اَلْبَرک: اصل میں البَرک کے معنی اونٹ کے سینہ کے ہیں (جس پر وہ جم کر بیٹھ جاتا ہے) گو یہ دوسروں کے متعلق بھی استعمال ہوتا ہے اور اس کے سینہ کو بِرْکَۃ کہا جاتا ہے۔ بَرَاکَ البَعِیْرُ کے معنی ہیں: اونٹ اپنے گھٹنے رکھ کر بیٹھ گیا پھر اس سے معنی لزوم کا اعتبار کرکے اِبْتَرَکُوْا فِی الْحَرَبِ کا محاورہ استعمال ہوتا ہے، جس کے معنی میدان جنگ میں ثابت قدم رہنے اور جم کر لڑنے کے ہیں۔ بُرَاکَائُ الْحَرْبِ وَبَرُوْکَائُ ھَا: سخت کارزار جہاں بہادری ہی ثابت قدم رہ سکتے ہوں۔ اِبْتَرکَت الدَّابَۃُ: چوپائے کا جم کر کھڑا ہوجانا بِرْکَۃٌ: حوض، پانی جمع کرنے کی جگہ۔ اَلْبَرَکَۃُ کے معنی کسے شے میں خیرالٰہی ثابت ہونا کے ہیں۔ قرآن پاک میں ہے۔ (لَفَتَحۡنَا عَلَیۡہِمۡ بَرَکٰتٍ مِّنَ السَّمَآءِ وَ الۡاَرۡضِ ) (۷:۹۶) تو ہم ان پر آسمان اور زمین کی برکات (کے دروازے) کھول دیتے۔ یہاں برکات سے مراد بارش کا پانی ہے اور چونکہ بارش کے پانی میں اس طرح خیر ثابت ہوتی ہے جس طرح کہ حوض میں پانی ٹھہر جاتا ہے اس لیے بارش کو بَرَکَاتٌ سے تعبیر کیا ہے۔ اَلْمُبَارَکُ: ہر وہ چیز جس میں خیروبرکت پائی جائے اور آیت کریمہ: (وَ ہٰذَا ذِکۡرٌ مُّبٰرَکٌ اَنۡزَلۡنٰہُ ) (۲۱:۵۰) اور یہ مبارک نصیحت ہے جسے ہم نے نازل فرمایا ہے۔ میں ذکر کو مبارک کہہ کر ان خیرات الٰہیہ پر تنبیہ کی ہے جو اس میں پائی جاتی ہیں۔ نیز فرمایا: (کِتٰبٌ اَنۡزَلۡنٰہُ اِلَیۡکَ مُبٰرَکٌ ) (۳۸:۲۹) (یہ) کتاب جو ہم نے تم پر نازل کی ہے مبارک ہے۔ اور آیت کریمہ: (وَّ جَعَلَنِیۡ مُبٰرَکًا) (۱۹:۳۱) کے معنی یہ ہیں کہ اﷲ نے مجھے خیروبرکت کا محل بنایا ہے۔ (اِنَّاۤ اَنۡزَلۡنٰہُ فِیۡ لَیۡلَۃٍ مُّبٰرَکَۃٍ ) (۴۴:۳) کہ ہم نے اس کو مبارک رات میں نازل فرمایا۔ (رَّبِّ اَنۡزِلۡنِیۡ مُنۡزَلًا مُّبٰرَکًا ) (۲۳:۲۹) یعنی اے پروردگار! ہمیںاس جگہ پر اتاریو جہاں خیر و برکت پائی جاتی ہو۔ اور آیت: (وَ نَزَّلۡنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً مُّبٰرَکًا ) (۵۰:۹) اور ہم نے آسمان سے برکت والا پانی اتارا۔ میں بارش کے پانی کو بابرکت قرار دیا چنانچہ اس کی برکت کو دوسرے مقام پر بیان کرتے ہوئے فرمایا: (اَلَمۡ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَسَلَکَہٗ یَنَابِیۡعَ فِی الۡاَرۡضِ ثُمَّ یُخۡرِجُ بِہٖ زَرۡعًا مُّخۡتَلِفًا اَلۡوَانُہٗ ) (۳۹:۲۱) کیا تم نے نہیں دیکھا کہ خدا آسمان سے پانی نازل کرتا پھر اس کو زمین میں چشمے بناکر جاری کرتا، پھر اس سے کھیتی اگاتا ہے جس کے طرح طرح کے رنگ ہوتے ہیں۔ (وَ اَنۡزَلۡنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءًۢ بِقَدَرٍ فَاَسۡکَنّٰہُ فِی الۡاَرۡضِ ) (۲۳:۱۸) اور ہم نے آسمان سے ایک اندازے کے ساتھ پانی نازل کیا پھر اس کو زمین میں ٹھہرا دیا۔ اور خیر الٰہی چونکہ غیر محسوس طریقہ پر صادر ہوتی ہے اور بیشمار طریقوں پر پائی جاتی ہے، اس لیے ہر اس چیز کو جس میں غیرمحسوس طور پر زیادتی محسوس ہو اسے مبارک (بابرکت) کہہ دیتے ہیں۔ اور حدیث میں جو مروی ہے۔ (1) (۲۷) لَا یَنْقُصُ مَالٌ مِّنْ صَدَقَۃٍ کہ صدقہ سے مال کم نہیں ہوتا۔ تو اس سے بھی اسی قسم کی طرف اشارہ فرمایا گیا ہے۔ ورنہ نقصان حسی کی نفی نہیں ہے، جیساکہ بعض ندنصیب لوگوں نے اعتراض کیا ہے کہ نقصان نہیں ہوتا تو ترازو سے تول کر دیھ لو اور آیت کریمہ: (تَبٰرَکَ الَّذِیۡ جَعَلَ فِی السَّمَآءِ بُرُوۡجًا ) (۲۵:۶۱) اور (خدا) برکت والا ہے، جس نے آسمانوں میں برج بنائے، میں ان نعمتوں پر تنبیہ کی ہے جو ان برجوں اور نیِّرَات کے ذریعہ ہم پر نازل ہوتی ہیں اور آیاتِ کریمہ: (فَتَبٰرَکَ اللّٰہُ اَحۡسَنُ الۡخٰلِقِیۡنَ ) (۲۳:۱۴) تو خدا جو سب سے بہتر بنانے والا ہے، بڑا بابرکت یہ۔ (تَبٰرَکَ الَّذِیۡ نَزَّلَ الۡفُرۡقَانَ ) (۲۵:۱) وہ (خدائے عزوجل) بہت ہی بابرکت ہے۔ (تَبٰرَکَ الَّذِیۡۤ اِنۡ شَآءَ جَعَلَ لَکَ خَیۡرًا مِّنۡ ذٰلِکَ جَنّٰتٍ ) (۲۵:۱۰) وہ (خدا) بہت بابرکت ہے جو اگر چاہے تو تمہارے لیے اس سے بہتر (چیزیں) بنادے۔ (فَتَبٰرَکَ اللّٰہُ رَبُّ الۡعٰلَمِیۡنَ ) (۴۰:۶۴) پس خدائے پروردگار عالم بہت ہی بابرکت ہے۔ (تَبٰرَکَ الَّذِیۡ بِیَدِہِ الۡمُلۡکُ ) (۶۷:۱) وہ (خدا) جس کے ہاتھ میں بادشاہی ہے بڑی برکت والا ہے۔ میں تنبیہ کی ہے کہ وہ تمام خیرات جن کو لفظ تبارک کے تحت ذکر کیا ہے، ذاتِ باری تعالیٰ ہی کے ساتھ مختص ہیں۔
Words | Surah_No | Verse_No |
الْمُبٰرَكَةِ | سورة القصص(28) | 30 |
بَرَكٰتٍ | سورة الأعراف(7) | 96 |
بُوْرِكَ | سورة النمل(27) | 8 |
بٰرَكْنَا | سورة الأعراف(7) | 137 |
بٰرَكْنَا | سورة بنی اسراءیل(17) | 1 |
بٰرَكْنَا | سورة الأنبياء(21) | 71 |
بٰرَكْنَا | سورة الأنبياء(21) | 81 |
بٰرَكْنَا | سورة سبأ(34) | 18 |
تَبٰرَكَ | سورة الأعراف(7) | 54 |
تَبٰرَكَ | سورة الفرقان(25) | 1 |
تَبٰرَكَ | سورة الفرقان(25) | 10 |
تَبٰرَكَ | سورة الفرقان(25) | 61 |
تَبٰرَكَ | سورة الرحمن(55) | 78 |
تَبٰرَكَ | سورة الملك(67) | 1 |
فَتَبٰرَكَ | سورة المؤمنون(23) | 14 |
فَتَبٰرَكَ | سورة مومن(40) | 64 |
مُبٰرَكًا | سورة آل عمران(3) | 96 |
مُبٰرَكًا | سورة مريم(19) | 31 |
مُبٰرَكٌ | سورة الأنعام(6) | 92 |
مُبٰرَكٌ | سورة الأنعام(6) | 155 |
مُبٰرَكٌ | سورة ص(38) | 29 |
مُبٰرَكَةً | سورة النور(24) | 61 |
مُّبٰرَكًا | سورة المؤمنون(23) | 29 |
مُّبٰرَكًا | سورة ق(50) | 9 |
مُّبٰرَكَةٍ | سورة الدخان(44) | 3 |
مُّبٰرَكٌ | سورة الأنبياء(21) | 50 |
مُّبٰرَكَةٍ | سورة النور(24) | 35 |
وَبَرَكٰتٍ | سورة هود(11) | 48 |
وَبَرَكٰتُهٗ | سورة هود(11) | 73 |
وَبٰرَكَ | سورة حم السجدہ(41) | 10 |
وَبٰرَكْنَا | سورة الصافات(37) | 113 |
وَتَبٰرَكَ | سورة الزخرف(43) | 85 |