اَلْاَلِفُ : حروف تہجی کا پہلا حرف ہے اور اَلْاَلِفُ (ض) کے معنی ہیں : ہم آہنگی کے ساتھ جمع ہونا۔ محاورہ ہے : اَلَّفْتُ بَیْنَھُمْ میں نے ان میں ہم آہنگی پیدا کردی اور اسی سے اُلْفَۃٌ (بمعنی محبت) ہے اور کبھی ہر مألوف چیز کو اِلٰفٌ وآلِفٌ کہہ دیا جاتا ہے۔ قرآن پاک میں ہے : ( اِذۡ کُنۡتُمۡ اَعۡدَآءً فَاَلَّفَ بَیۡنَ قُلُوۡبِکُمۡ ) (۳:۱۰۳) جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اس نے تمہارے دلوں میں الفت ڈال دی۔ (لَوۡ اَنۡفَقۡتَ مَا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا مَّاۤ اَلَّفۡتَ بَیۡنَ قُلُوۡبِہِمۡ ) (۸:۶۳) اگر تم دنیا بھر کی دولت خرچ کرتے تب بھی ان کے دلوں میں الفت پیدا نہ کرسکتے۔ اور مُؤَلَّفٌ اس مجموعہ کو کہتے ہیں جس کے مختلف اجزاء کو یکجا جمع کردیا گیا ہو اور ہر جزء کو تقدیم و تاخیر کے لحاظ سے اس کی صحیح جگہ پر رکھا گیا ہو۔ اور آیت کریمہ : (لِاِیۡلٰفِ قُرَیۡشٍ ) (۱۰۶:۱) قریش کے مالوف کرنے کے سبب میں اِیْلَافٌ (افعال کا) مصدر ہے او رآیت : (وَ الۡمُؤَلَّفَۃِ قُلُوۡبُہُمۡ ) (۹:۶۰) ان لوگوں کا جن کی تالیف قلوب منظو رہے۔ میں مُؤَلَّفَۃُ الْقُلُوْب سے مراد وہ لوگ ہیں جن کی بہتری کا خیال رکھا جائے حتی کہ وہ ان لوگوں کی صف میں داخل ہوجائیں جن کے وصف میں قرآن پاک نے (لو انفقت ما فی الارص جمیعا ما الفت بین قلوبھم) فرمایا ہے یعنی مخلص مسلمان ہوجائیں۔ اَوَالِفُ الطَّیْرِ : مانوس پرندے جو گھروں میں رہتے ہیں۔ اَلْاَلْفُ : ایک خاص عدد (ہزار) کا نام ہے اور اسے اَلْفٌ اس لیے کہا جاتا ہے کہ اس میں اعداد کے تمام اقسام جمع ہوجاتے ہیں کیونکہ اعداد کی چار قسمیں ہیں۔ اکائی، دہائی، سینکڑہ، ہزار تو اَلْف میں یہ سب اعداد جمع ہوجاتے ہیں اس کے بعد جو عدد بھی ہو وہ مکرر آتا ہے۔ بعض نے کہا ہے کہ الف، حروف تہجی بھی اسی سے ہے کیونکہ وہ مبدأ نظام بنتا ہے۔ اٰلَفْتُ الدَّرَاھِمَ میں نے درہموں کو ہزار کردیا جس طرح مَائَ یْتُ کے معنی ہیں : میں نے انہیں سو کردیا۔ اٰلَفَتْ وہ ہزار کو پہنچ گئے جیسے اَمَاَتْ سو تک پہنچ گئے۔
Words | Surah_No | Verse_No |
اَلَّفَ | سورة الأنفال(8) | 63 |
اَلَّفْتَ | سورة الأنفال(8) | 63 |
اَلْفًا | سورة الأنفال(8) | 65 |
اَلْفٌ | سورة الأنفال(8) | 66 |
اَلْفٍ | سورة الصافات(37) | 147 |
اَلْفَ | سورة البقرة(2) | 96 |
اَلْفَ | سورة العنكبوت(29) | 14 |
اَلْفَ | سورة السجدة(32) | 5 |
اَلْفَ | سورة المعارج(70) | 4 |
اَلْفَيْنِ | سورة الأنفال(8) | 66 |
اَلْفِ | سورة القدر(97) | 3 |
اُلُوْفٌ | سورة البقرة(2) | 243 |
اٖلٰفِهِمْ | سورة قريش(106) | 2 |
اٰلٰفٍ | سورة آل عمران(3) | 124 |
اٰلٰفٍ | سورة آل عمران(3) | 125 |
بِاَلْفٍ | سورة الأنفال(8) | 9 |
فَاَلَّفَ | سورة آل عمران(3) | 103 |
كَاَلْفِ | سورة الحج(22) | 47 |
لِاِيْلٰفِ | سورة قريش(106) | 1 |
وَالْمُؤَلَّفَةِ | سورة التوبة(9) | 60 |
وَاَلَّفَ | سورة الأنفال(8) | 63 |
يُؤَلِّفُ | سورة النور(24) | 43 |