Blog
Books
Search Quran
Lughaat

اَلطَّرْف: کے معنی کسی چیز کا کنارہ اور سرا کے ہیں اور یہ اجسام اور اوقات وغیرہما کے متعلق استعمال ہوتا ہے۔ قرآن پاک میں ہے: (فَسَبِّحۡ وَ اَطۡرَافَ النَّہَارِ) (۲۰:۱۳۰) اور اس کی تسبیح بیان کرو اور دن کے اطراف میں ۔ (اَقِمِ الصَّلٰوۃَ طَرَفَیِ النَّہَارِ) (۱۱:۱۱۴) اور دن کے دونوں سروں (یعنی صبح اور شام کے اوقات میں ) نماز پڑھا کرو۔ اور اس سے بطور استعارہ نجیب الطرفین کو کَرِیْمُ الطَّرْفَیْنَ کہا جاتا ہے۔ بعض نے کہا ہے کہ طَرْفَیْنَ کے معنی زبان اور ستر کے ہیں اور یہ عفت کی طرف اشارہ ہے۔ طَرْفُ الْعَیْنِ: آنکھ کی پلک۔ اور اَلطَّرْفُ کے اصل معنی پلک جھپکنے کے ہیں اور پلک جھپکنے کو دیکھنا لازم ہے اس لیے الطَّرْف کے معنی دیکھنا بھی آجاتا ہے۔ قرآن پاک میں ہے: (قَبۡلَ اَنۡ یَّرۡتَدَّ اِلَیۡکَ طَرۡفُکَ) (۲۷:۴۰) میں آپ کی آنکھ جھپکنے سے پہلے پہلے، اور آیت کریمہ: (فِیۡہِنَّ قٰصِرٰتُ الطَّرۡفِ) (۵۵:۵۶) ان میں نیچی نگاہ والی عورتیں ہیں، میں قَاصَرَاتُ الطَّرْفٍ کے معنی یہ ہیں کہ عفیف ہونے کی وجہ سے ان کی نگاہیں ہمیشہ نیچے جھکی رہتی ہیں۔ طُرِفَ فُلَانٌ اس کی نظر کو صدمہ پہنچا، اور آیت کریمہ: (لِیَقۡطَعَ طَرَفًا) (۳:۱۲۷) تاکہ ایک جماعت کو ہلاک کردے میں قطع کرنے کو ایک طرف کے ساتھ مخصوص کرنے کی وجہ یہ ہے کہ کسی چیز کو نابود کرنے کے لیے اس کی جانب سے شروع ہوا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ آیت: (نَنۡقُصُہَا مِنۡ اَطۡرَافِہَا) (۱۳:۴۱) ہم زمین کو اس کے کناروں سے کم کرتے چلے آتے ہیں میں بھی کم کرنے کو اطراف کے ساتھ مخصوص کیا ہے۔ اَلطِّرَافُ: کے معنی چرمی خیمہ کے ہیں، جس کے اطراف کو اوپر اٹھا دیا جاتا ہے۔ مِطْرَفُ الْخَزِّ وَمُطْرَفٌ منقش چادر جس کے کنارے ریشمی ہوں۔ ج مَطَارِفُ۔ اَطْرَفْتُ مَالاً: میں نے تازہ مال حاصل کیا۔ نَاقَۃٌ طَرِفَۃٌ وَمُسْتَطْرِفَۃٌ وہ اونٹنی جو اونٹ کی طرح چراگاہ کے اطراف سے گھاس کھائے اور جو گھاس وہ جانور کھاتا ہے اسے طَرِیْفٌ کہا جاتا ہے اور طَرِیْفٌ کے معنی نیا حاصل کردہ مال بھی آتے ہیں۔ نیز جو شخص ایک عورت پر صبر نہ کرے اسے بھی طَرِیْفٌ کہہ دیتے ہیں۔ اَلطِّرْفُ: عمدہ نسل کا گھوڑا جس کے حسن کے سبب اس کی طرف نگاہیں اٹھتی ہوں دراصل طِرْفٌ بمعنی مَطْرُوْفٌ آتا ہے۔ یعنی جسے نظر اٹھا کر دیکھا جائے جیساکہ نِقْضٌ بمعنی مَنْقُوْضٌ آجاتا ہے اسی اعتبار سے خوبصورت چیز کو جس پر نظر جم جائے اسے قَیْدُ النَّوَاظِرِ کہا جاتا ہے۔

Words
Words Surah_No Verse_No
الطَّرْفِ سورة الصافات(37) 48
الطَّرْفِ سورة ص(38) 52
الطَّرْفِ سورة الرحمن(55) 56
اَطْرَافِهَا سورة الرعد(13) 41
اَطْرَافِهَا سورة الأنبياء(21) 44
طَرَفًا سورة آل عمران(3) 127
طَرَفَيِ سورة هود(11) 114
طَرْفٍ سورة الشورى(42) 45
طَرْفُكَ سورة النمل(27) 40
طَرْفُهُمْ سورة إبراهيم(14) 43
وَاَطْرَافَ سورة طه(20) 130