Blog
Books
Search Hadith

سورۂ اخلاص کی فضیلت کا بیان

14 Hadiths Found
۔ سیدنا ابی بن کعب ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ یا کسی انصاری صحابی سے مروی ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: جس نے سورۂ {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ }پڑھی، گویا اس نے ایک تہائی قرآن مجید پڑھا۔

Haidth Number: 8857
۔ سیدنا عبداللہ بن عمرو ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا ابوایوب ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ایک مجلس میںتھے،انہوںنے کہا: کیا تم میں سے کوئی آدمی ہر رات کو ایک تہائی قرآن مجید کے ساتھ قیام کرنے کی طاقت نہیں پاتا؟ انہوں نے کہا: کیا کسی کو اتنی طاقت بھی ہو سکتی ہے؟ انھوں نے کہا: سورۂ اخلاص ایک تہائی قرآن ہے، اتنے میں نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم تشریف لائے اور آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ابو ایوب کو سن کر فرمایا: ابو ایوب سچ کہہ رہا ہے۔

Haidth Number: 8858
۔ سیدنا ابو امامہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ایک آدمی کے پاس سے گزرے، وہ سورۂ اخلاص کی تلاوت کر رہا تھا۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اس کے لئے جنت واجب ہو گئی ہے۔

Haidth Number: 8859
۔ سیدنا ابو درداء ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: کیا تم میں سے کسی سے یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ ایک رات میں قران پاک کا تیسرا حصہ پڑھے؟ لوگوں نے کہا: ہم تو اس سے بہت کمزور اور بے بس ہیں، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی نے قرآن مجید کے تین اجزاء بنائے ہیں، ان میں سے ایک جزو سورۂ اخلاص کو قرار دیا ہے۔

Haidth Number: 8860
Haidth Number: 8861
۔ سیدنا ابو ایوب سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: کیا تم میں سے کوئی پسند کرتا ہے کہ ایک رات میں قرآن مجید کا تیسرا حصہ تلاوت کرے، پس جس نے رات کو سورۂ اخلاص کی تلاوت کی، اس نے اس رات کو قرآن کا تیسرا حصہ تلاوت کرلیا۔

Haidth Number: 8862
۔ سیدنا انس بن مالک ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی، نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے پاس آیا اور کہا: میں اس سورۂ اخلاص سے محبت کرتا ہوں، نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اس محبت نے تجھے جنت میں داخل کر دیا۔

Haidth Number: 8863
۔ سیدنا ابو سعیدخدری ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا قتادہ بن نعمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے ساری رات سورۂ {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}کی تلاوت کی، پھر جب اس کا ذکر نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے کیا تو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میںمیری جان ہے! یہ سورت قرآن مجید کے نصف یا ایک تہائی حصے کے برابر ہے۔

Haidth Number: 8864
۔ سیدنا ابو سعید خدری ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: کیا تم اس سے بے بس ہو کہ ایک رات میں قرآن مجید کا تیسرا حصہ پڑھ لو؟ صحابہ کرام پر یہ بات گراں گزری اور انہوں نے کہا: اس عمل کی کون طاقت رکھتاہے؟ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}پڑھ لیا کرو، پس یہ ایک تہائی قرآن ہی ہے۔

Haidth Number: 8865
۔ سیدنا ابو مسعود بدری انصاری ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بھی نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی اسی طرح کی حدیث بیان کرتی ہیں۔

Haidth Number: 8866
۔ سیدنا ابو ہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: جمع ہو جائو، میں تم پر قرآن مجید کا ایک تہائی حصہ تلاوت کرنے والا ہوں۔ جب جمع ہونے والے جمع ہو گئے، تو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم باہر تشریف لائے اور {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}کی تلاوت کی، پھر آپ اندر تشریف لے گئے، ہم ایک دوسرے سے کہنے لگے: کوئی آسمان سے خبر آئی ہے، اس کی وجہ سے گھر چلے گئے ہیں، پھر آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم باہر تشریف لائے اور فرمایا: میں نے تم سے کہا تھا کہ میں تم پر قرآن مجید کا تیسرا حصہ تلاوت کروں گا،اور یہ سورت ایک تہائی قرآن کے برابر ہے (جو میں نے تم پر پڑھ دی ہے)۔

Haidth Number: 8867
۔ سیدنا ابو ہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ایک آدمی کو سنا وہ {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} پڑھ رہا تھا، یہاں تک کہ اس نے اس سورت کو مکمل کر لیا،آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: واجب ہو گئی ہے۔ کسی نے کہا: اے اللہ کے رسول! کیا واجب ہو گئی؟ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایاـ جنت واجب ہوگئی۔ سیدنا ابو ہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: میں نے ارادہ کیا کہ میں اس قاری کو خوشخبری دوں، لیکن میں نے نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے ساتھ مل کر کھانا کھانے کو ترجیح دی، کیونکہ مجھے خدشہ تھا کہ کہیں رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے ساتھ کھانا کھانے سے محروم نہ ہو جائوں، لیکن کھانا کھانے کے بعد جب میں اس آدمی کی طرف آیا تو وہ وہاں سے جا چکا تھا۔

Haidth Number: 8868
۔ سیدنا معاذ بن انس جہنی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے، نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: جو شخص {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} یعنی سورۂ اخلاص آخر تک دس مرتبہ پڑھے گا، اللہ تعالی اس کے لیے جنت میں ایک محل تعمیر کرے گا۔ سیدنا عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! پھر تو میںبہت سے محلات حاصل کر سکتا ہوں۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی بھی بہت کثرت والا اور بہت عمدہ عطا کرنے والا ہے۔

Haidth Number: 8869
۔ سیدنا ابو مسعود انصاری ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: سورۂ اخلاص ایک تہائی قرآن مجید کے برابر ہے۔

Haidth Number: 8870