Blog
Books
Search Quran
Lughaat

اَلْحَوْرُ: (ن) کے اصل معنیٰ پلٹنے کے ہیں خواہ وہ پلٹنا بلحاظ ذات کے ہو یا بلحاظ فکر کے اور آیت کریمہ: (اِنَّہٗ ظَنَّ اَنۡ لَّنۡ یَّحُوۡرَ ) (۸۴:۱۴) اور خیال کرتا تھا کہ (خدا کی طرف) پھر کر نہیں آئے گا۔ میں لَنْ یَّحُوْر سے دوبارہ زندہ ہوکر اٹھنا مراد ہے جیساکہ دوسری آیت میں فرمایا: (زَعَمَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَنۡ لَّنۡ یُّبۡعَثُوۡا ؕ قُلۡ بَلٰی وَ رَبِّیۡ لَتُبۡعَثُنَّ ) (۶۴:۷) جو لوگ کافر ہیں ا ن کا اعتقاد یہ ہے کہ وہ (دوبارہ) ہرگز نہیں اٹھائے جائیں گے۔ کہدو کہ ہاں ہاں! میرے پروردگار کی قسم! تم ضرور اٹھائے جاؤگے۔ حَارَالْمَائُ فِی الْغَدِیْرِ: پانی کا حوض میں گھومنا۔ حَارَ فِیْ اَمْرِہٖ: کسی معاملہ میں متحیر ہونا۔ اسی سے مِحْوَرٌ ہے۔ یعنی وہ لکڑی جس پر چرخی گھومتی ہے اور گھومنے کے معنیٰ کے لحاظ سے کہا جاتا ہے۔ سَیْرُ السَّوَانِیْ اَبَدًا لَّا یَنْقَطِعُ کہ پانی کھینچنے والے اونٹ ہمیشہ چلتے رہتے ہیں۔ مَحَارَۃُ الْاُذُنِ کان کا گڑھا۔ یہ مَحَارَۃُ الْمَائِ کے ساتھ تشبیہ کے طور پر بولا جاتا ہے کیونکہ اس میں آواز سے ہوا اس طرح چکر کاٹتی ہے۔ جیسے گڑھے میں پانی گھومتا ہے۔ اَلْقَومُ فِی حَوَارٍ یعنی زیادتی کے بعد نقصان کی طرف لوٹ رہے ہیں حدیث میں ہے (1) (۱۰۱) نَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الْحَوْرِ بَعْدَ الْکَوْرِ: ہم زیادتی کے بعد کمی سے اﷲ کی پناہ مانگتے ہیں۔ یا کسی کام کا عزم کرلینے کے بعد اس میں تردد سے خدا کی پناہ مانگتے ہیں اسی طرح کہا جاتا ہے (مثل) حَارَبَعدَ مَاکَارَ: زیادہ ہونے کے بعد کم ہوگیا۔ اَلْمَحَاوَرَۃُ وَالحِوَارُ: ایک دوسرے کی طرف کلام لوٹانا اسی سے تَحَاوُرٌ (تبادلہ گفتگو) ہے قرآن پاک میں ہے۔ (وَ اللّٰہُ یَسۡمَعُ تَحَاوُرَکُمَا) (۵۸:۱) اور خدا تم دونوں کی گفتگو سن رہا تھا۔ کَلَّمْتُہٗ فَمَا رَجَعَ اِلٰی حَوَارٍ اَوْ حَوِیْر اَوْ مَحْوَرَۃٍ: میں نے اس سے بات کی لیکن اس نے کوئی جواب نہ دیا۔ مَایَعِیْشُ بِاَحْوَرَ وہ عقل مندی سے زندگی بسر نہیں کررہا ہے۔ اور آیت کریمہ: (حُوۡرٌ مَّقۡصُوۡرٰتٌ فِی الۡخِیَامِ) (۵۵:۷۲) وہ حوریں ہیں جو خیموں میں مستور ہیں۔ (وَ حُوۡرٌ عِیۡنٌ) (۵۶:۲۲) اور بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں۔ میں حُوْرٌ اَحْوَرٌ اور حَوْرَائُ کی جمع ہے اور حَوْرٌ سے ماخوذ ہے جس کے معنی بقول بعض آنکھ کی سیاہی میں تھوڑی سی سفیدی ظاہر ہونے کے ہیں۔ کہا جاتا ہے۔ اِحْوَرَّتْ عینُہٗ: یعنی اس کی آنکھ بہت سیاہی اور سفیدی والی ہے۔ اور یہ آنکھ کا انتہائی حسن سمجھا جاتا ہے۔ جو اس سے مقصود ہوسکتا ہے۔ حَوَّرْتُ الشَّیْئَ: کسی چیز کو گھمانا۔ سفید کرنا (کپڑے کا) اسی سے اَلْخُبْزُ الْحَوَّار ہے جس کے معنی میدے کی روٹی کے ہیں عیسیٰ علیہ السلام کے انصار و اصحاب کو حَوَّارِیِّیْنَ کہا جاتا ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ وہ قصّار یعنی دھوبی تھے اور بعض نے کہا ہے کہ وہ صیاد یعنی شکاری تھے۔ بعض علماء کا خیال ہے کہ ان کو حواری اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ لوگوں کو علمی اور دینی فائدہ پہنچا کر گناہوں کی میل سے اپنے آپ کو پاک کرتے تھے جس پاکیزگی کی طرف کہ آیت: (اِنَّمَا یُرِیۡدُ اللّٰہُ لِیُذۡہِبَ عَنۡکُمُ الرِّجۡسَ اَہۡلَ الۡبَیۡتِ وَ یُطَہِّرَکُمۡ تَطۡہِیۡرًا ) (۳۳:۳۳) میں اشارہ پایا جاتا ہے۔ اس بنا پر انہیں تمثیل اور تشبیہ کے طور پر قَصّارٌ کہہ دیا گیا ہے ورنہ اصل میں وہ دھوبی پن کا کام نہیں کرتے تھے۔ اور اس سے وہ شخص مراد لیا جاتا ہے جو معرفت حقائق کی بنا پر عوام میں متداول پیشوں میں سے کوئی پیشہ اختیار نہ کرے اسی طرح ان کو صیاد اس لئے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو حیرت سے نکال کر حق کی طرف لاکر گویا ان کا شکار کرتے تھے۔ آنحضرت ﷺ نے حضرت زبیر رضی اﷲ عنہ کے متعلق فرمایا: (2) : (۱۰۲) الزبیر ابن عمتی و حواریَّ کہ زبیر میرا پھوپھی زاد بھائی اور حواری ہے نیز فرمایا: (3) (۱۰۳) لِکُلِّ نَبِیِّ حَوَارِیٌّ وَحَوَارِیَّ الزبیر کہ ہر نبی کا کوئی نہ کوئی حواری رہا ہے اور میرا حواری زبیر رضی اﷲ عنہ ہے۔ اس روایت میں حضرت زبیر رضی اﷲ عنہ کو حواری کہنا محض نصرت اور مدد کے لحاظ سے ہے۔ جیساکہ عیسیٰ علیہ السلام نے کہا تھا۔ (مَنۡ اَنۡصَارِیۡۤ اِلَی اللّٰہِ ؕ قَالَ الۡحَوَارِیُّوۡنَ نَحۡنُ اَنۡصَارُ اللّٰہِ ) (۱۶:۱۴) بھلا کون ہیں جو خدا کی طرف (بلانے میں) میرے مددگار ہوں۔ حواریوں نے کہا ہم خدا کے مددگا رہیں۔

Words
Words Surah_No Verse_No
الْحَــوَارِيُّوْنَ سورة الصف(61) 14
الْحَوَارِيُّوْنَ سورة آل عمران(3) 52
الْحَوَارِيُّوْنَ سورة المائدة(5) 112
الْحَوَارِيّٖنَ سورة المائدة(5) 111
بِحُوْرٍ سورة الدخان(44) 54
بِحُوْرٍ سورة الطور(52) 20
تَحَاوُرَكُمَا سورة المجادلة(58) 1
حُوْرٌ سورة الرحمن(55) 72
لِلْحَوَارِيّٖنَ سورة الصف(61) 14
وَحُوْرٌ سورة الواقعة(56) 22
يَّحُوْرَ سورة الانشقاق(84) 14
يُحَاوِرُهٗٓ سورة الكهف(18) 34
يُحَاوِرُهٗٓ سورة الكهف(18) 37