی۔ اگر تم اس سے فائدہ اٹھانا چاہو تو اسی ٹیڑھے پن کے ساتھ ہی فائدہ اٹھا سکتے ہو۔ اگر تم اسے سیدھا کرنا چاہو تو توڑ دو گے اور اسے توڑنا اسے طلاق دینا ہے۔

Haidth Number: 1929
ام مبشر انصاریہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ام مبشر بنت براء بن معرور کو نکاح کا پیغام بھیجا تو کہنے لگیں کہ میں نے اپنے شوہر سے مشروط کیا تھا کہ اس کے بعد شادی نہیں کروں گی۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ شرط درست نہیں

Haidth Number: 1930
مسروق اور عمرو بن عتبہ سے مروی ہے کہ ان دونوں نے سبیعہ بنت حارث رضی اللہ عنہا کی طرف خط لکھ کر اس کے معاملے کےبارے میں پوچھا؟ سبیعہ رضی اللہ عنہا نے دونوں کو جواباً لکھا کہ: اس کے ہاں اس کے شوہر کی وفات کےپچیس(۲۵)دن بعد بچہ پیدا ہوا ، وہ بہتررشتے کی تلاش میں تیار ہوئی۔ ابو سنابل بن بعکک اس کے پاس سے گذرا تو کہا: تم نے جلدی کی ،آخری مدت چار ماہ دس دن تک عدت گزارو، میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور کہا: اے اللہ کے رسول میرے لئے بخشش کی دعا کیجئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کس وجہ سے ؟ میں نے انہیں(وہ بات)بتائی تو آپ نے فرمایا: اگر تمہیں کوئی نیک آدمی ملے تو اس سے شادی کر لینا ۔

Haidth Number: 1931
ابو ہریرہ‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نےایک انصاری خاتون سے شادی کا ارادہ کیاتو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کیا تم نے اسے دیکھا ہے؟ ،کیوں کہ انصار کی آنکھوں میں تھوڑا سا نقص ہوتا ہے، یعنی چھوٹی ہوتی ہیں۔

Haidth Number: 1932
مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے ایک عورت کو نکاح کا پیغام بھیجا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے دیکھ لو ، کیوں کہ ممکن ہے اس طرح تمہارے مابین دائمی محبت پیدا ہو جائے

Haidth Number: 1933
حصین بن محصن رحمۃ اللہ علیہ اپنی پھوپھی (کہا جاتا ہے کہ ان کا نام اسماء تھا)سے بیان کرتےہیں کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کسی کام سے آئیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی ضرورت پوری کر دی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا: کیا تم شادی شدہ ہو؟ انہوں نے کہا: جی ہاں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اس سے کس طرح کا برتاؤ کرتی ہو؟ انہوں نے کہا: میں اس کے حق میں کوئی کوتاہی نہیں کرتی۔ سوائے جب میں عاجز آجاؤں ،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دیکھو، خیال رکھنا کہ تم اس سے (اپنے شوہرسے)کس طرح کا سلوک کرتی ہو کیوں کہ وہ تمہاری جنت اور جہنم ہے۔

Haidth Number: 1934
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عورتیں ،مردوں کے برابر ہیں۔ یہ حدیث سیدۃ عائشہ اور انس رضی اللہ عنہا سے مروی ہے اور سا میں ایک قصہ بھی ہے۔

Haidth Number: 1935
فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہما کہتی ہیں کہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پا س آئی اور کہا: میں آل خالد کی اولاد ہوں، میرے شوہر نے مجھے طلاق بھجوائی ہے، میں نے اس کے گھر والوں سے خرچے اور رہائش کا مطالبہ کیا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ لوگوں نے کہا: اے اللہ کے رسول اس نے اسے تیسری طلاق بھجوائی ہے۔ فاطمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خرچہ اور رہائش کا حق عورت کے لئے اس وقت ہوتا ہے جب شوہر کو رجوع کرنے کا حق ہو

Haidth Number: 1936
مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب میں نجران آیا تو انہوں نے مجھ سے سوال کیا کہنے لگے: تم اس طرح آیت پڑھتے ہو:(مريم:٢٨) اے ہارون علیہ السلام کی بہن۔ جب کہ موسیٰ علیہ السلام تو عیسی ٰ علیہ السلام سے اتنی مدت پہلے گزر چکے تھے۔جب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس واپس آیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بارے میں پوچھا۔ آپ نے فرمایا: وہ لوگ اپنے سے پہلے انبیاء اور صالحین کے نام رکھا کرتے تھے۔

Haidth Number: 1937
ابو ہریرہ‌رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں دو کمزوروں کی حق تلفی سے منع کرتا ہوں۔ یتیم، اور عورت

Haidth Number: 1938
عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بیویوں کو اختیار دینے کا حکم دیا گیا تو آپ نے مجھ سے ابتداء کرتے ہوئے فرمایا: میں تم سے ایک بات کرنے لگا ہوں ،تم پر لازم ہے کہ جب تک اپنے والدین سے مشورہ نہ کر لوتم جلدی مت کرنا، عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں آپ کو معلوم تھا کہ میرے والدین مجھے آپ سے علیحدہ ہونے کا مشورہ نہیں دیں گے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یٰۤاَیُّہَا النَّبِیُّ قُلۡ لِّاَزۡوَاجِکَ ...(الأحزاب28-29) میں نے کہا: میں کس مسئلے میں اپنے والدین سے مشورہ کروں ؟میں تواللہ،اس کے رسول اور آخرت کا گھر چاہتی ہوں۔

Haidth Number: 1939