اَلْجَارُ: (پڑوسی۔ ہمسایہ) ہر وہ شخص جس کی سکونت گاہ دوسرے کے قرب میں ہو وہ اس کا جَارٌ کہلاتا ہے۔ یہ ’’اسماء متضایفہ‘‘ یعنی ان الفاظ سے ہے جو ایک دوسرے کے تقابل سے اپنے معنی دیتے ہیں جیساکہ اَخٌ اور صَدِیْقٌ کے الفاظ ہیں (کہ اخوت اور صداقت دونوں جانب سے ہوتی ہے) کیونکہ کسی کا پڑوسی ہونا اسی وقت متصور ہوسکتا ہے کہ جب دوسرا بھی اس کا پڑوسی ہو۔ چونکہ ہمسائے کا حق عقلاً اور شرعاً بہت بڑا حق سمجھا گیا ہے اس بنا پر ہر وہ شخص جس کا حق بڑا ہو یا وہ کسی دوسرے کے حق کو بڑا خیال کرتا ہو اسے اس کا ’’جَارٌ‘‘ کہہ دیتے ہیں قرآن پاک میں ہے: (الۡجَارِ ذِی الۡقُرۡبٰی وَ الۡجَارِ الۡجُنُبِ) (۴:۳۶) اور رشتہ دار ہمسایہ اور اجنبی ہماسیوں۔ اِسْتَجَرْتُہٗ فَاَجَارَنِیْ: میں نے اس سے پناہ طلب کی چنانچہ اس نے مجھے پناہ دے دی (1) چنانچہ آیت کریمہ ہے: (وَ اِنِّیۡ جَارٌ لَّکُمۡ ) (۸:۴۸) اور تمیں تمہارا حامی اور مددگار ہوں۔ میں جَارٌ اسی معنی پر محمول ہے نیز فرمایا: (وَّ ہُوَ یُجِیۡرُ وَ لَا یُجَارُ عَلَیۡہِ ) (۲۳:۸۸) اور وہ پناہ دیتا ہے اور اس کے بالمقابل کوئی کوئی پناہ نہیں دے سکتا۔ اور جَارٌ میں معنیٰ قرب کے تصور کی بنا پر جَارَہٗ وَجَاوَرَہٗ وَتَجَاوَرَ (افعال) استعمال ہونے لگے ہیں، یعنی کسی کے قرب و جوار میں رہنا قرآن پاک میں ہے: (لَا یُجَاوِرُوۡنَکَ فِیۡہَاۤ اِلَّا قَلِیۡلًا) (۳۳:۶۰) ہو اس (شہر) میں عرصہ قلیل کے سوا تمہارے ہمسایہ بن کر نہیں رہ سکیں گے۔ (وَ فِی الۡاَرۡضِ قِطَعٌ مُّتَجٰوِرٰتٌ) (۱۳:۴) اور زمین میں ایک دوسرے سے متصل قطعات ہیں۔ اور معنیٰ قرب کے اعتبار سے جَارَعَنْ الطَّرِیْقِ کا محاوہ استعمال ہوتا ہے جس کے معنی (صلہ عن کی وجہ سے راستہ سے ایک جانب مائل ہوجانے کے ہیں پھر مطلقاً حق سے عدول کرنے کے لیے اس کو اصل قرار دے کر اس سے اَلْجَوْرُ بمعنی ظلم بنایا گیا ہے۔ قرآن میں ہے: (وَ مِنۡہَا جَآئِرٌ ) (۱۶:۹) اور بعض راستے سیدھی راہ سے ایک جانب مائل ہو رہے ہیں (جو باری تعالیٰ تک نہیں پہنچتے) بعض نے کہا ہے کہ اَلْجَائِرُ (جَور سے صیغہ فاعل) انسانوں میں سے ہر اس شخص کو کہتے ہیں جو احکام شریعت کے التزام سے رک جائے (اور اسی کا نام ظلم ہے) ۔
Words | Surah_No | Verse_No |
اسْتَجَارَكَ | سورة التوبة(9) | 6 |
جَارٌ | سورة الأنفال(8) | 48 |
جَاۗىِٕرٌ | سورة النحل(16) | 9 |
فَاَجِرْهُ | سورة التوبة(9) | 6 |
مُّتَجٰوِرٰتٌ | سورة الرعد(13) | 4 |
وَالْجَارِ | سورة النساء(4) | 36 |
وَالْجَارِ | سورة النساء(4) | 36 |
وَيُجِرْكُمْ | سورة الأحقاف(46) | 31 |
يُجَارُ | سورة المؤمنون(23) | 88 |
يُجَاوِرُوْنَكَ | سورة الأحزاب(33) | 60 |
يُجِيْرُ | سورة المؤمنون(23) | 88 |
يُّجِيْرَنِيْ | سورة الجن(72) | 22 |
يُّجِيْرُ | سورة الملك(67) | 28 |