اَلْوَادِیْ:اصل میں اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں پانی بہتا ہو اسی سے دو پہاڑوں کے درمیان کشادہ زمین کو وادی کہا جاتا ہے۔قرآن پاک میں ہے:۔ (اِنَّکَ بِالۡوَادِ الۡمُقَدَّسِ طُوًی) (۲۰۔۱۲) تم (یہاں) پاک میدان (یعنی) طوی میں ہو۔اس کی جمع اَوْدِیَۃٌ آتی ہے جیسے نَادِ کی جمع اَنْدَیَۃٌ اور نَاجِ کی جمع اَنْجِیَۃٌ چنانچہ قرآن پاک میں ہے:۔ (فَسَالَتۡ اَوۡدِیَۃٌۢ بِقَدَرِہَا) (۱۳۔۱۷) پھر اس سے اپنے اپنے انداز کے مطابق نالے بہہ نکلے۔اور حدیث میں ہے۔ (1) (۱۳۷) (لَوْکَانَ لِاِبْنِ اٰدَمَ وَادِیَانِ مِنْ ذَھَبٍ لَّابْتَغٰی ثَالِثًا) کہ اگر ابن آدم کے پاس سونے کی دو وادیاں ہوں تو وہ تیسری کا خواہش مند ہوگا۔اور استعارہ کے طور پر مذہب،طریقہ اور اسلوب بیان کو وادی کہا جاتا ہے۔چنانچہ محاورہ ہے۔ (فُلَانٌ فِیْ وَادٍ غَیْرِ وَادِیْکَ) کہ فلاں کا مسلک تجھ سے جداگانہ ہے اور قرآن پاک نے شعراء کی مذمت کرتے ہوئے ان کے متعلق کہا ہے۔ (اَلَمۡ تَرَ اَنَّہُمۡ فِیۡ کُلِّ وَادٍ یَّہِیۡمُوۡنَ ) (۲۶۔۲۲۵) کیا تم نے نہیں دیکھا کہ وہ ہر وادی میں سرمارتے پھرتے ہیں۔تو یہاں فِیْ کُلِّ وَادً سے مختلف اسالیب سخن مراد ہیں جیسے مدح،ہجو،جدل، غزل وغیرہ چنانچہ شاعر نے کہا ہے۔ (2) (۴۴۵) (اِذَا مَاقَطَعْنَا وَادِیًا مِنْ حَدِیْثِنَا اِلٰی غَیْرِہ زِدْنَا الْاَحَادِیْثَ وَادِیًا جب ہم موضوع سخن کی ایک وادی کو قطع کرلیتے ہیں تو دوسری وادی میں داخل ہوجاتے ہیں اور کنایہ کے طور پر مرد کی اس رطوبت کو وَدْیٌ کہا جاتا ہے جو عورت سے لذت اندوزی کے وقت یا پیشاب کے بعد خارج ہوتی ہے اور اَمْذٰی وَامْنٰی کی طرح اودی (افعال) کے معنی نر کا ودی (رطوبت) خارج کرنے کے ہیں اور یہ مَنٰی وَاَمْنٰی کی طرح مجردومزید فیہ دونوں طرح بولا جاتا ہے۔ اَلْوَدِیُّ:چھوٹے پودے کو کہتے ہیں کیونکہ وہ پانی کی طرح طول میں بڑھتا چلاجاتا ہے۔اَوْدَاہُ کے معنی ہلاک کرنے کے ہیں گویا اس کے خون کو بہادیا اسی سے وَدَیْتُ الْقَتِیْلَ کا محاورہ ہے جس کے معنی مقتول کا خون بہا ادا کرنے کے ہیں اور دِیَۃٌ اس مال کو کہتے ہیں جو مقتول کی جان کے عوض قاتل کی طرف سے دیا جاتا ہے۔قرآن پاک میں ہے:۔ (وَّ دِیَۃٌ مُّسَلَّمَۃٌ اِلٰۤی اَہۡلِہٖۤ ) (۴۔۹۲) تو وارثان مقتول کو خون بہادینا۔
Words | Surah_No | Verse_No |
الْوَادِ | سورة القصص(28) | 30 |
اَوْدِيَةٌۢ | سورة الرعد(13) | 17 |
اَوْدِيَــتِهِمْ | سورة الأحقاف(46) | 24 |
بِالْوَادِ | سورة طه(20) | 12 |
بِالْوَادِ | سورة النازعات(79) | 16 |
بِالْوَادِ | سورة الفجر(89) | 9 |
بِوَادٍ | سورة إبراهيم(14) | 37 |
فَدِيَةٌ | سورة النساء(4) | 92 |
وَادٍ | سورة الشعراء(26) | 225 |
وَادِ | سورة النمل(27) | 18 |
وَادِيًا | سورة التوبة(9) | 121 |
وَّدِيَةٌ | سورة النساء(4) | 92 |