Blog
Books
Search Hadith

اعتکاف کا بیان

90 Hadiths Found
ابودرداء ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تم میں سے کوئی رات میں تہائی قرآن پڑھنے سے عاجز ہے ؟‘‘ صحابہ نے عرض کیا ، تہائی قرآن کیسے پڑھا جا سکتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ سورۂ اخلاص تہائی قرآن کے برابر ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2127
امام بخاری ؒ نے اسے ابوسعید ؓ سے روایت کیا ہے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2128
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ایک آدمی کو کسی لشکر کا امیر بنا کر بھیجا ، وہ اپنے ساتھیوں کو نماز پڑھاتا تو قراءت کے آخر میں سورۂ اخلاص پڑھتا ، جب وہ واپس آئے تو انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا تذکرہ کیا تو آپ نے فرمایا :’’ اس سے پوچھو کے وہ ایسے کیوں کرتا تھا ؟‘‘ انہوں نے اس سے پوچھا تو اس نے کہا : کیونکہ وہ رحمان کی صفت ہے ، اور میں اسے پڑھنا پسند کرتا ہوں ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اسے بتا دو کہ اللہ اسے پسند فرماتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2129
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں سورۂ اخلاص سے محبت کرتا ہوں ، آپ نے فرمایا :’’ بے شک تمہاری اس سے محبت ہی تمہیں جنت میں لے جائے گی ۔‘‘ ترمذی ۔ اور امام بخاری نے اس کا مفہوم بیان کیا ہے ۔ رواہ البخاری و الترمذی ۔

Haidth Number: 2130
عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تمہیں معلوم نہیں کہ آج رات ایسی آیات نازل ہوئیں کہ ان جیسی پہلے نہیں دیکھی گئیں ، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2131
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ جب نبی ﷺ اپنے بستر پر آرام کرتے تو آپ ہر رات اپنے دونوں ہاتھ اکٹھے کرتے ، پھر سورۂ اخلاص ، سورۂ فلق اور سورۂ ناس پڑھ کر ہاتھوں پر پھونک مارتے ، پھر جہاں تک ممکن ہوتا انہیں اپنے جسم پر پھیرتے ، آپ ﷺ اپنے سر ، چہرے اور اپنے جسم کے اگلے حصے پر ہاتھ پھیرتے اور آپ تین مرتبہ ایسا کرتے ۔ متفق علیہ ۔ رسول اللہ ﷺ کے معراج سے متعلق ابن مسعود ؓ سے مروی حدیث ، ہم ان شاء اللہ تعالیٰ باب المعراج میں ذکر کریں گے ۔

Haidth Number: 2132
عبدالرحمن بن عوف ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تین چیزیں روز قیامت عرش کے نیچے ہوں گی ، قرآن بندوں کی طرف سے جھگڑا کرے گا ، اس کا ظاہر بھی ہے اور باطن بھی ، اور امانت بھی ، جبکہ رحم آواز دے گا ، سن لو ! جس نے مجھے ملایا ، اللہ اسے ملائے اور جس نے مجھے قطع کیا اللہ اسے قطع کرے ۔‘‘ امام بغوی ؒ نے اسے شرح السنہ میں روایت کیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2133
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ حامل و عاملِ قرآن سے کہا جائے گا : پڑھتا جا اور چڑھتا جا ، اور ویسے ترتیل سے پڑھ جیسے تو دنیا میں ترتیل کے ساتھ پڑھا کرتا تھا ، اور تو جہاں آخری آیت پڑھے گا وہیں تیری منزل ہو گی ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی و ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 2134
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص کے پیٹ (دل) میں قرآن کا کچھ حصہ نہ ہو وہ بے آباد گھر کی طرح ہے ۔‘‘ ترمذی ، دارمی اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث صحیح ہے ۔ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2135
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ رب تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے : قرآن نے جس شخص کو میرے ذکر اور مجھ سے سوال کرنے سے مشغول رکھا ہو میں اسے اس سے بہتر عطا کرتا ہوں جو سوال کرنے والوں کو دیا جاتا ہے ، اور اللہ کے کلام کو دیگر کلاموں پر ایسے ہی برتری حاصل ہے جیسے اللہ کو اپنی مخلوق پر برتری حاصل ہے ۔‘‘ ترمذی ، دارمی ، بیہقی فی شعب الایمان ، اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2136
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص قرآن کریم کا ایک حرف پڑھتا ہے تو اسے اس کے بدلے میں ایک نیکی ملتی ہے ، اور نیکی دس گنا بڑھ جاتی ہے ، میں نہیں کہتا کہ (الم) ایک حرف ہے ، بلکہ الف ایک حرف ہے ، لام ایک حرف ہے ، میم ایک حرف ہے ۔‘‘ ترمذی ، دارمی اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ سند کے لحاظ سے غریب ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و الدارمی ۔

Haidth Number: 2137

وَعَنِ الْحَارِثِ الْأَعْوَرِ قَالَ: مَرَرْتُ فِي الْمَسْجِدِ فَإِذَا النَّاسُ يَخُوضُونَ فِي الْأَحَادِيثِ فَدَخَلْتُ عَلَى عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فَأَخْبَرْتُهُ قَالَ: أَوَقَدْ فَعَلُوهَا؟ قلت نعم قَالَ: أما إِنِّي قَدْ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُول: «أَلا إِنَّهَا سَتَكُون فتْنَة» . فَقلت مَا الْمَخْرَجُ مِنْهَا يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ: «كتاب الله فِيهِ نبأ مَا كَانَ قبلكُمْ وَخبر مَا بعدكم وَحكم مَا بَيْنكُم وَهُوَ الْفَصْلُ لَيْسَ بِالْهَزْلِ مَنْ تَرَكَهُ مِنْ جَبَّارٍ قَصَمَهُ اللَّهُ وَمَنِ ابْتَغَى الْهُدَى فِي غَيْرِهِ أَضَلَّهُ اللَّهُ وَهُوَ حَبْلُ اللَّهِ الْمَتِينُ وَهُوَ الذِّكْرُ الْحَكِيمُ وَهُوَ الصِّرَاطُ الْمُسْتَقِيمُ هُوَ الَّذِي لَا تَزِيغُ بِهِ الْأَهْوَاءُ وَلَا تَلْتَبِسُ بِهِ الْأَلْسِنَةُ وَلَا يَشْبَعُ مِنْهُ الْعُلَمَاءُ وَلَا يَخْلِقُ على كَثْرَةِ الرَّدِّ وَلَا يَنْقَضِي عَجَائِبُهُ هُوَ الَّذِي لَمْ تَنْتَهِ الْجِنُّ إِذْ سَمِعَتْهُ حَتَّى قَالُوا (إِنَّا سَمِعْنَا قُرْآنًا عَجَبًا يَهْدِي إِلَى الرُّشْدِ فَآمَنا بِهِ) مَنْ قَالَ بِهِ صَدَقَ وَمَنْ عَمِلَ بِهِ أُجِرَ وَمَنْ حَكَمَ بِهِ عَدَلَ وَمَنْ دَعَا إِلَيْهِ هُدِيَ إِلَى صِرَاطٍ مُسْتَقِيمٍ» . رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ وَالدَّارِمِيُّ وَقَالَ التِّرْمِذِيُّ: هَذَا حَدِيثٌ إِسْنَادُهُ مَجْهُولٌ وَفِي الْحَارِث مقَال

حارث اعور ؒ بیان کرتے ہیں ، میں مسجد سے گزرا تو لوگ باتوں میں مشغول تھے ، میں علی ؓ کے پاس گیا اور انہیں بتایا تو انہوں نے فرمایا : کیا انہوں نے ایسے کیا ہے ؟ میں نے کہا : جی ہاں ، انہوں نے فرمایا : سن لو ! بے شک میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ سن لو ! عنقریب فتنے پیدا ہوں گے ۔‘‘ میں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! ان سے بچنے کا کیا طریقہ ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کی کتاب ، اس میں سابقہ قوموں کے احوال اور مستقبل کے اخبار اور تمہارے مسائل کا حل ہے ، وہ فیصلہ کن ہے ، بے فائدہ نہیں ، جس نے ازراہ تکبر اسے ترک کر دیا ، اللہ نے اسے ہلاک کر ڈالا ، جس نے اس کے علاوہ کسی اور چیز سے ہدایت تلاش کرنے کی کوشش کی تو اللہ نے اسے گمراہ کر دیا ، وہ اللہ کی مضبوط رسی (یعنی وسیلہ) ہے ، وہ ذکر حکیم اور صراط مستقیم ہے ، اس کی وجہ سے خواہیش ٹیڑھی ہوتی ہیں نہ زبانیں اختلاط و التباس کا شکار ہوتی ہیں اور نہ علما اس سے سیر ہوتے ہیں ، کثرت تکرار سے وہ پرانی ہوتی ہے اور نہ ہی اس کے عجائب ختم ہوتے ہیں ، وہ ایسی کتاب ہے کہ جسے سن کر جن بے ساختہ پکار اٹھے کہ ’’ہم نے عجب قرآن سنا ہے جو رشد و بھلائی کی طرف راہنمائی کرتی ہے لہذا ہم اس پر ایمان لے آئے ۔‘‘ جس نے اس کے حوالے سے کہا ، اس نے سچ کہا ، جس نے اس کے مطابق عمل کیا وہ اجر پا گیا ، جس نے اس کے مطابق فیصلہ کیا اس نے عدل کیا اور جس نے اس کی طرف بلایا وہ صراط مستقیم کی طرف ہدایت پا گیا ۔‘‘ ترمذی ، دارمی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : اس حدیث کی سند مجہول ہے اور حارث پر کلام کیا گیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ۔

Haidth Number: 2138
معاذ جہنی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص نے قرآن پڑھا اور اس کے مطابق عمل کیا تو روز قیامت اس کے والدین کو ایک تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی تمہارے دنیا کے گھروں میں چمکنے والے سورج کی روشنی سے زیادہ اچھی ہو گی ، تمہارا اس شخص کے بارے میں کیا خیال ہے جس نے اس کے مطابق عمل کیا ہو ! ‘‘ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2139
عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ اگر قرآن کو چمڑے میں رکھ کر آگ میں ڈال دیا جائے تو وہ جلے گا نہیں ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الدارمی ۔

Haidth Number: 2140
علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے قرآن پڑھا ، اسے یاد کیا اور اس کے حلال کو حلال اور اس کے حرام کو حرام جانا تو اللہ اسے جنت میں داخل فرمائے گا اور اس کے اہل خانہ کے ان دس افراد کے بارے میں اس کی سفارش قبول فرمائے گا جن پر جہنم واجب ہو چکی تھی ۔‘‘ احمد ، ترمذی ، ابن ماجہ ، دارمی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، اور حفص بن سلیمان راوی قوی نہیں ، وہ حدیث میں ضعیف سمجھا جاتا ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ۔

Haidth Number: 2141
ابوہریرہ ؓ بیان کرتےہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ابی بن کعب ؓ سے فرمایا :’’ تم نماز میں کیسے قراءت کرتے ہو ؟‘‘ انہوں نے سورۂ فاتحہ پڑھی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! اس جیسی سورت تورات و انجیل میں اتری ہے نہ زبور و قرآن (یعنی باقی قرآن) میں ، وہ سبع مثانی اور قرآن عظیم ہے جو مجھے دیا گیا ہے ۔‘‘ ترمذی اور امام دارمی نے ((ماانزلت)) کے الفاظ سے حدیث بیان کی ہے اور انہوں نے ابی بن کعب کا ذکر نہیں کیا ، اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 2142
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ قرآن سیکھو اور اسے پڑھو ، کیونکہ قرآن سیکھنے والا ، اسے پڑھنے اور اس کا اہتمام کرنے والا کستوری سے بھری ہوئی تھیلی کی مانند ہے جس کی خوشبو ہر جگہ پھیل جاتی ہے ، اور جس نے اسے سیکھا لیکن سویا رہا حالانکہ وہ حافظ ہے تو وہ کستوری کی بند تھیلی کی طرح ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و النسائی و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2143
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص سورۂ مومن کی پہلی آیات (الیہ المصیر) تک اور آیۃ الکرسی صبح کے وقت پڑھتا ہے تو وہ ان کے سبب شام تک محفوظ رہے گا ۔ اور جو شخص شام کے وقت انہیں پڑھے گا تو وہ ان کی وجہ سے صبح ہونے تک محفوظ رہے گا ۔‘‘ ترمذی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2144
نعمان بن بشیر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک اللہ نے زمین و آسمان کی تخلیق سے دو ہزار سال پہلے ایک کتاب لکھی ، اس سے دو آیتیں اتار کر سورۂ بقرہ کو مکمل کیا گیا ، اور جس گھر میں انہیں تین رات پڑھا جائے تو شیطان اس (گھر) کے قریب نہیں آتا ۔‘‘ ترمذی ، دارمی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و الدارمی ۔

Haidth Number: 2145
ابودرداء ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص سورۂ کہف کی پہلی تین آیتیں پڑھتا ہے وہ فتنہ دجال سے محفوظ رہے گا ۔‘‘ ترمذی ۔ اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 2146
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ہر چیز کا دل ہوتا ہے اور قرآن کا دل سورۂ یٰسین ہے ، جو شخص ایک مرتبہ سورۂ یٰسین پڑھتا ہے تو اس کی قراءت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس کے لیے دس مرتبہ قرآن پڑھنے کا ثواب لکھ دیتا ہے ۔‘‘ ترمذی ، دارمی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2147
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کی تخلیق سے ہزار برس پہلے سورۂ طہ اور سورۂ یٰسین کی تلاوت فرمائی ، جب فرشتوں نے قرآن سنا تو انہوں نے کہا : اس امت کے لیے خوشخبری ہو جس پر یہ اتارا جائے گا ، ان مبارک دلوں کے لیے خوشخبری ہو جو اسے یاد کریں گے ، اور اسے پڑھنے والی زبان کے لیے خوشخبری ہو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف جذا موضوع ۔

Haidth Number: 2148
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص رات کے وقت سورت حٰم الدخان کی تلاوت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے اس کے لیے مغفرت طلب کرتے ہیں ۔‘‘ ترمذی ۔ اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، عمر بن ابی خثعم راوی کو ضعیف قرار دیا گیا ہے ، اور محمد یعنی امام بخاری ؒ نے فرمایا : وہ منکر الحدیث ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ۔

Haidth Number: 2149
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص شب جمعہ کو سورۂ دخان کی تلاوت کرتا ہے تو اسے بخش دیا جاتا ہے ۔‘‘ ترمذی ۔ اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، نیز ہشام ابوالمقدام راوی کو ضعیف قرار دیا گیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ۔

Haidth Number: 2150
عرباض بن ساریہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺسونے سے پہلے مسبحات (سورۂ الاسراء ، الحدید ، الحشر ، الصّف ، الجمعہ ، التغابن اور الاعلی) کی تلاوت کیا کرتے تھے ، آپ ﷺ فرمایا کرتے تھے :’’ ان میں ایک آیت ہے جو کہ ہزار آیات سے بہتر ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2151
امام دارمی ؒ نے خالد بن معدان سے اسے مرسل روایت کیا ہے ، اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن غریب ہے ۔ حسن ، رواہ الدارمی ۔

Haidth Number: 2152
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ قرآن میں تیس آیات کی ایک سورت ہے اس نے ایک آدمی کے بارے میں سفارش کی حتیٰ کہ اسے بخش دیا گیا اور وہ سورۃ الملک ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی و ابوداؤد و النسائی و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2153
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ کے ایک صحابی نے کسی قبر کی جگہ پر اپنا خیمہ نصب کیا جبکہ انہیں پتہ نہیں تھا وہ قبر ہے ، اس میں ایک انسان سورۃ الملک پڑھ رہا تھا حتیٰ کہ اس نے اسے مکمل کیا ، پس وہ نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ کو اس کے متعلق بتایا تو نبی ﷺ نے فرمایا :’’ یہ مانعہ ‘‘ اور ’’ منجیہ ‘‘ ہے اسے اللہ کے عذاب سے بچائے گی ۔‘‘ ترمذی اور فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2154
جابر ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ، سورۃ السجدہ اور سورۃ الملک پڑھے بغیر نہیں سوتے تھے ۔ احمد ، ترمذی ، دارمی اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث صحیح ہے ۔ شرح السنہ میں بھی اسی طرح ہے ۔ جبکہ مصابیح میں ہے کہ یہ غریب ہے ۔ سندہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2155
ابن عباس ؓ اور انس بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سورۃ الزلزال نصف قرآن کے برابر ہے ، سورۃ الاخلاص تہائی قرآن کے برابرہے اور سورۃ الکافرون چوتھائی قرآن کے برابر ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ۔

Haidth Number: 2156